یہ بسیں ۴؍مراحل میں لائی جائیں گی۔بیسٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد فائل بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجی گئی ۔ ۲۸؍ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقم سے بیسٹ کی کایا پلٹ کابھی طویل مدتی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: August 08, 2026, 1:27 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Colaba
یہ بسیں ۴؍مراحل میں لائی جائیں گی۔بیسٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد فائل بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی میں بھیجی گئی ۔ ۲۸؍ہزار کروڑ روپے کی خطیر رقم سے بیسٹ کی کایا پلٹ کابھی طویل مدتی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
بیسٹ کے بیڑے میں ۲۰۲۷ءتک ۱۵۰۰؍ الیکٹرک میڈی بسیں شامل کرنے کی بیسٹ کمیٹی کی منظوری کے بعد بی ایم سی اسٹینڈنگ کمیٹی میں پاس کرانے کے لئے فائل بھیجی گئی ہے۔ اس کے بعد کابینہ کی منظوری حاصل کی جائے گی۔ نئی بسیں لانے کے ساتھ ۱۲۵؍نئے روٹ بھی شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔ فی الوقت بیسٹ کی ۲۸۰۰؍ بسیں شہر اور مضافات کے ۴۰۰؍ الگ الگ روٹ پر چلائی جاتی ہیں جبکہ مسافروں کی تعداد ۲۸؍ تا ۳۰؍ لاکھ ہے۔
بسوں کی تعداد بڑھانے سے یقیناً لاکھوں شہریوں کوفائدہ ہوگا، ان کاوقت بچے گا اور وہ طویل قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور نہیں ہوں گے مگر ابھی بسوں کی پہلی کھیپ لائےجانے کے لئے بھی شہریوں کو۶؍ ماہ کا انتظار کرنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ ۲۸؍ہزار کروڑ روپے کے خطیر بجٹ سے بیسٹ انتظامیہ کی جانب سے طویل مدتی منصوبہ بنایا گیا ہے جس کے ذریعے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ بیسٹ کی کایا پلٹ ہوجائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: میراروڈ: نیانگر کی خستہ حال عمارت کے خلاف انہدامی کارروائی
ان دعوؤں کے برعکس ابھی بیسٹ کی حالت یہ ہےکہ اس پرہزاروں کروڑ روپے قرض کا بوجھ ہے، اس سے چھٹکارا دلانے کی اشد ضرورت ہے۔ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے بیسٹ کو ہرماہ قرض حاصل کرنا پڑتا ہے۔ اس پر متعدد مرتبہ گفتگو کی جاچکی ہے لیکن کام آگے نہیںبڑھ سکا ہے، دیکھنا ہوگا کہ نئے منصوبے کا کیا ہوتا ہے اورکب تک اسے عملی جامہ پہنایا جاتا ہےاورشہری اس کا فائدہ حاصل کرتے ہیں۔
بیسٹ کمیٹی میںپاس کردہ تجاویز اور منصوبے ایک نظر میں
۱۵۰۰؍نئی میڈی بسیں ۴؍مراحل میں۲۰۲۷ء تک لائی جائیں گی۔ (۲) بیسٹ کا منصوبہ ہےکہ ۲۰۲۷ء تک بیسٹ کی بسیں ۱۰؍ ہزار تک کردی جائیں ۔اس کیلئے بیسٹ ٹرانسفارمیشن پروجیکٹ کومنظوری دی گئی ہے۔ (۳) ۱۵۰۰؍نئی بسیں دو الگ الگ کمپنیوں کو لانے کا ٹھیکہ دیاگیاہے۔ان میںایک کمپنی گرین سیل موبیلیٹی کو ۷۰؍فیصد جبکہ سائی گرین نامی کمپنی کو ۳۰؍ فیصد بسیں لانے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے ۔(۴)ان بسوں کو لانے کے لئے ریاستی حکومت نے ۳۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کوہی منظوری دے دی ہے۔ (۵) نئی بسیں لانے کے بعد روٹ بڑھ کر ۵۲۵؍ ہوجائیںگے۔ بسیں اور روٹ بڑھانے سے ریلوے ،میٹرو ، مونوریل اور دیگر ذرائع سفر کا رابطہ مزید مربوط ہوگا۔