Inquilab Logo

مسلمان پھر وزیراعظم کے نشانہ پر، ریزرویشن کا موضوع چھیڑا

Updated: April 25, 2024, 10:47 AM IST | Ambikapur

کانگریس کو’’ووٹوں  کی بھوکی‘‘قرار دیتے ہوئے متنبہ کیا کہ وہ مذہب کی بنیاد پر ۱۵؍فیصد ریزرویشن دینے کا ارادہ رکھتی ہے، وراثتی ٹیکس کا بھی الزام لگایا۔

Prime Minister Modi addressed several rallies in Madhya Pradesh and Chhattisgarh. Photo: PTI.
وزیراعظم مودی نے مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں متعدد ریلیوں سے خطاب کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

وزیراعظم مودی نے بدھ کو پھر کانگریس کے خلاف اکثریتی فرقہ کے ووٹروں  کو متنبہ کرتے ہوئے نام لئے بغیر مسلمانوں  کو نشانہ بنایااور الزام لگایا کہ کانگریس مذہب کی بنیاد پر ۱۵؍ فیصد ریزرویشن نافذ کرنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ بی جےپی سیکولر پارٹیوں پر مسلمانوں  کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے ’’ووٹ بینک کی سیاست‘‘ کا الزام عائد کرتی رہتی ہے۔ 
آئین کا احترام نہ کرنے کا الزام
کانگریس کے اس الزام کے جواب میں  کہ اگر تیسری بار اقتدار میں  آئے تومودی ملک کے آئین کو بدل دیں گے، وزیراعظم مودی نے دلتوں  اور پسماندہ طبقات کو رام کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ جب ملک کا آئین بن رہاتھا توبابا صاحب کی قیادت میں  یہ طے ہواتھا کہ ملک میں  مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن نہیں  ہوگا۔ چھتیس گڑھ میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ’’یہ طے ہوا تھا کہ اگر ریرویشن ہوگا تو وہ دلت بھائی بہنوں  اور قبائلی بھائی بہنوں  کیلئے ہوگا۔ مگر ووٹ بینک کی بھوکی کانگریس نے عظیم لیڈروں  کی باتوں  کا کبھی احترام نہیں  کیا، نہ آئین کے تقدس کا خیال رکھا نہ بابا صاحب کی باتوں  کا۔ ‘‘
دلتوں کا اُکسانے کی کوشش
انہوں نے ایک طرح سے دلتوں  کو مسلمانوں کے خلاف اُکساتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس نے آندھرا پردیش میں  مذہب کی بنیاد پر ریزرویشن دینے کی کوشش کی اور اس کا منصوبہ اسے پورے ملک میں  نافذ کرنے کا ہے۔ ‘‘وزیراعظم نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ دلتوں اور او بی سی طبقات کو متنبہ کیا کہ وہ لوگ مذہب کی بنیاد پر ۱۵؍ فیصد ریزرویشن کی بات کرتے ہیں، یہ ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کا کوٹہ کم کرکے ہی کیا جائےگا۔ 
’کانگریسی منشور پرمسلم لیگ کی چھاپ‘
وزیراعظم مودی نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ کانگریس کے منشور پر مسلم لیگ کی چھاپ ہے۔ انہوں  نے الزام لگایا کہ کچھ طاقتیں  ہندوستان میں  کانگریس کی ’’کمزور‘‘ حکومت چاہتی ہے کیوں  کہ اگر ہندوستان ’’خود کفیل ‘‘ہوگیاتو ان کی دکانیں  بند ہوجائیں گی۔ 
کانگریس پر ’وراثتی ٹیکس‘ کا الزام
وزیراعظم مودی نے الزام لگایا کہ کانگریس عوام کو ان کے باپ دادا کی وراثت سے بھی محروم کردینا چاہتی ہے۔ 
اورسیز کانگریس کے لیڈر سیم پترودا کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم مودی نے کہا کہ کانگریس کے’’شہزادے‘‘ کے ایک مشیر نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ’’وراثتی ٹیکس‘‘ لگنا چاہیے، یعنی جو کچھ آپ کے دادا نانا نے بچایا ہے اور جو کچھ آپ کو ان کے مرنے کے بعد ملے گا، اس میں سے آدھا کانگریس حکومت ہڑپنا چاہتی ہے۔ انہوں نے وہاں موجود ہجوم سے پوچھا کہ آپ کے والدین نے جو کچھ چھوڑا ہے، اس پر آپ کا حق ہے یا نہیں۔ 
بھوپال میں مودی کا روڈ شو
اس بیچ وزیر اعظم نے بھوپال میں  روڈ شو کرکے بھی ووٹروں  کو بی جےپی کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی۔ انہوں   نے بھوپال کے نیومارکیٹ علاقے میں ایک کھلی گاڑی میں ہاتھ میں کمل کا پھول لے کر سفر کیا۔ ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، بی جےپی کے ریاستی صدر وشنودت شرما اور بھوپال پارلیمانی حلقے کے امیدوار آلوک شرما بھی گاڑی میں سوار تھے۔ الزام ہے کہ پہلے مرحلے میں  کم پولنگ اور ووٹروں   کے جوش و خروش میں کمی کے بعد بی جےپی کے شکست کے امکانات کی وجہ سے وزیراعظم مودی فرقہ واریت کا سہارا لے رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK