• Fri, 19 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار میں تین نئے محکموں کی تشکیل؟

Updated: December 18, 2025, 4:22 PM IST | Dr. Mushtaq Ahmed | Mumbai

نتیش کمارکے حرکات وسکنات اور فیصلوں سے یہ پیغام عام ہو جاتاہے کہ نتیش کمار صحت کے اعتبار سے کمزور ضرور ہیں۔لیکن گزشتہ دن انہوں نے ایک حیرت زدہ کرنے والا فیصلہکیاہے کہ بہار میں تین نئے محکموں کی تشکیل نو کردی ہے اور محکموں کی تقسیم کے سلسلے میں باضابطہ طورپر نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این
بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی جنتادل متحدہ اور قومی جمہوری اتحاد میں شامل بھارتیہ جنتا پارٹی ، لوک جن شکتی پارٹی ، ہندوستانی عوام مورچہ اور لوک تانترک جنتا پارٹی یعنی اوپندر کشواہا کے ممبرانِ اسمبلی کو نئی کابینہ میں جگہ ملی ہے بلکہ اوپندر کشواہا کے صاحبزادہ دیپک پرکاش جو فی الوقت بہار قانون ساز اسمبلی یا بہار قانون ساز کونسل کے ممبر نہیں ہیں وہ بھی شامل ہیں۔جس دن سے نئی حکومت تشکیل پائی ہے اور کابینہ کے وزراء کے درمیان قلمدان تقسیم کئے گئے ہیں اس دن سے ہی پوری ریاست میں طرح طرح کی افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ اس بار نتیش کابینہ میں جنتا دل متحدہ کے مقابلے بھارتیہ جنتا پارٹی کا دبدبہ قدرے زیادہ بڑھ گیاہے۔ بالخصوص محکمہ داخلہ جو اب تک نتیش کمار کے ہاتھوں میں رہاہے اس کی باگ ڈور نائب وزیر اعلیٰ اشوک سمراٹ کے ہاتھوں میں چلی گئی ہے ۔لیکن جنتا دل متحدہ کے لیڈروں کا موقف ہے کہ یہ سب کچھ نتیش کمار کے صلاح ومشورہ سے ہی طے پایا ہے اور اتحادیوں کے درمیان وزارت اور محکموں کو لے کر کسی طرح کی رسّہ کشی نہیں ہے ۔لیکن تلخ سچائی یہ ہے کہ دبی زبان میں ہی سہی جنتا دل متحدہ کے کارکن بھی محکمہ داخلہ کا بی جے پی کے ہاتھوں میں جانا اپنے لئے فکر مندی کا باعث سمجھتے ہیں۔
بہر کیف! اب نتیش کمار کی صحت کو لے کر بھی بحث کم ہی ہو رہی ہے کیوں کہ حالیہ دنوں میں ان کی فعالیت کو دیکھ کر ایسا نہیں لگتا کہ وہ پہلے والے فارم میں نہیں ہیں ۔ البتہ کبھی کبھی ان کے حرکات وسکنات اور فیصلوں سے یہ پیغام عام ہو جاتاہے کہ نتیش کمار صحت کے اعتبار سے کمزور ضرور ہیں۔لیکن گزشتہ دن انہوں نے ایک حیرت زدہ کرنے والا فیصلہ لیا ہے کہ بہار میں تین نئے محکموں کی تشکیل نو کردی ہے اور محکموں کی تقسیم کے سلسلے میں باضابطہ طورپر نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ۔نو تشکیل شدہ تینوں محکموں کو بھی وزرا ءکے درمیان تقسیم کردیا گیاہے ۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق نو تشکیل شدہ شہری ہوا بازی محکمہ کی اضافی ذمہ داری خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے اپنے پاس رکھی ہے جب کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کو موجودہ محکمہ تعلیم کے وزیر سنیل کمار کو ہی دیا گیاہے ۔ واضح رہے کہ بہار میں دو دہائیوں کے بعد محکمہ تعلیم کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیاہے ۔ پرائمری ، مڈل اور ہائر سکنڈری کو محکمہ تعلیم کے وزیر دیکھیں گے جب کہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کے لئے نیا محکمہ تشکیل ہواہے جس میں اعلیٰ تعلیم اور تکنیکی تعلیم کو شامل کیا گیاہے ۔ میرے خیال میں نتیش کمار کا یہ فیصلہ ریاست بہار میں اعلیٰ تعلیم کے بنیادی ڈھانچوں کو مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ اور تکنیکی تعلیمی شعبے کو استحکام بخشنے میں معاون ہوگا کیوں کہ اب جب کہ اعلیٰ تعلیم کے لئے الگ محکمہ بنایا گیاہے تو اس کے وزیر بھی نئے بنائے جائیں گے اور اس کی انتظامیہ میں بھی نئے اعلیٰ حکام شامل کئے جائیں گے جس سے محکمہ جاتی کاموں میں تیزی آئے گی اور ممکن ہے کہ ریاست بہار میں اعلیٰ تعلیمی ماحول کو سازگار بنانے کی ایک نئی پہل شروع ہو ۔اس نئے محکمہ کے نئے سیکریٹری ریاست بہار کے ایک سینئر آئی اے ایس آفیسر راجیو روشن کو بنایا گیاہے جو اب تک سارن کمشنری میں کمشنر کے عہدہ پر فائز تھے۔راجیو روشن ایک سلجھے ہوئے آئی اے ایس مانے جاتے ہیں اور ان کا تعلق چوں کہ بہار سے ہی ہے اس لئے وہ بہار کی زمینی حقیقت کو بھی خوب سمجھتے ہیں اور بالخصوص اعلیٰ تعلیمی اداروں کی حقیقت سے بھی واقف ہیں ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے لئے تشکیل شدہ نیا محکمہ کس طرح اپنی فعالیت اور معنویت کو ثابت کرتا ہے کہ بہار کی یونیورسٹیوں اور کالجوں میں طلباء اور طالبات کی تعداد کے تناسب میں اساتذہ کی کمیاں معیارِ تعلیم پر سوالیہ نشان کھڑا کر رہی ہے۔ میرے خیال میں وزیراعلیٰ نتیش کمار بھی اس حقیقت سے آگاہ ہیں اور وہ بھی چاہتے ہیں کہ بہار میں تعلیمی اداروں کی تصویر کو بدلا جائے اور تعلیمی ماحول کو سازگار بنایا جائے ۔حال کے اسمبلی انتخاب میں بیروزگاری کا مسئلہ بہت زور وشور سے انتخابی مدعا بنا تھا اور بالخصوص انڈیا اتحاد نے نتیش کمار کی بیس سالہ حکومت پر سوال اٹھایا تھا کہ ان کے اقتدار میں آنے کے بعد ریاست بہار میں بیروزگاری بڑھی ہے اور روزگار کے مواقع نہیں ہونے کی وجہ سے نقلِ مکانی میں بھی اضافہ ہواہے جس کی وجہ سے لاکھوں مزدور روزانہ دوسری ریاستوں کا رخ کرتے ہیں۔ اس لئے نتیش کمار نے ایک نیا محکمہ روزگار اور اسکِل ڈیولپمنٹ بنایا ہے۔ اس محکمہ سے ریاست کے نوجوانوں کو روزگار مہیا کرانے کی پہل کی جائے گی اورانہیں خود مختار بنانے کے لئے ہنر وتربیت پروگرام سے جوڑا جائے گا اس کے نئے وزیر سنجے کمار ٹائیگر بنائے گئے ہیں۔
مختصر یہ کہ نتیش کمار نے حالیہ اسمبلی انتخاب کے عوامی جلسوں ، عوامی رابطوں اور اپوزیشن لیڈران کے اٹھائے گئے طرح طرح کے سوالات پر سنجیدگی سے غور کیا ہے اور اسی کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے تعلیم جیسے اہم محکمے کو دو حصوں میں تقسیم کیا ہے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک نیا محکمہ تشکیل دیاہے ۔اگر واقعی نو تشکیل شدہ محکموں کے ذریعہ ریاست بہار کی زمینی حقیقت کو سامنے رکھ کر عملی اقدام اٹھائے جائیں گے اور مسائل کو حل کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کئے جائیں گے تو ریاست بہار کے لئے ایک نئی پہل ہوگی اور اس کا خاطر خواہ فائدہ عوام کو ضرور ملے گا اس لئے اس تین نئے محکموں کی تشکیل کو اسی مثبت نظریے سے دیکھا جانا چاہئے ۔لیکن سب سے اہم سوال تو یہ ہے کہ محکمہ کی تشکیل اورپھر اس کے نئے وزراء کی ماموری کے ساتھ ساتھ جن اعلیٰ حکام کو ان محکموں کی ذمہ داری سونپی گئی ہے وہ بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے احساسات ومحسوسات کو سمجھیں اور بہار میں جو اہم مسائل ہیں اس کو حل کرنے کے لئے انفرادی دلچسپی کا مظاہرہ کریں تاکہ بہار میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تصویر بدل سکے ، اساتذہ کی کمیاں دور ہو سکیں ، معیاری تعلیم کا ماحول سازگار ہو سکے اور دن بہ دن بڑھتی بیروزگاری کے ساتھ ساتھ نقل مکانی کے مسائل حل ہو سکیں جس سے بہار کے عوام کو یہ احساس ہو سکے کہ ہمارے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جس مقصد کے لئے ان محکموں کی تشکیل کی ہے وہ مقصد پورا ہو اور بہار میں ترقیاتی سفر میں مزید تیزی آئے اور نئی نسل کے رو شن مستقبل کے راستے ہموار ہو سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK