Updated: March 31, 2026, 1:06 PM IST
| Mumbai
خلیجی ممالک میں جاری جنگ کے اثرات اب مقامی سطح پر بھی محسوس کئے جا رہے ہیں جس کے باعث بھیونڈی شہر میں چھوٹے کمرشیل (۵؍کلو) گیس سلنڈروں کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کا سب سے زیادہ اثر یہاں کے مہاجر مزدور طبقے پر پڑا ہے۔
سلنڈر کےلئے لوگ رات سے ہی ایجنسی کے باہر لائن لگائے ہوئے دیکھے جا سکتے ہیں- تصویر:آئی این این
خلیجی ممالک میں جاری جنگ کے اثرات اب مقامی سطح پر بھی محسوس کئے جا رہے ہیں جس کے باعث بھیونڈی شہر میں چھوٹے کمرشیل (۵؍کلو) گیس سلنڈروں کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ اس صورتحال کا سب سے زیادہ اثر یہاں کے مہاجر مزدور طبقے پر پڑا ہے، جو بڑی تعداد میں انہی سلنڈروں پر انحصار کرتے ہیں۔
شہر کو مزدوروں کا گڑھ کہا جاتا ہے، جہاں ہزاروں مزدور روزمرہ زندگی کے لئے چھوٹے گیس سلنڈروں پر منحصر ہیں۔ تاہم موجودہ قلت کے باعث انہیں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گیس ایجنسیوں پر روزانہ صرف ۴۰؍ سے ۵۰؍ سلنڈر ہی دستیاب ہو رہے ہیں، جس کی وجہ سے ’پہلے آؤ، پہلے پاؤ‘جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔حالات اس قدر سنگین ہو چکے ہیں کہ مزدور آدھی رات سے ہی قطاروں میں لگ جاتے ہیں۔ کئی افراد اپنی باری محفوظ رکھنے کے لئے وہیں زمین پر سو کر رات گزارتے ہیں۔ صبح ہوتے ہوتے ایجنسیوں کے باہر بھیڑ بڑھ جاتی ہے، لیکن محدود سپلائی کے باعث متعدد افراد کو خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا ہے۔
گزشتہ ۳؍ سے ۴؍ دنوں سے مسلسل قطار میں کھڑے رہنے کے باوجود سلنڈر نہ ملنے پر مزدوروں میں بے چینی اور ناراضگی بڑھتی جا رہی ہے۔ گیس کی قلت کے باعث کھانا پکانا مشکل ہو گیا ہےجبکہ ہوٹل یا دیگر متبادل ذرائع مہنگے ثابت ہو رہے ہیں، جس سے ان کی روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
اس حوالے سے سدھی ونائک گیس ایجنسی کے ذمہ دار ساگر کامورتی نے بتایا کہ ۱۹؍ کلو کے کمرشل سلنڈروں کی سپلائی بھی محدود ہے جبکہ ۵؍ کلو کے سلنڈر بنیادی طور پر گھریلو استعمال کے لئے ہوتے ہیں لیکن ان کی فراہمی بھی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب صارفین سے آدھار کارڈ اور موبائل نمبر کے ساتھ فارم بھروایا جا رہا ہے تاکہ گیس کے درست استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سنیچر کے دن صرف ۱۲۰؍ سلنڈروں کا اسٹاک آیا تھا جبکہ ۴۰۰؍سے ۵۰۰؍ا فراد قطار میں موجود تھے، جس کے باعث کئی لوگوں کو سمجھا کر واپس بھیجنا پڑا۔مزدوروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چھوٹے کمرشیل ۵؍کلو گیس سلنڈروں کی سپلائی میں فوری اضافہ کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔
چھوٹے سلنڈر کے بارے میں!
چھوٹے کمرشیل سلنڈر میں۵؍کلو گرام گیس دستیاب ہوتی ہے ۔ استعمال کے بعد اسے واپس کرنا لازمی نہیں ہوتا بلکہ ایجنسی میں جاکر اسے ’ری فل ‘ کر لیا جاتا ہے۔یہ ایسا سلنڈر ہوتا ہے جو عارضی اور فوری استعمال کے لئے فراہم کیا جاتا ہے۔ اس کے حصول کیلئے مستقل گیس کنکشن یا سیکوریٹی ڈپازٹ کی ضرورت نہیں ہوتی، جس کی وجہ سے یہ چھوٹے کاروباری لوگ اور عارضی استعمال کرنے والوں کیلئے آسان سہولت بن جاتا ہے۔ یہ مہاجر مزدوروں، اسٹالز، میلوں اور سفر کے دوران زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، جہاں مستقل گیس کنکشن لینا ممکن نہیں ہوتا۔یہ سلنڈر مہاجر مزدور ملک کے کسی بھی شہر سے خرید کر کسی بھی دوسرے شہر میں جا کر بغیر کسی کارڈ اور کنکشن کے پیسے دے کر ری فل کرواسکتے ہیں۔