• Mon, 22 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: دلار چند قتل معاملے میں ۳؍ ایف آئی آر درج، لاش ۱۶؍گھنٹے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجی گئی

Updated: November 01, 2025, 8:49 AM IST | Patna

سابق رکن اسمبلی اورجے ڈی یو امیدوار اننت سنگھ سمیت ۵؍افراد کو نامزد کیا گیا ، جن سوراج پارٹی کے امیدوار اور دیگر کے نام بھی ، مکامہ سے باڑھ تک کشیدگی ، پولیس کیساتھ نیم فوجی دستے بھی تعینات

Security was also tight at the government hospital where Dilar Chand`s body was brought for postmortem.
سرکاری اسپتال جہاں دلارچند کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے لایا گیا،وہاں بھی سیکوریٹی سخت رکھی گئی

مکامہ اسمبلی حلقہ کے پنڈارک بلاک کے بھدور تھانہ حلقہ میں جن سوراج پارٹی کےامیدوارپیوش پریہ درشی کےحامی دلار چند یادو کے قتل کے بعد ماحول انتہائی کشیدہ ہے۔ پورا علاقہ پولیس کیمپ میں تبدیل ہوگیا ہے۔ جمعرات شام سےپوری رات پولیس دلار چندیادو کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے بھیجنے کی کوشش کرتی رہی لیکن تقریباً ۱۶؍ گھنٹے بعد جمعہ کو مشتعل مقامی لوگوں کے احتجاج کے درمیان پولیس لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے باڑھ سب ڈویژنل اسپتال بھیجنے میں کامیاب ہوئی۔ 
 جمعرات کو انتخابی مہم کے دوران جھڑپ کےدوران ہوئے قتل کے سلسلے میں بھدور پولیس تھانہ میں تین الگ الگ ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ پہلی ایف آئی آر مقتول دلار چند یادو کے پوتے نیرج کمار کی تحریری درخواست کی بنیاد پر درج کی گئی ہے۔اس میں مکامہ کے سابق رکن اسمبلی اوراین ڈی اےکےامیدواراننت سنگھ، کرم ویر سنگھ، راجویر سنگھ، کنجے سنگھ اور چھوٹن سنگھ کو نامزد ملزم بنایاگیا ہے۔ ایف آئی آر میں جن سوراج پارٹی کے امیدوار پیوش پریہ درشی کی انتخابی مہم کے دوران قتل کا الزام لگایا گیا ہے۔ دوسری ایف آئی آر ضلع نالندہ کے ہرنوت تھانہ حلقہ کے پواری گاؤں کے باشندہ جتیندر کمار ولد بلرام سنگھ کی تحریری شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی۔ ایف آئی آر میں جن سوراج پارٹی کےامیدوار پیوش پریہ درشی، لکھن مہتو، باجو مہتو، نتیش مہتو، ایشور مہتو، اجے مہتو اور سو سے زیادہ نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایاگیاہے۔اس میںملزمین پر قتل کے ارادے سے پستول سے فائرنگ کرنے، راڈسےحملہ کرنےاورگاڑیوں کےشیشےتوڑنے کا الزام ہے۔ بھدورتھانہ انچارج روی رنجن چوہان نے تیسری ایف آئی آر درج کی ہے۔اس میں دونوں امیدواروں کے نامعلوم حامیوں پر عوامی مقام پر فائرنگ، پتھراؤ اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بھدورتھانہ انچارج روی رنجن چوہان نے خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزام میں نامعلوم حامیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔
مکامہ سے باڑھ تک زبردست ہنگامہ
دلارچند یادو کے قتل کے بعد ان کے حامیوں نے مکامہ سے باڑھ تک ہنگامہ کیا۔ جمعرات کی سہ پہرساڑھےتین بجے دلارچندریادوکےقتل کے بعدگاؤں والوں کے غصے کی وجہ سے پولیس لاش اٹھانے میں ناکام رہی۔ دیہی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وکرم سہاگ اور باڑھ سب ڈویژن کے سبھی پولیس افسران کی درخواست کے باوجود گاؤں والوں نے لاش اٹھانے سے روک دیا۔ جمعہ کی صبح مقتول کے اہل خانہ اور گاؤں والوں کی رضامندی کے بعد پولیس ۱۶؍گھنٹے بعد لاش کو اٹھانے میں کامیاب ہوئی۔ لاش کو ایک ٹریکٹر ٹرالی پر رکھا گیا تھا، جس پر آر جے ڈی امیدوار وینا دیوی، جن سوراج پارٹی کےامیدوار پیوش پریہ درشی اور دلار چند یادو کے اہل خانہ سوار ہوئے۔ مور چوک پر پہنچ کر وینا دیوی اپنی گاڑی میں سوار ہوگئیں۔ مور چوک کے بعد حامیوں نے راستے میں ہنگامہ شروع کر دیا۔ مور اور سلطان پور گائوں میں دلار چندیادو کے حامیوں نے اننت سنگھ کی انتخابی مہم کی گاڑیوں پر لگے پوسٹر اور بینرپھاڑ دیئے۔ مشتعل افراد نے   نعرے بازی کی۔ کنہائی پور گاؤں پہنچتےہی عوام کا غصہ بھڑک اٹھا اور انہوں نے لاش لے جانے والے ٹریکٹر کو روک کرہنگامہ کیا۔حالانکہ نیم فوجی دستوں کی موجودگی اور پولیس کی کارروائی نے مکامہ بلاک کی حدود میں دلار چند کے حامیوں کو قابو کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔

bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK