۵۶؍مقامات پر مہم، پہلے ہی دن ۳۰؍ ہزار دستخط کا دعویٰ، لاکھوں ووٹروں کے دستخط والا میمورنڈم گورنر کو سونپنے کا اعلان۔
EPAPER
Updated: October 03, 2026, 11:32 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Ulhasnagar
۵۶؍مقامات پر مہم، پہلے ہی دن ۳۰؍ ہزار دستخط کا دعویٰ، لاکھوں ووٹروں کے دستخط والا میمورنڈم گورنر کو سونپنے کا اعلان۔
یہاں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کے مطالبے کو لے کر جمعہ سے دستخطی مہم شروع کی گئی۔ مشرقی حلقہ کے رکن اسمبلی رئیس شیخ کی قیادت میں شروع کی گئی اس مہم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں میں ۵۶؍مقامات پر ووٹروں سے دستخط لئے جا رہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق مہم کے پہلے ہی دن تقریباً ۳۰؍ہزار ووٹروں نے دستخط کئے۔جمعہ کی نماز کے بعد شروع ہونے والی اس مہم کے دوران مردوں اور خواتین کے لئے الگ الگ دستخطی مراکز قائم کئے گئے تھے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ پہلے دن ہی بڑی تعداد میں لوگوں نے مہم میں حصہ لیا۔ دستخطی مہم آئندہ ایک ہفتے تک شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔رکن اسمبلی رئیس شیخ نے کہا کہ مہم کے اختتام پر لاکھوں ووٹروں کے دستخط والا میمورنڈم تیار کیا جائے گا۔ سماج وادی پارٹی کا ایک وفد مہاراشٹر کے گورنر جیشنو دیو ورما سے ملاقات کرکے یہ میمورنڈم پیش کرے گا اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ رئیس شیخ نے ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کو بھی دستخطی مہم کی اہم وجہ قرار دیا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ ملک بھر میں تقریباً ۱۲؍ کروڑ ووٹروں کے نام حذف کئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سی جے پی کے جیل بھروآندو لن میں نوجوانوں کا جم غفیر
انہوں نے ای آر او نیٹ پر ناموں میں تبدیلی اور نام حذف کئے جانے کے عمل میں بھی مبینہ گڑبڑی کا الزام عائد کیا۔انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ ۱۰؍ماہ کے دوران ۲؍ الیکشن کمشنروں نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے طریقۂ کار پر ۱۴؍مرتبہ اعتراضات درج کرائے ہیں۔ رئیس شیخ نے گیانیش کمار پر حکمراں بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
دستخطی مہم کی نگرانی کرنے والی احتساب فاؤنڈیشن کے ابرار انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ یہ مہم تقریباً ایک ہفتے تک شہر کے مختلف علاقوں میں جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران زیادہ سے زیادہ شہریوں کو مہم سے جوڑنے کی کوشش کی جائے گی اور لاکھوں شہریوں کے دستخط جمع ہونے کے بعد میمورنڈم گورنر کو پیش کرکے چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا جائے گا۔