Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: فیتہ کاٹ کر این سی پی نے بی جی پی اسپتال کا علامتی افتتاح کردیا

Updated: August 09, 2026, 12:57 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

عمارت تیار، عملہ بھی موجود، پھر عوام کے لئے اسپتال شروع کرنے میں تاخیر کیوں ؟: پروین پاٹل کا سوال۔

NCP (Ajit) workers symbolically inaugurating the hospital. Photo: INN
این سی پی(اجیت) کے کارکنان اسپتال کا علامتی طور پر افتتاح کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

یہاں منڈئی پر میونسپل کارپوریشن کا جدید بی جی پی( بائی گل بائی پیٹیٹ) اسپتال مکمل ہونے کے باوجود گزشتہ کئی ماہ سے افتتاح کے انتظار میں بند ہے۔ اسپتال کو فوری طور پر عوام کیلئے شروع کرنے کے مطالبے کے تعلق سے این سی پی (اجیت پوار) کے بھیونڈی شہر صدر پروین پاٹل کی قیادت میں کارکنوں نے اسپتال کے باہر احتجاج کیا اور دروازے پر فیتہ کاٹ کر علامتی افتتاح انجام دیا۔ 
اس موقع پر پروین پاٹل نے کہا کہ اسپتال کی عمارت مکمل ہے، ضروری طبی آلات اور دیگر سہولیات دستیاب ہیں اور عملے کی بھرتی بھی کی جا چکی ہے، اس کے باوجود شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کا آئی جی ایم سب ڈسٹرکٹ اسپتال ریاستی حکومت کے حوالے کئے جانے کے بعد شہر میں شہری انتظامیہ کے زیر انتظام صحت کی سہولت کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میونسپل اسکولوں میں ٹیچرزکی کمی،والدین بچوں کاداخلہ نجی اسکولوں میں کرانےپرمجبور

انہوں نے بتایا کہ تقریباً ۵؍ سال قبل پرانے بی جی پی دواخانے کو بند کرکے اسی مقام پر جدید اسپتال تعمیر کیا گیا تھا لیکن تعمیر مکمل ہونے کے بعد بھی اسے شروع نہیں کیا جاسکا۔ منتخب کارپوریٹروں اور میئر کے عہدہ سنبھالنے کے باوجود اسپتال کا بند رہنا انتظامی غفلت کا ثبوت ہے۔ پاٹل نے سوال اٹھایا کہ جب عمارت، طبی سازوسامان اور عملہ سب کچھ موجود ہے تو اسپتال کو عوام کے لئے کھولنے میں مزید تاخیر کیوں کی جارہی ہے۔ انہوں نے میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ رسمی کارروائی میں مزید وقت ضائع کئے بغیر اسپتال کا افتتاح کرکے فوری طور پر طبی خدمات شروع کی جائیں تاکہ شہریوں کو مقامی سطح پر بہتر علاج کی سہولت مل سکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK