• Wed, 11 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناندیڑ میونسپل کارپوریشن پر بھی بی جے پی کا قبضہ، میئر اور ڈپٹی میئر الیکشن میں فتح

Updated: February 11, 2026, 11:58 AM IST | Z A Khan | Nanded

۸۱؍ رکنی ایوان میں بی جے پی کو۴۵؍ نشستوں کی واضح اکثریت حاصل ہوئی ، اس کے علاوہ شیوسینا (شندے ) کے ۴؍ کارپوریٹروں کی حمایت بھی بی جے پی کو حاصل رہی۔

After Winning The Mayoral Election, Newly Elected Mayor Kavita Santosh Molay And BJP Leaders.Photo:INN
میئرالیکشن جیتنے کے بعد نومنتخب میئر کویتا سنتوش مولے اور بی جے پی لیڈران۔ تصویر:آئی این این

ناندیڑ واگھالا میونسپل کارپوریشن میں منگل کو منعقدہ انتخابی عمل کے دوران بی جے پی نے اپنی عددی برتری ثابت کرتے ہوئے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدوں پر کامیابی حاصل کرلی۔میئر کے عہدے کے لیے بی جے پی کی امیدوار کویتا سنتوش مولے جبکہ ڈپٹی میئر کے لیے دیپک سنگھ راوت منتخب ہوئے۔۸۱؍ رکنی ایوان میں بی جے پی کو۴۵؍ نشستوں کی واضح اکثریت حاصل ہوئی ۔ اس کے علاوہ شیوسینا (شندے ) کے ۴؍ کارپوریٹروں کی حمایت بھی بی جے پی کو حاصل رہی جس کے باعث پارٹی امیدواروں کی کامیابی پہلے ہی متوقع سمجھی جا رہی تھی۔ ووٹنگ کے بعد نتائج کا باقاعدہ اعلان کیا گیا۔انتخابی کارروائی ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کی نگرانی میں مکمل ہوئی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر مہیش کمار ڈوئیفوڑے سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔دوسری جانب کانگریس اور ونچت بہوجن اگھاڑی (وی بی اے) پر مشتمل ’ناندیڑ لوک نیائے وکاس اگھاڑی ‘کے امیدواروں کو ان کی جماعتی طاقت کے مطابق۱۵؍ ووٹ حا صل ہوئے، تاہم وہ مطلوبہ اکثریت حاصل نہ کر سکے۔ اتحاد کی جانب سے خفیہ رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا تھا، مگر نتائج میں کوئی غیر متوقع تبدیلی سامنے نہیں آئی۔آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے امیدواروں کو بھی ان کے کارپوریٹروں کی تعداد کے مطابق۱۴؍ ووٹ ملے، لیکن عددی لحاظ سے کمزور پوزیشن کے باعث وہ میئر یا ڈپٹی میئر کا عہدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔بی جے پی کی اس کامیابی کو پارٹی قیادت کی حکمت عملی اور ایوان میں مضبوط عددی پوزیشن کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ بی جے پی کا میئر منتخب ہونے کی خوشی میں نو منتخب میئر اور دیگر کارپوریٹروں نے اجلاس کے بعد جشن منایا۔

یہ بھی پڑھئے:کمال امروہی نے ہر کام کمال عمدگی سے انجام دیا

بی جے پی  کے اراکین اجلاس میں بھگوا رنگ کی پگڑیاں پہنے ہوئے تھے، جبکہ مجلس کے کارکنان نے ہرے رنگ کی پگڑیاں باندھ کر اپنی موجودگی کا اظہار کیا۔ کانگریس اور  وی بی اے کے اراکین نے روایتی انداز میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھئے:کنیڈا کے صوبے کولمبیا میں فائرنگ، ۱۰؍ افراد ہلاک، ۲۵؍ زخمی

سیاسی مبصرین کے مطابق ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بی جے پی کا میئر اور ڈپٹی میئر منتخب ہونا شہر کی بلدیاتی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے۔انتخاب کے فوری بعد نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں میونسپل انتظامیہ کی جانب سے استقبالیہ اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر بی جے پی کے سرکردہ لیڈر اور رکن راجیہ سبھا اشوک چوان بھی موجود تھے۔ انہوں نے نو منتخب میئر اور ڈپٹی میئر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بی جے پی کی قیادت میں ناندیڑ کی ہمہ جہت ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔نئے منتخب میئر اور ڈپٹی میئر نے شہر کی ترقی، شفاف انتظامیہ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ اب شہر کی نظریں نئی قیادت کی کارکردگی پر مرکوز ہو گئی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK