Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: خطرناک عمارتوں کے نئے اسٹرکچرل آڈٹ کا حکم

Updated: August 08, 2026, 1:31 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

کلکٹرکوافسران کے سروے پر عدم اطمینان، غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔

Collector Shrikrishna Panchal interacting with senior officials. Photo: INN
کلکٹر شری کرشن پنچال اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھتبادلہ خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

گنگا رام واڑی میں کوہ نور عمارت کے سانحہ کے بعد شہری انتظامیہ نے خطرناک عمارتوں اور خستہ حال سڑکوں کے معاملے پر سخت رویہ اختیار کر لیا ہے۔ میونسپل کمشنر انمول ساگر کی تعطیل پر جانے سے ان کی جگہ عارضی طورپرکمشنر کا اضافی چارج سنبھال رہے کلکٹر شری کرشن پنچال نے گزشتہ روز منعقدہ اعلیٰ سطحی جائزہ  میٹنگ میں افسران کی سختی سے باز پرس کی۔ انہوں نے افسران کے سروے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے شہر کی سی-۱، سی-۲؍ اے اور سی-۲؍ بی زمرے کی تمام عمارتوں کا ازسرنو معائنہ اور تازہ اسٹرکچرل آڈٹ کرانے کا حکم  دیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ عمارتوں کی درجہ بندی میں کسی بھی افسر کی غفلت یا لاپروائی ثابت ہوئی تو اس کے خلاف سخت محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔سری کرشن پنچال نے کہا کہ کوہ نور عمارت کے معاملے نے عمارتوں کی درجہ بندی کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کئے ہیں، اس لئے ہر خطرناک عمارت کی دوبارہ جانچ کرکے جامع رپورٹ فوری پیش کی جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھئے: بیسٹ میں ۱۵۰۰؍ نئی الیکٹرک بسیں ۲۰۲۷ء تک شامل کرنے کا فیصلہ

میٹنگ میں شہر کی خستہ حال سڑکوں، گڑھوں اور بارش کے دوران بڑھتی ٹریفک کی دشواریوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت دی کہ دستیاب فنڈز سے فوری طور پر سڑکوں کی مرمت کا کام جاری رکھا جائے اور بجٹ کی کمی کو کام میں تاخیر کا سبب نہ بنایا جائے۔انہوں نے انجینئرنگ محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر رہنے کے بجائے خود موقع پر موجود رہ کر مرمتی کام کے معیار کی نگرانی کریں۔ مزید کہا کہ بارش کا زور کم ہوتے ہی اضافی افرادی قوت اور مشینری کے ذریعے مرمتی مہم تیز کی جائے، تاہم معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

کمشنر نے بھاری ٹریفک والی سڑکوں پر مرمتی کام کے دوران ٹریفک پولیس سے تال میل رکھنے اور اسکولی بسوں، آٹو رکشا اور دو پہیہ گاڑیوں کے زیادہ استعمال والے راستوں کو ترجیحی بنیادوں پر قابلِ آمدورفت بنانے کی بھی ہدایت دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر وٹھل ڈاکے، ڈپٹی کمشنر سپنا واسوا اور بالاکرشن  شیرساگر، سٹی انجینئر جمیل پٹیل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اجئے سابلے و دیگر اعلیٰ افسران شریک تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK