آمنے نوڈ کو ممبئی کے بی کے سی اور نوئیڈا کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ۔ مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
EPAPER
Updated: September 19, 2025, 6:51 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
آمنے نوڈ کو ممبئی کے بی کے سی اور نوئیڈا کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ۔ مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔
ممبئی-ناگپور سمرُدھی مہامارگ پر پہلا انٹرچینج بھیونڈی تعلقہ کے آمنے گاؤں میں قائم ہے۔ اس آمنے نوڈ کو حکومت نے ممبئی کے بی کے سی اور نوئیڈا کے طرز پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ آئندہ برسوں میں ایک بڑے صنعتی علاقے کے طور پر اُبھرے گا۔ ممبئی کے قریب ہونے کے سبب تھانہ ضلع کے ایک اہم تجارتی مرکز کے طور پر اس کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔
سمرُدھی مہامارگ کا پہلا ٹول ناکہ بھی آمنے میں واقع ہے۔ اس شاہراہ کے ذریعے ناگپور تک ۸ ؍گھنٹوں میں، دہلی تک ۱۲ ؍گھنٹوں میں اور جے این پی ٹی علی باغ تک صرف ۲ ؍گھنٹوں میں رسائی ممکن ہوگی۔ آمنے انٹرچینج اس طرح بنایا گیا ہے کہ گاڑیاں اپنی رفتار کم کئے بغیر لین تبدیل کرسکیں، اسی لئے حکومت نے اس علاقے کو ’آمنے نوڈ‘ کے نام سے صنعتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ مستقبل میں ممبئی اور اطراف کے صنعتکار یہاں اپنے کارخانے قائم کرسکیں اور ممبئی کی صنعتی مصنوعات کو دہلی، ناگپور اور جے این پی ٹی پورٹ تک کم وقت میں پہنچایا جا سکے۔ سمرُدھی مہامارگ کے کنارے کئی صنعتی زون بنائے جائیں گے لیکن ممبئی کے نزدیک ہونے کی وجہ سے آمنے نوڈ کو زیادہ اہمیت دی گئی ہے۔ اس شاہراہ سے جے این پی ٹی سے احمدآباد جانے کے لئے بھی ایک نیا متبادل راستہ فراہم ہوگا۔ تھانے، رائے گڑھ اور پال گھر اضلاع کو بھی آمنے نوڈ سے جوڑا جائے گا، جس سے ضلع کی صنعتی و معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کو بھیونڈی تعلقہ کے گاؤں کے لئے خصوصی منصوبہ بندی اتھاریٹی کے طور پر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے تحت بھیونڈی تعلقہ کے ۳۲ ؍اور کلیان تعلقہ کے ۱۴ ؍سمیت کل ۴۶ ؍گاؤں شامل کئے گئے ہیں۔ آمنے نوڈ ۱۰۷۹۱ ؍ہیکٹر رقبے پر مشتمل ہوگا، جہاں صنعتی پارک، لاجسٹک ہب، فوڈ پروسیسنگ پارک اور جدید اسٹیڈیم جیسے ترقیاتی منصوبے تجویز کئے گئے ہیں۔ اس سے مقامی نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔