Inquilab Logo

بہار بی جے پی اور جے ڈی یو میں تلخ کلامی

Updated: February 09, 2022, 11:05 AM IST | Asfar Afridi | Patna

سہسرام سے بی جے پی کے ایم پی چھیدی پاسوان نے کہا: نتیش کماروزیر اعلیٰ بننے کیلئےداؤد ابراہیم سے بھی ہاتھ ملا سکتے ہیں، اب ڈھائی ڈھائی سال کا فارمولہ طے ہونا چاہئے۔ جے ڈی یونے کہا: عوام نے نتیش کمارکو وزیر اعلیٰ بنانے کیلئے ووٹ دیا ہے

Patna: RJD chief Lalu Yadav is leaving the airport.Picture:INN
پٹنہ: آر جے ڈی سربراہ لالو یادو ایئر پورٹ سے نکل رہےہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

بہار میں حکمراں اتحاد این ڈی اے کی دو اہم حلیف جماعتوں بی جے پی اور جے ڈی یو کے درمیان تلخی میں لگاتار شدت آرہی ہے۔ تازہ معاملہ سہسرام سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ چھیدی پاسوان کا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی نتیش کمار کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ وزیر اعلی بننے کیلئے لالو پرساد تو کیا داؤد ابراہیم سے بھی ہاتھ ملا سکتے ہیں۔اطلاع کے مطابق چھیدی پاسوان نے نئی دہلی میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے یہ باتیں کہیں۔ بی جے پی ایم پی کے اس بیان پر بہار کی سیاست میں مزید گرمی آگئی ہے۔ جے ڈی یو کے بڑے لیڈروں نےچھیدی پاسوان کے اس بیان پر خاموشی اختیار کرکے ایک طرح سے یہ بتانے کی کوشش کی ہے کہ وہ ان کی باتوں کو اہمیت نہیں دیتے ۔ البتہ اس طرح کے بیان پر ردعمل کا اظہار بھی ضروری تھا۔ اس لئے چھیدی پاسوان کوجواب دینے کیلئے جے ڈی یو نے اپنے ترجمان ابھیشیک جھا کو میدان میں اتارا ۔
چھید ی پاسوان نے کچھ نہیں چھوڑا  
  یاد رہے کہ چھیدی پاسوان نے جے ڈی یو پر ’دباؤ کی سیاست ‘ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جب مرکزی حکومت نے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے سے منع کردیا ،پھر بھی اس کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ بہار کی ترقی کیلئے مرکزلگاتار مدد کررہا ہے، اس کے باوجود خصوصی ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ چھیدی پاسوان نے کہا کہ ایسے معاملات کو اٹھا کر جے ڈی یو ’بلیک میل‘ کررہا ہے، جو کہ غلط ہے۔ سہسرام سے بی جے پی ایم پی یہیں پر نہیں رکے۔ انہوں نے بہار اسمبلی ۲۰۲۰ء میں جے ڈی یو کے ساتھ اتحاد کرنے کے فیصلے کو بھی غلط قرار دیا اور کہا کہ اگر بی جے پی نے تنہا الیکشن لڑا ہوتا تو اپنے دم پر اکثریت حاصل کرتی۔ ہمیں نتیش کمار کی ضرورت نہیں پڑتی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے بعد نتیش کمار کو وزیر اعلی بنا دیا گیا۔ پارٹی قیادت سے یہ غلطی ہوگئی ۔ 
 جے ڈی یو کا جواب 
  اس کے جواب میں جے ڈی یو کے ترجمان ابھیشیک جھا نے چھیدی پاسوان کو سخت جواب دیتےہوئے کہا کہ انہیں اس طرح کا بیان دینے سے پہلے اپنی پارٹی کی قیادت سے پوچھ لینا چاہئے تھا۔ہم لوگ ایسے شخص کی باتوں کا نوٹس نہیں لیتے ہیں۔ ابھیشیک جھا نے کہا کہ نتیش کمار جس اتحاد کی قیادت کرتے ہیں، عوام اسی پر مہرلگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں جے ڈی یو کو کچھ کم سیٹیں  ملی تھیں  لیکن اس کا سبب کیا تھا؟ سبھی لوگ جانتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK