قومی تفتیشی ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں بتایا کہ بشنوئی گینگ بھی اسی طرح اپنا نیٹ ورک بنا رہی ہے جس طرح ۹۰ء کی دہا ئی میں داؤد ابراہیم نے بنایا تھا
EPAPER
Updated: June 27, 2023, 10:01 AM IST | new Delhi
قومی تفتیشی ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں بتایا کہ بشنوئی گینگ بھی اسی طرح اپنا نیٹ ورک بنا رہی ہے جس طرح ۹۰ء کی دہا ئی میں داؤد ابراہیم نے بنایا تھا
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے لارنس بشنوئی اور گولڈی برار کی گینگ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جس میںاس نے کئی انکشافات کئے ہیں۔بشنوئی گینگ کے خلاف مسلسل کارروائی کر نے والی تفتیشی ایجنسی نے اپنی چارج شیٹ میں لارنس بشنوئی گینگ کا موازنہ داؤد ابراہیم سے کیا ہے اور اسے ملک کی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ قراردیا ہے۔
این آئی اے نے اپنی چارج شیٹ میں کہا ہے کہ لارنس بشنوئی اور اس کی دہشت گردی کا سنڈیکیٹ بڑے پیمانے پر پھیلا ہوا ہے بالکل اسی طرح، جس طرح داؤد ابراہیم نے۹۰ء کی دہائی میں چھوٹے موٹے جرائم کرکے اپنا نیٹ ورک بنایا تھا۔ چارج شیٹ کے مطابق داؤد ابراہیم اور ڈی کمپنی کی طرح بشنوئی گینگ نے بھی چھوٹے جرائم سے آغاز کیا، پھر اپنا گینگ بنالیا اور شمالی ہندوستان میں بشنوئی گینگ کا قبضہ ہوچکا ہے۔
بشنوئی گینگ ستویندر سنگھ عرف گولڈی برار کے ذریعے کام کر رہا ہے جو کینیڈا پولیس اور ہندوستانی ایجنسی کو مطلوب ہے اور فی الحال کینیڈا میں ہی پناہ لئے ہوئے ہیںجبکہ لارنس بشنوئی جیل میں ہے اور جیل سے ہی اپنا نیٹ ورک چلا رہا ہے۔پنجابی گلوکار سدھو موسے والا قتل کیس میںلارنس بشنوئی کے ہی ملوث ہونےکا شبہ ہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ بشنوئی گینگ میں۷۰۰؍سے زیادہ شوٹر ہیں جن میں سے۳۰۰؍ پنجاب کے ہیں۔ بشنوئی اور گولڈی برار کی تصاویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز، فیس بک، انسٹاگرام، یوٹیوب کے ذریعے اپ لوڈ کی گئیں۔ عدالت کے راستے میں بشنوئی کی تصویر لگائی گئی اور اس طرح گینگ کا پروپیگنڈہ پھیلایا گیا۔ بشنوئی گینگ نے۲۱-۲۰۲۰ءتک بھتہ خوری سے کروڑوں روپے کمائے اور یہ رقم حوالات کے ذریعے بیرون ملک بھیجی گئی ۔
این آئی اے کے مطابق بشنوئی گینگ کبھی صرف پنجاب تک محدود تھا لیکن اس نے اپنے شاطر دماغ اور اپنے قریبی دوست گولڈی برار کے ساتھ مل کر ہریانہ، دہلی اور راجستھان کے کئی گینگ سے اتحاد کیا اور ایک بڑا گینگ بنا لیا۔ بشنوئی گینگ اب پنجاب، اتر پردیش، ہریانہ، مہاراشٹر، دہلی، راجستھان اور جھارکھنڈ تک پھیل چکا ہے۔
واضح رہےکہ این آئی اے نے یہ چارج شیٹ غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سےمتعلق اپنی تفتیش میں۱۶؍ گینگسٹروں کے خلاف داخل کی ہے جن میںلارنس بشنوئی اورگولڈی برارکے نام بھی شامل ہیں۔