• Tue, 02 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار : نو منتخب اراکین اسمبلی کی حلف برداری

Updated: December 02, 2025, 4:03 PM IST | Javed Akhtar | Patna

۱۸؍ ویں بہار اسمبلی کے اجلاس کاآغاز جو۵؍ دسمبر تک چلے گا ،پہلے دن ۶؍ اراکین ایوان سے غیر حاضر رہے، آج اسپیکر کا انتخاب ہوگا

Deputy Chief Minister Vijay Kumar Sinha can be seen taking oath, while Chief Minister Nitish Kumar can be seen. Picture: PTI
نائب وزیراعلیٰ وجے کمار سنہا حلف لیتے ہوئے،وزیرا علیٰ نتیش کمار دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر:پی ٹی آئی
اسمبلی انتخابات کےنتائج کے بعد ۱۸؍ویں بہار قانون ساز اسمبلی کا سرمائی اجلاس پیر کو شروع ہوگیا۔یہ پانچ روزہ اجلاس ۵؍دسمبر تک چلے گا۔ سرمائی اجلاس کے پہلے دن بہار اسمبلی کے نومنتخب  اراکین نے حلف اٹھایا۔ تقریباً ۶؍ اراکین اسمبلی ایوان سے غیر حاضر رہے ، جس کی وجہ سے ان کی حلف برداری نہیں ہو سکی ۔ اب وہ منگل کو حلف لیںگے۔ حلف برداری کے بعد ایوان کی کارروائی منگل ۱۱؍بجے تک ملتوی کردی گئی ہے۔منگل کو اسپیکر کا انتخاب ہوگا ۔ بی جے پی لیڈر پریم کمار نے اس کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کیاہے۔
اسمبلی اجلاس کے پہلے دن پروٹیم اسپیکر نریندر نارائن یادو نے سبھی نومنتخب اراکین کو حلف دلایا۔ سب سے پہلے نومنتخب و زراء کو حلف دلایا گیا ۔ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے بھی حلف لیا۔ سمراٹ چودھری کے حلف لینے کے بعد اپوزیشن لیڈرتیجسوی یادو نے سمراٹ چودھری سے ہاتھ ملایا،جبکہ حلف لینے کے بعد وزیرزراعت رام کرپال یادو نے تیجسوی یادوکو گلے لگایا۔اس دوران نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا نے حلف لینے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے پیر چھو کر ان سے دعائیں لیں۔
جےڈی یو کی نومنتخب ایم ایل اے ویبھادیوی نے حلف اٹھایا ، حالانکہ وہ حلف کو ٹھیک سے پڑھ نہیں سکیں ۔ بی جے پی رکن اسمبلی رینو دیوی کو بھی حلف نامہ پڑھنےمیں کافی دشواریاں پیش آرہی تھیں ، جس پر پروٹیم اسپیکر نے انہیں ٹوکا۔ مکامہ کے شہ زور ایم ایل اے اننت سنگھ جیل میں بند ہونے کی وجہ سے پیر کو حلف نہیں لے سکے۔ پے رول ملنے کے بعد منگل کو ان کے حلف لینے کی توقع ہے۔
ایوان کے اندر پہلی قطار میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا، وزیر وجے چودھری، بجندریادو، شرون کمار، منگل پانڈے اور دلیپ جیسوال بیٹھےنظر آئے۔ ایوان میں کچھ انوکھے مناظر بھی دیکھنے کو ملے ۔ گیا کے ٹیکاری سے ایم ایل اے اجے ڈانگی آٹو سے اسمبلی پہنچے۔ 
نومنتخب اراکین اسمبلی نے ہندی کے علاوہ اردو اور میتھلی میں بھی حلف اٹھایا۔کانگریس کے دونوں نومنتخب رکن اسمبلی قمرالہدیٰ اور عابدالرحمٰن کےعلاوہ ایم آئی ایم کےریاستی صد ر اخترالایمان ،مشیر عالم اور سرور عالم نے اردو میں حلف اٹھایا۔ ایم ایل اے ارون شنکر پرساد، سجیت پاسوان، ونود نارائن جھا، آصف احمد، مادھو آنند، مینا کماری، نتیش مشرا اور سب سے کم عمر ایم ایل اے میتھلی ٹھاکر نے میتھلی زبان میں حلف اٹھائے۔ میتھلی ٹھاکر متھلاپینٹنگز کے ساتھ ساڑی اور پگڑی پہن کر ایوان پہنچیں تھیں۔قابل ذکر ہے کہ اس بار ایوان کی تصویر کافی بدل گئی ہے۔
این ڈی اے نے ان اسمبلی انتخابات میں ۲۰۲؍سیٹوں پر جیت درج کی ہے ، جبکہ مہاگٹھ بندھن کے صرف ۳۵؍اراکین اسمبلی ایوان پہنچ سکےہیں ۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے مقابلے اس بار اپوزیشن اعداد کے لحاظ سے کافی کمزور ہے۔ اس کے باوجود تیجسوی یادو کی قیادت میں اپوزیشن بڑھتے جرائم اور بے روزگاری پر حکومت کوگھیرنے کی تیاری کر رہا ہے۔آرجے ڈی ایم ایل اے بھائی ویریندر نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت ووٹ چوری سے بنی ہے۔ عوام نے انہیں ووٹ نہیں دیے ہیں ۔ ہماری تعداد بھلے کم ہو لیکن ہماری آواز بلند رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK