نئے ووٹر درخواست دے سکیں گے ۔
EPAPER
Updated: July 30, 2026, 12:51 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
نئے ووٹر درخواست دے سکیں گے ۔
’ایس آئی آر‘ کیلئے انومریشن فارم ۸؍ اگست تک جمع کرنے کی مہلت دی گئی ہے۔شہریوں کو علم نہیں ہے کہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ کب جاری کی جائے گی تاکہ انہیں معلوم ہو سکے کہ ان کا نام ایس آئی آر ہونے کےبعد والی ووٹر لسٹ میں شامل ہے یا نہیں۔ لہٰذا مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہےکہ ۱۷؍اگست ۲۰۲۶ء کو ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کی جائے گی۔۱۷؍اگست سے ۱۶؍ ستمبر ۲۰۲۶ءتک شہریوں کو اپنے اعتراضات اور دعوےداخل کرنےکا موقع دیا جائے گا اور ۱۷؍ اگست سے ہی نئے اہل افراد ووٹرلسٹ میں اپنا نام درج کرانے اور اسی طرح ووٹر لسٹ میں درج تفصیل کو درست کرنے کیلئے درخواست دے سکیں گے۔ یہ اطلاع مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: برتھ سرٹیفکیٹ کا مسئلہ ۱۵؍ روز میں حل نہ کرنے پر عدالت سے رجوع ہونے کا انتباہ
چیف الیکٹورل آفیسرکے دفتر سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست مہاراشٹر میںاسپیشل انٹنسیو ریویژن (ایس آئی آر)جاری ہے اور اس کے مطابق موجودہ ووٹر لسٹ میں شامل ووٹرس کو۸؍ اگست ۲۰۲۶ءتک انومریشن فارم پُر کرنا ہوگا اور متعلقہ بوتھ لیول آفیسر(بی ایل او) کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ جن ووٹروں کے انومریشن فارم قبول کئے جائیں گے، ان کا نام ۱۷؍ اگست ۲۰۲۶ءکو شائع ہونے والی ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں شامل کیا جائے گا۔ مزید کہا گیا ہے کہ وہ اہل رائے دہندگان جن کے نام مذکورہ ڈرافٹ ووٹر لسٹ میں نہیں پائے گئے یا جو نئے ووٹرس ہیں، وہ ۱۷؍ اگست سے ۱۶؍ ستمبر ۲۰۲۶ء تک انتخابی فہرست میں نام شامل کرنے کیلئے فارم ۶؍ ضروری دستاویزات کے ساتھ پُر کر سکیں گے۔ مذکورہ درخواست کی تصدیق الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر کرے گا اور اہل ووٹرس کے نام حتمی انتخابی فہرست میں شامل کئے جائیں گے۔اس ایک ماہ کی مدت (دعوے اور اعتراضات کی مدت) کے دوران متعلقہ ووٹرس انتخابی فہرست میں اپنا نام شامل کرنے یا اندراجات میں تصحیح کرنے کیلئے بالترتیب فارم ۶؍ اور ۸؍ بھر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے سول سپر اسپیشلیٹی اسپتال کا کام تیزی سے مکمل کیا جائے: ایکناتھ شندے
متعلقہ حلقے کا کوئی بھی ووٹر مذکورہ فہرست میں کسی بھی اندراج کو خارج کرنے کیلئے فارم ۷؍ بھر کر اپنا اعتراض داخل کر سکتا ہے۔ عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۵۰ء کے سیکشن۳۱؍کے مطابق اگر ووٹر لسٹ میں نام کی شمولیت، تصحیح یا اخراج کیلئے درخواست دیتے وقت کوئی جھوٹی معلومات دی جاتی ہے تو متعلقہ شخص کو ایک سال قید یا جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔اس کے علاوہ عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۵۰ء کے سیکشن۲۲ ؍اور ۲۳؍ کی دفعات کے مطابق حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کے بعد بھی انتخابی فہرست میں اندراج کو درست کیا جا سکتا ہے یا نام شامل کیا جا سکتا ہے۔
چیف الیکٹورل آفیسر کے بقول تمام شہری نوٹ کریں کہ حتمی انتخابی فہرست کی اشاعت کے بعد بھی ایک اہل شخص انتخابی فہرست میں اپنا نام شامل کرنے کیلئے مقررہ فارم نمبر۶؍ کی درخواست دے سکتا ہے۔ ووٹر لسٹ میں تصحیح ایک مسلسل اپ ڈیٹ کرنے کا عمل ہے اور سیکشن (۳)۲۳؍ کے مطابق اس طرح کی تصحیح کسی بھی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تک کی جا سکتی ہے۔