Inquilab Logo

کوچ بہار : پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ ، ۵؍ہلاک

Updated: April 11, 2021, 1:15 PM IST | Agency | Kolkata

ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں دعویٰ کر رہی ہیں کہ مرنے والوں کا تعلق ان کی پارٹی سے ہے،مہلوک افراد کی شناخت آنند برما، منیرالزمان، حمید میاں، چمن الحق اور نور عالم میاں کے طور پر ہوئی،الیکشن کمیشن نے واقعہ کو غلط فہمی کا نتیجہ قراردیا

Mamata Banerjee. Picture:PTI
ممتا بنرجی۔تصویر : پی ٹی آئی

 مغربی بنگال  میں چوتھے مرحلے کی پولنگ کے دوران بھی تشدد کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ ان میں کوچ بہار میں ہونے والے فائرنگ نے خطرناک شکل اختیار کرلی ہے۔  یہاں پولنگ بوتھ کے باہر فائرنگ میں ۵؍ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ترنمول کانگریس اور بی جے پی دونوں دعویٰ کر رہی ہیں کہ مرنے والوں کا تعلق ان کی پارٹی سے ہے۔ ترنمول کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ کوچ بہار ضلع کے سیتال کوچی اسمبلی حلقے میں مرکزی فورسیز کی فائرنگ میں اس کے  ۵؍ورکرس کی موت ہوگئی ہے۔ ترنمول کانگریس نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے کہ وہ  اس معاملے میں مداخلت کرے اور ووٹرس کی جان کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ذرائع کے مطابق پولنگ بوتھ کے باہر ترنمول کانگریس اور بی جے پی ورکروں کے درمیان جھڑپ کے بعد مرکزی فورسیز نے فائرنگ کی ہے۔  پولیس نے مرنے والوں کا تعلق کس جماعت سے ہے ، یہ  ظاہر نہیں کیا ۔ فائرنگ میں مارے جانے والے پہلے شخص کی شناخت آنند برمن کے طور پر ہوئی ہے۔  دونوں پارٹیاں دعویٰ کر رہی ہے کہ برمن کا تعلق اس کی جماعت سے ہے تاہم اس علاقے میں بڑی تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔اس کے بعد ہی بوتھ کےباہر ترنمول کانگریس اور بی جے پی حامیوں کے درمیان جھڑپ ہوئی۔ پہلے مرکزی فورسیز نے لاٹھی چارج کرکے مجمع کو منتشر کرنے کی کوشش کی لیکن جب حالات قابو میں نہیں آئے تو  اس  نے فائرنگ شروع کردی۔الیکشن کمیشن نے اس پورے معاملے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔
  ادھر مرکزی فورسیز نے دعویٰ کیا ہے کہ اچانک ۳۰۰؍ سے ۴۰۰؍ افراد نے انہیں گھیرے میں لے لیا تھا۔ دونوں طرف سے جاری جھڑپ کو روکنے کے لئے انہیں فائرنگ کرنی پڑی جس میں ایک کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی جبکہ تین افراد کی موت اسپتال میں ہوئی ۔ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت منیرالزمان، حمید میاں، چمن الحق اور نور عالم میاں کے طور پر ہوئی ہے۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر سودیپ جین نے چیف انتخابی افسر کوطلب کیا ہے  تاکہ پورے معاملے کی معلومات حاصل کی جاسکے۔
 فائرنگ غلط فہمی کے نتیجے میں ہوئی :الیکشن کمیشن
  الیکشن کمیشن نے کوچ بہار میں پولنگ بوتھ کے باہر جھڑپ اور مرکزی فورسیز کے جوانوں کے ذریعہ فائرنگ میں چار افراد کی موت  کے واقعے کو غلط فہمی کا نتیجہ قراردیا ہے۔مقامی لوگوں نے غلط فہمی کی وجہ سے سیکورٹی فورسیز پر حملہ کردیا اور اس کے بعد سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں کو فائرنگ کرنی پڑی۔کمیشن کے مطابق یہ ای وی ایم اور سرکاری املاک کوبچانے کےلئے ضروری ہوگیا تھا۔
 الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ غلط فہمی اس وقت پیدا ہوئی جب مرکزی سیکوریٹی فورسیزسنیچر کی صبح سیتل کوچی میں پولنگ بوتھ کے قریب کسی بیمار لڑکے کی مدد کرنے کی کوشش کر رہی تھی، جب کچھ مقامی لوگوں نے سمجھا کہ اس لڑکے کی  سینٹرل انڈسٹریل  سیکوریٹی فورسیز( سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں نے پٹائی کی ہے۔اس کی افواہ پھیلنے کے ساتھ ہی ۳۰۰؍ سے ۳۵۰؍مقامی لوگ جمع ہوگئے۔ کمیشن نے کہا کہ مشتعل ہجوم نے بوتھ پر موجود سی آئی ایس ایف اہلکاروں پر مہلک ہتھیار سے حملہ کردیا اور ان سے اسلحہ چھیننے لگے ۔ سیکوریٹی  اہلکاروں نے پہلے ہوا میں فائرنگ کی لیکن اس کے باوجود جب بھیڑ قابو میں نہیں آئی تو سرکاری املاک کو بچانے کےلئے سی آئی ایس ایف کے اہلکاروں نے فائرنگ کردی۔اس کی زد میں آکر چار افراد کو گولی لگ گئی اور سب ڈویژن اسپتال میں ان افراد کی موت ہوگئی۔
ممتا بنرجی کا فورسیز پر قتل کا الزام 
 وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اسے ایک’منصوبہ بند حملہ‘ قرار دیتے ہوئے مرکزی فورسیز پر’قتل‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ ممتا نے یہ بھی کہا کہ بنگال پولیس سی آئی ڈی اس کی تحقیقات کرے گی۔انہوں نے سنیچر کی  شام ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ آج کے واقعے کے لئے پوری طرح سے ذمہ دار ہیں اور وہ خود ہی سازش کار ہیں۔ میں مرکزی فورسیز پر الزام نہیں عائد کرتی کیونکہ وہ وزیر داخلہ کے حکم کے تحت کام کرتے ہیں۔ ہم ان سے استعفےکا مطالبہ کریں گے۔دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے ان اموات پر افسوس کا اظہار کیا لیکن انہوں نے ممتا اور ان کی پارٹی پر تنقید بھی کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK