Inquilab Logo

بہار: طوفانی بارش سے متاثر اضلا ع کا فضائی معائنہ، امداد کا وعدہ

Updated: October 06, 2021, 10:53 AM IST | Agency | Patna

نتیش نے ویشالی ، مظفر پور ، سیتامڑھی ، مشرقی چمپارن ، گوپال گنج اور سارن اضلاع کا فضائی معائنہ کیا ،بارش اور سیلاب کی صورتحال کاجائزہ لیا

Chief Minister Nitish Kumar inspecting the air.Picture:INN
وزیر اعلیٰ نتیش کمار فضائی معائنہ کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارنے منگل کو ویشالی ،مظفر پور ، سیتا مڑھی ، شیوہر، مشرقی چمپارن ،گوپال گنج اورسارن ضلع کے  طوفانی بارش سے متاثر علاقوں کا فضائی جائزہ لیا ۔ ان کے ساتھ آبی وسائل محکمہ کے سیکریٹری  سنجیو ہنس ، قدرتی آفت سے نمٹنے سے متعلق محکمہ کے سیکریٹری سنجے کمار اگروال اور وزیر اعلیٰ کے سیکریٹری  انوپم کمارتھے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ اضلاع میں اکتوبر کے مہینے میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔  فضائی سروے کے بعد پٹنہ ایئر پورٹ پر میڈیا  سے بات چیت کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا :’’ زیادہ بارش کے سبب کئی مقامات پر فصل برباد ہوئی ہے اور لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ گزشتہ ماہ  ہم نے پٹنہ ،نالندہ اور نوادہ ضلع کے متاثرہ علاقوں کا سڑک کے راستے جائزہ لیا تھا ۔  ہم نے آج ویشالی، مظفر پور ، سیتا مڑھی ،شیوہر ،مشرقی چمپارن  اورگوپال گنج وغیرہ اضلاع کا فضائی معائنہ کیا ۔ن  اضلاع کے جو علاقے پہلے سے متاثر  ہیں، ان کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی گئی ہے ۔ ہم اسی تعلق سے تمام متعلقہ اضلاع اور محکمہ کے افسران کے ساتھ میٹنگ کریں گے ۔‘‘  انہوں نے کہا :’’ اس سے قبل بھی ہم  نے سیلاب زدہ ہ علاقوں کا جائزہ لیا تھا ۔ سیلاب سے فصل کا جو نقصان ہوا ہے اورجو فصل لگی نہیں ہے ، ان تمام کو دی جانے والی مدد کے سلسلے میں سب کچھ طے کر دیا گیا ہے ۔ تمام اضلاع کے انچارج وزراءنے اضلاع  کے عوامی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کر کے ایک ایک چیز کا جائزہ لیا ہے ۔ ادھر پھر زیادہ بارش ہوئی ہے ، اس سے لوگ متاثر ہوئے ہیں ۔ اس سلسلے میں  ہونے والی میٹنگ سے قبل ہی ہم نے تمام متاثرہ مقامات پر نقصان  کا تخمینہ لگانے کی ہدایت دی ہے ۔‘‘  بہار کے وزیر اعلیٰ کے بقول :’’پہلے سے جو متاثر علاقے ہیں  اورجو حالیہ بار ش سے متاثر ہوئے ہیں ، ان سب کی راحت اور مدد کیلئے ہر طرح سے تعاو ن کیا جائے گا ۔‘‘ ان کے بقول :’’قدرتی آفت سے نمٹنے  کے سلسلے میں شروع سے ہم لوگ کام کرتے  رہے ہیں۔ ہم  پوری طرح الرٹ تھے لیکن اکتوبر کے مہینہ میں بھی امید سے زیادہ بارش ہوگئی جس سے ایسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ اب مانا جارہا ہے کہ بارش کم ہو گی ۔ اس کے بعد بھی اگر کہیں کوئی مسئلہ پیدا ہو تا ہے تو  مدد کی جائے گی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK