Inquilab Logo

بھیونڈی :’سوچھتا مہم‘ بینرس ، پوسٹرس اورفوٹوسیشن تک محدود

Updated: January 20, 2021, 11:03 AM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

شہر میں صاف صفائی کے فقدان اور گندگی کےانبار سے شہریوں میں تشویش۔وزیر صحت اور میونسپل کمشنر سے شکایت

Bhiwandi Hafiz Nagar
بھیونڈی کے حافظ نگر میں گٹر سے کوڑا کرکٹ نکال کر سڑک پر ڈال دیا گیا ہے۔

یہاں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے کروڑوں روپے خرچ کرکے جاری’ سوچھتا مہم‘ صرف بینرز، پوسٹرس اور فوٹو سیشن بن کر رہ گیا ہے۔شہر کے بیشتر علاقوں میں گندگی کاانبار شہریوں کی صحت کا دشمن بنا ہواہے لیکن وبائی امراض کے اس دور میں بھی کارپوریشن انتظامیہ لاپروا بنا ہوا ہے۔ اس وجہ سے شہریوں میں تشویش اور خوف کا ماحول ہے۔شہریوں نے محکمہ صاف صفائی سے شہر میں حقیقی صفائی مہم کے ساتھ جراثیم کش اودیات کے چھڑکاؤ کا مطالبہ کیا ہے۔
 واضح رہےکہ شہر میں ۲۵؍دسمبر سے سوچھتا مہم جاری ہےجس کے تحت پورے شہر میں صاف صفائی کے بلند بانگ دعوے کئے جارہے ہیں۔ مہم کے تحت شہر میں صاف صفائی کرکے جراثیم کش اودیات کا چھڑکاؤ کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہےلیکن شہر میں آج بھی صورت حال پہلے جیسی ہی ہے۔ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ، گلیاں ،ان پر بہتے چھلکتے گٹر ، نالیاں اور صاف صفائی میں شدیدلاپرواہی کے سبب شدید تعفن اور طرح طرح کی بیماریاں پھیل رہی ہیں۔نیز راہگیروں کو تعفن کے سبب چلنا دشوار ہوگیا ہے۔
 حافظ نگراور اطراف کے کئی علاقوں میں  رہائش پذیر شہریوں نے بتایا کہ ان کے علاقے میں ان دنوں صفائی اہلکار سرے سے غائب ہیں۔مطیع اللہ انصاری ، ارشاد جے ڈی اور دوسرے شہریوں نے بتایا کہ حافظ نگر کی گٹر سے ڈھیر سارا کچرا نکال کر اسے یوں ہی سڑک پر پھینک دیا گیا ہے۔اس کے سبب تقریبا ًپوری سڑک گندگی سے بھری پڑی ہے لیکن ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد بھی گندگی وہاں سے اُٹھائی نہیں گئی ہے۔ علاقے میں کچروں کو روزانہ اُٹھانے میں بھی شدید لاپرواہی کی جارہی ہےجس کے سبب پورے علاقے میں تعفن پھیلا ہوا ہے اور لوگ بیماریوں کے شکار ہو رہے ہیں۔برڈ فلو اور کورونا کی وبائی بیماریوں کے وقت بھی اس طرح کی لاپرواہی سے شہریوں میں کارپوریشن اور کارپوریٹروں   کے تئیں شدید اضطراب پھیلا ہوا ہے۔
 پربھاگ سمیتی۴؍کے صفائی انچارج سدھارتھ سوناؤنے  انقلاب کو بتایاکہ انہیں حافظ نگرمیں پڑے کچرے کے بارے میں آج ہی مقامی کارپوریٹر نے خبر دی ہے کل ہی وہاں صفائی کروادی جائے گی۔  

   اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن نے’ سوچھتا مہم‘ کومحض  دکھاوا اور فوٹو سیشن قراردیا

 اسٹینڈنگ کمیٹی کے رکن کارپوریٹر ارون راؤت نے سوچھتا مہم کو محض دکھاوااور فوٹو سیشن قراردیتے ہوئے ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیاسے اس کی تحریری شکایت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ۲۵؍ دسمبر کو صبح۱۰؍ بجے سے سوچھتا مہم کا انعقاد ایس ٹی اسٹینڈ سے گائتری نگر تک کیا گیاتھا۔ افتتاح کیلئے عوامی نمائندوں کے علاوہ کارپوریشن کے محکمہ صحت، آب رسانی، محکمہ تعمیرات عامہ، بجلی، باغبانی  و دیگر محکموں کے ساتھ ہی دیگر سبھی اہم محکموں کے افسران اور اہلکاروں کو مدعو کرکے اس کے بہترین انداز سے افتتاح کرنے کا منصوبہ تھا لیکن مذکورہ تقریب میں محکمہ حفظان صحت کے علاوہ کسی بھی محکمہ کا کوئی افسر یااہلکار موجود نہیں تھا۔انہوں نے  الزام  عائد کیاکہ اس تقریب کی تشہیر تو خوب کی گئی لیکن پروگرام کے تئیں محکمہ صحت خود لاعلم تھا اوران کے پاس سوچھتا کیلئے کوئی جامع منصوبہ ہی نہیں تھا۔یہاں تک کہ اس صفائی مہم میں افسران اور اہلکار صفائی کرنے کے بجائے گروپ بنا کر’ زبانی صاف صفائی ‘اور گپ شپ کرنے میں مشغول تھے۔ حد تویہ ہے کہ فوٹو سیشن کے بعد جب سوچھتا مہم کی باقاعدہ شروعات کی گئی تو ۷۵؍ فیصد اہلکار وہاں سے غائب ہوگئے تھے۔انہوں نے   ریاستی وزیر برائے صحت راجیش ٹوپے اور میونسپل کمشنر ڈاکٹر پنکج آشیاسے سوچھتا مہم کو صرف بینرز، پوسٹرز اور فوٹو سیشن تک محدود کردینے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK