Inquilab Logo

بہار :’ نل جل یوجنا‘ میں  وزیر کے رشتہ داروں  کو ۵۳؍ کروڑ کے ٹھیکے

Updated: September 23, 2021, 2:01 AM IST | patna

گھوٹالے کا الزام مگر بی جےپی کے نائب وزیراعلیٰ تا رکشور پرساد نے خود کو بے قصور قراردیا، ۳۶؍ اعزہ کو ملنے والے ٹھیکوں کا دفاع کیا، کہا کہ ’’کاروبار کرنا غلط تو نہیں ہے‘‘

Bihar Opposition Leader tejashwi Yadav has slammed Chief Minister Nitish Kumar for the alleged scam.Picture:INN
بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو اس مبینہ گھوٹالے کیلئے آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور کٹیہار سے بی جے پی کے ایم ایل اے تارکشور پرساد پر اپنے رشتہ داروں کو سرکاری اسکیموں کا ٹھیکہ دلانے کا سنگین الزام لگاہے۔  انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی پسندیدہ اسکیم نل جل یوجنا کا سب سے زیادہ فائدہ نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد کے رشتہ داروں اور ان کے گھریلو کاموں میں ان کا تعاون کرنے والوں کو ملا ہے۔ نل جل یوجنا کے تحت انہیں کم وبیش۵۳؍ کروڑ روپے کے ٹھیکے ملے ہیں۔
۱۳؍ وارڈوں کے ٹھیکے بہو اور برادر نسبتی کو دیئے گئے
 تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کی بہو پوجا کماری اور ان کے سالے پردیپ کمار بھگت کی کمپنیوںکو کٹیہار ضلع میں بھودا پنچایت کے سبھی ۱۳؍ وارڈوں میں ٹھیکے دیئے گئے ہیں۔یاد رہے کہ وزیر اعلی نتیش کمار نے ۵؍سال پہلے ’ہرگھر نل کا جل ‘ یوجنا شروع کی تھی۔ حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس کے تحت ایک لاکھ ۸؍ہزار پنچایت وارڈں کو نل کے ذریعے پینے کا صاف پانی پہنچانے کا ہدف رکھا گیا تھا جس میں سے ۹۵؍ فیصد کام پورا ہو چکا  ہے۔ اس اسکیم کے تحت نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد کے ’اپنوں‘ کو ۳۶؍ ٹھیکے ملے ہیں۔
  تارکشور پرساد  نے اسے گھوٹالہ تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے  ڈھٹائی کا مظاہر ہ کیا ہے اور  اور سوال کیا ہے کہ ’’کیا تجارت کرنا غلط ہے؟‘‘ بی جے پی لیڈر اور بہار کے نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد نے اس بارے میں پوچھے جانے پر کہا   ہےکہ’’ کسی کی سیاسی سرپرستی نہیں کی گئی ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ٹھیکہ ملنے کے وقت وہ کٹیہار سے ایم پی تھےاور نائب وزیر اعلیٰ بعد میں نومبر ۲۰۲۰ء میں بنے ۔ تارکشور پرساد نے کہا کہ ان کمپنیوں سے براہ راست ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
اپوزیشن حملہ آور، سرکاری خزانہ لوٹنے کا الزام
 دوسری طرف  آرجے ڈی اور کانگریس نےحکومت کی سخت تنقید کی ہے۔ آرجے ڈی نے حکومت کو گھیرتے ہوئے کہا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کے سالے ، بہو اور دوسرے رشتہ داروں پر سرکاری اسکیموں کی برسات ہوئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار خاموش کیوں ہیں؟ 
 اس معاملے میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی سخت تنقید کی ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے اپنا منھ بند کررکھا ہے۔ این ڈی اے حکومت میں سرکاری خزانوں کی لوٹ مچی ہوئی ہے۔ رشوت کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتاہے۔ بہارمیں ایک سپاہی کے یہاں ۱۰؍ کروڑ کی جائیداد ملتی ہے۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ نل جل یوجنا میں بند ر بانٹ کی جانچ ہونی چاہیے۔ عوام کے پیسے کو اس طرح لوٹنے نہیں دیا جائے گا۔
 نائب  وزیراعلیٰ کے گھریلو ملازمین تک کو ٹھیکے مل گئے 
 کانگریس کے ریاستی ترجمان است ناتھ تیواری نے نائب وزیر اعلیٰ تارکشور پرساد پر اثر ورسوخ کے بے جا استعمال کا الزام لگاتے ہوئے بتایا ہےکہ ’’نائب وزیر اعلیٰ نے اپنی بہو پوجا کماری کو کٹیہار میں بڑا ٹھیکہ دلایا ہے۔ پوجا کماری پی ایچ ای ڈی میں رجسٹرڈ ٹھیکہ دار ہیں اور ان کا پتہ وہی ہے جو نائب وزیراعلی  کا ہے۔ پوجا کماری کی کمپنی کو ایک کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے کا ٹھیکہ ملاہے۔ اس کے علاوہ دیپ کرن انفرااسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹیڈ کو تین کروڑ ۶۰؍ لاکھ روپے کا ٹھیکہ ملاہے۔ اس کمپنی کے ڈائریکٹر تارکشور کے اپنے سالے دیپ کمار بھگت اور ان کی بیوی کرن بھگت ہیں۔‘‘
  است ناتھ تیواری نے کہا کہ ٹھیکے صرف تارکشور پرساد کے رشتہ داروں ہی کو نہیں ملے بلکہ ان کے گھریلو کام کاج دیکھنے والے معاونین کی کمپنی کو بھی ملے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے  بتایا کہ ’’ جیون شری انفرااسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹیڈ کو نل جل یوجنا کے تحت کٹیہار ضلع کا سب سے بڑا ٹھیکہ ملا۔ یہ ٹھیکہ ۴۸؍ کروڑ روپے کا ہے۔ یہ کمپنی تاکشور پرساد کے گھریلو معاونین پرشانت چند ر جیسوال ، للت کشور پرساد اور سنتوش کمار کی ہے۔ ابھی تک کل ۵۳؍ کروڑ کے ٹھیکوں کا پتہ چل پایا ہےجو نائب وزیر اعلی تارکشور پرساد کی بہو، ان کے سالے اور گھریلو معاونین کو ملے ہیں۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK