Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی: ایس ٹی ڈپو تالاب میں تبدیل!

Updated: August 26, 2026, 10:58 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مسافروں کو سخت دشواریوں کا سامنا، گندے پانی اور کیچڑ سے گزرنے پر مجبور۔

There is also a risk of disease spreading due to water accumulation at the Bhiwandi ST depot. Picture: INN
بھیونڈی کے ایس ٹی ڈپومیں پانی جمع ہونے سے بیماری پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ تصویر: آئی این این

یہاں مسلسل بارش اور برسوں سے پانی کی نکاسی کے ناقص نظام نے ایس ٹی ڈپو کو تالاب میں تبدیل کردیا ہے۔ تقریباً ۶۵؍سالہ خستہ حال عمارت، بند نالیاں اور جگہ جگہ جمع کچرے نے صورتحال کو مزید سنگین بنادیا ہے۔ روزانہ ہزاروں مسافر گندے پانی اور کیچڑ سے گزرتے ہوئے بسوں تک پہنچنے پر مجبور ہیں جبکہ جمع پانی سے مچھروں کی افزائش اور بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھتا جارہا ہے۔ ایسے میں مسافروں کا سوال ہے کہ جب ڈپو کی تعمیر نو میں وقت لگے گا تو اس دوران نکاسیٔ آب اور صفائی کا مسئلہ آخر کب اور کیسے حل ہوگا؟

یہ بھی پڑھئے: مراٹھی سیکھنے کا نظم دوبارہ ہوگا لیکن مدت میں توسیع نہیں

بارش شروع ہوتے ہی ڈپو کا بڑا حصہ پانی میں ڈوب جاتا ہے۔ مانسون کے آغاز سے ہی صورتحال مسلسل سنگین بنی ہوئی ہے۔ پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مسافروں کو گندگی اور کیچڑ کے درمیان سے گزرنا پڑتا ہے۔ اسکولی بچوں، خواتین، بزرگوں اور روزانہ سفر کرنے والے ملازمین کو سب سے زیادہ دشواری پیش آتی ہے۔ صورتحال اس وقت مزید خراب ہوجاتی ہے جب بسیں اور دیگر گاڑیاں پانی سے گزرتی ہیں اور گندا پانی پیدل چلنے والے مسافروں پر پڑتا ہے۔ دستیاب معلومات کے مطابق بھیونڈی ڈپو سے روزانہ تقریباً ۸۰؍بسیں کلیان اور ۵۰؍بسیں تھانے کیلئے روانہ ہوتی ہیں جبکہ بوریولی کیلئے صرف ایک بس چلائی جاتی ہے۔ اسی طرح مختلف زمروں کی تقریباً ۶۶؍بسیں ڈپو سے منسلک ہیں۔ اس اہم عوامی مرکز کی موجودہ بدحالی نے مسافروں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اسمبلی میں عوام کے سوالات پوچھنے میں ۷۲؍ فیصد کمی

مقامی شہری تاج خان نے کہا کہ ڈپو کی تعمیر نو ضروری ہے لیکن تعمیر کے نام پر ہزاروں مسافروں کو گندگی، پانی اور مچھروں کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کو فوری تال میل کے ساتھ عارضی نکاسیٔ آب کا انتظام کرنا چاہیے، بند نالیوں کی صفائی کرانی چاہیے اور ڈپو میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا چاہیے۔ دوا ساز کمپنی میں کام کرنے والے عامر اعظمی نے بتایا کہ مانسون میں ڈپو کی صورتحال انتہائی خراب ہوجاتی ہے۔ مسافروں کو گندے پانی سے گزرنا پڑتا ہے اور گاڑیوں کے گزرنے پر یہی گندا پانی اکثر ان کے کپڑے خراب کردیتا ہے۔ 

ڈپو منیجر کی وضاحت

ذرائع کے مطابق پہلے ڈرائیور اور کنڈکٹر رات کے وقت ڈپو میں قیام کرتے تھے لیکن خستہ حال عمارت، ناقص صفائی اور بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث اب ملازمین بھی وہاں رات گزارنے سے گریز کررہے ہیں۔بھیونڈی ایس ٹی ڈپو کے منیجر کیشو مہاجن نے بتایا کہ خستہ حال عمارت کو منہدم کرکے نئی عمارت تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے، اس لئے موجودہ صورتحال میں نکاسیٔ آب کے نظام کی مستقل مرمت ممکن نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK