• Tue, 18 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار : وزارتوں کیلئے رسہ کشی، جمعرات کو حلف برداری متوقع

Updated: November 17, 2025, 11:32 PM IST | Javed Akhtar | Patna

نتیش کمار کی گورنر سےملاقات،۱۹؍نومبر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کاخط سونپا،گاندھی میدان میں حلف برداری کی تقریب کی تیاریاں تیز

Chief Minister Nitish Kumar with former Deputy Chief Minister Tarkiswar Prasad.
وزیراعلیٰ نتیش کمار ،سابق نائب وزیراعلیٰ تارکشور پرساد کے ساتھ

اسمبلی انتخابات میں زبردست جیت کے بعد حکومت سازی کاعمل شروع ہوگیاہے ۔ جنتا دل (یو) کے لیڈر اوروزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پیر کو راج بھون میںگورنر عارف محمدخان سے ملاقات کی  اور ۱۹؍نومبرکو،موجودہ اسمبلی(۱۷؍ویں)کوتحلیل کرنے کی سفارش کی۔اطلاع کےمطابق۲۰؍نومبرکوایکبار پھر نتیش کمار گاندھی میدان میں وزیر اعلیٰ کے عہدےکا حلف لیں گے۔اس سلسلےمیںگاندھی میدان میں حلف برداری تقریب کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں۔ پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ اور دیگر اعلیٰ افسران نے گاندھی میدان پہنچ کرتیاریوں کو جائزہ بھی لیا۔
 اتوارکو اس طرح کی قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وزیراعلیٰ پیر کو اپنا استعفیٰ گورنرکو سونپیں گے لیکن انہوں نے ابھی تک اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیاہے۔راج بھون میں نتیش کےساتھ نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری، وزیر وجے چودھری، وزیراعلیٰ کے چیف سکریٹری دیپک کمار اور چیف سکریٹری پرتیہ امرت بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ صبح   راج بھون گئے اور ۲۰؍ منٹ وہاں رہ کر ۱۲؍بج کر ۵؍ منٹ پرواپس ہوئے۔ 
 اس سے پہلے موجودہ اسمبلی کو ۱۹؍نومبر کو تحلیل کرنےکا فیصلہ ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں کیاگیا۔صبح ۳۰:۱۱؍بجے کابینہ کی میٹنگ ہوئی۔اس میٹنگ  میں  صر ف ایک ہی ایجنڈا تھا۔کابینہ کی میٹنگ میں وزیر نیرج کمارببلوکو چھوڑکرسبھی وزراءشامل ہوئے۔کابینہ  کی میٹنگ محض ۱۰؍ منٹ میں ختم ہوگئی۔اس میٹنگ میں اسمبلی کو تحلیل کرنےکی منظوری ملنےکےبعد وزیراعلیٰ نے گورنر سے ملاقات کرکے تجویز پیش کی۔
 جنتا دل (یو) لیڈراور نتیش حکومت میں وزیر وجے کمار چودھری نے میڈیا کو بتایاکہ کابینہ کی میٹنگ میں موجودہ اسمبلی کو ۱۹؍نومبر سے تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور نتیش کمار نے گورنر سے اس کی سفارش کی ہے۔ اس طرح موجودہ ۱۷؍ویں اسمبلی ۱۹؍نومبر کو تحلیل ہو جائے گی۔
 قابل ذکرہے کہ حکومت سازی سے قبل فی الحال جےڈی یو اور بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ منگل کو ہونی ہے۔ دونوں پارٹیاں اپنی میٹنگ میں اپنے اپنے لیڈر کا انتخاب کریں گی ۔جے ڈی یو کی قانون سازپارٹی کی میٹنگ میں نتیش کمار کو جے ڈی (یو) کا  پارٹی لیڈر منتخب کیاجانا طے ماناجارہاہے۔راجو تیواری کو ایل جے پی (آر) کےقانون سازپارٹی کا لیڈر منتخب کرلیاگیاہے۔ این ڈی اے میں شامل سبھی پانچ پارٹیوں کی قانو ن سازپارٹی کی میٹنگ کے بعد این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ ہوگی ۔
 بی جے پی کے صوبائی صدر دلیپ جیسوال نے  بتایا کہ اسمبلی میں قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے انتخاب کیلئے پارٹی کے اراکین اسمبلی کی میٹنگ۱۹؍ نومبر کو صبح۰؍ بجے ہوگی۔ جیسوال نے کہا کہ مرکزی مبصرین کی موجودگی میں قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بدھ کو منعقد کی جائے گی، جس میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعداین ڈی اے کی میٹنگ میں اتحاد کے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ این ڈی اے کے تمام اراکین کی میٹنگ سی ایم ہاؤس میں ہوگی ۔اس کے بعدہی این ڈی اے قانون ساز  پارٹی کے نو منتخب لیڈر حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کریں گے۔نتیش کمار کا این ڈی اے قانون سازپارٹی کا لیڈر منتخب ہونا طے مانا جارہاہے۔ این ڈی اے کی قانون سازپارٹی کی میٹنگ میں لیڈر کے انتخاب کے بعد وزیر اعلیٰ این ڈی اے کی سبھی۵؍پارٹیوں کے قانون ساز لیڈروں کے ساتھ راج بھون جاکر اپنی حکومت بنانے کادعویٰ پیش کریں گے۔
 نتیش کمار کے این ڈی اے کےقانون ساز پارٹی کےلیڈر منتخب ہونے کےبعد نتیش کمار دسویں بار بہار کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے۔ حکمراں این ڈی اے نے۲۴۳؍ رکنی ایوان میں۲۰۲؍ سیٹیں جیت کر اگلے پانچ سال تک بہار میں حکومت کرنے کا مینڈیٹ برقرار رکھاہے، جس میں بی جے پی نے سب سے زیادہ ۸۹؍سیٹیں حاصل کی ہیں جبکہ جے ڈی یو کو ۸۵؍سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔

patna Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK