Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی سانحہ: عمارت کے مالک اور پلر کی مرمت کرنے والے ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ

Updated: August 02, 2026, 11:19 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

بلڈنگ کے مالک بلال احمد ابوبکر خان اور عمارت کے ستونوں کی مرمت کا کام کرنے والے ٹھیکیدار اشوک کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

یہاں گنگارام واڑی میں واقع کوہِ نور اپارٹمنٹ سانحہ کے معاملے میں بھیونڈی پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے عمارت کے مالک اور پلر کی مرمت کا کام انجام دینے والے ٹھیکیدار کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بغیر کسی قانونی اجازت کے غیر معیاری تعمیرات اور غیر قانونی طور پر مرمتی کام انجام دینے کے نتیجے میں پیش آئے المناک حادثے کے تناظر میں یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ 
پولیس کے مطابق بلڈنگ کے مالک بلال احمد ابوبکر خان اور عمارت کے پلروں کی مرمت کا کام کرنے والے ٹھیکیدار اشوک کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ دونوں کے خلاف بی این ایس کی دفعات۱۰۵، ۱۲۵؍(الف) اور۱۲۵؍(ب) کے علاوہ مہاراشٹر ریجنل اینڈ ٹاؤن پلاننگ ( ایم آر ٹی پی ) ایکٹ کی دفعات۵۲؍ اور۵۳؍ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی شکایت بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن کے شعبۂ غیر قانونی تعمیرات کے انچارج اسسٹنٹ میونسپل کمشنر فیصل عبد القیوم تاتلی (۵۱) نے درج کرائی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کے بعد ۱۷؍ اگست کو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی جائےگی

شکایت میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ متعلقہ حکام سے لازمی اجازت حاصل کئے بغیر عمارت میں تعمیراتی اور مرمتی کام انجام دیا گیا جو قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ کوہِ نور اپارٹمنٹ کا ایک حصہ منہدم ہونے کے بعد سانحہ میں۱۰؍ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جس کے بعد تعمیراتی بے ضابطگیوں، غیر قانونی مرمت اور ذمہ داران کے کردار کی جانچ شروع کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران سامنے آنے والے شواہد کی بنیاد پر مزید افراد کے خلاف بھی کارروائی سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK