خراج عقیدت پیش کرنے کے نام پر خاتون امیدوار نے مجسمے کے گلے میں بی جے پی کا مفلر بھی ڈال دیا، ہر طرف تنقیدیں
EPAPER
Updated: December 02, 2025, 12:14 AM IST | Ali Imran
خراج عقیدت پیش کرنے کے نام پر خاتون امیدوار نے مجسمے کے گلے میں بی جے پی کا مفلر بھی ڈال دیا، ہر طرف تنقیدیں
یہاں بی جے پی کی ایک خاتون امیدوار نے چھترپتی شیواجی کے سر پر بی جے پی کی ٹوپی اور گلے میں کمل نشان کا گممفلر ڈال کر نیا تنازع کھڑا کردیا ہے۔ اس واقعے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد چاروں طرف سے خاتون لیڈر پر تنقیدیںہو رہی ہیں۔
بھنڈارہ شہر کے مرکزی چوک پر چھترپتی شیواجی کا مجسمہ لگا ہوا ہے۔ انتخابی مہم کے دوران وارڈ نمبر ۲ سے بی جے پی کی خا تون امیدوار اس مجسمہ کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچیں۔ خراج عقیدت کے طور پرانہوں نے چھترپتی کے مجسمے کے گلے میں کنول کے پھول کے نشان والا مفلر جو بی جے پی شناخت ہے ڈال دیا۔ امیدوار نے اسی پر بس نہیں کیا، اُنہوں نےچھترپتی کے مجسمہ کو بی جے پی کی ٹوپی بھی پہنا ڈالی۔ ان کے اس عمل سے شیواجی مہاراج سے عقیدت رکھنے والوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔ اور ہر طرف اس کی مذمت کی جارہی ہے ۔
بچکانہ حرکت
شیو سینا (ادھو)کی خاتون لیڈر سشما اندھارے نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدوار نے یہ بے شرمی والی حرکت یہ ظاہر کرنے کیلئے کی ہے کہ چھترپتی شیواجی ہماری پارٹی کے ہیں۔ چھترپتی شیواجی کا نام ہمیشہ مہاراشٹر کیلئے قابل احترام رہا ہے۔ سیاست میں شیواجی مہاراج کا نام سنجیدگی سے لیا جاتا ہے لیکن بھنڈارہ میں بی جے پی کی میونسپل کونسل کی ایک خاتون امیدوار چھترپتی شیواجی کے مجسمے کو بی جے پی کی ٹوپی پہنا کر بچکانہ حرکت کی ہے۔سشما اندھارے نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حرکت احتجاج اور غصے سے بھی بالاتر ہے۔
بی جے پی مہاراشٹر کی غدار ہے
کانگریس رکن اسمبلی ورشا گائیکواڑ نے بھی اس معاملے میں بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر کی غدار ہے! بی جے پی لیڈر مہاراشٹر کے عظیم ہستوں کی بار بار توہین کرتے رہے ہیں اور اب انتخابی مہم کے دوران انہوں نے چھترپتی شیواجی کے مجسمے کو بی جے پی پارٹی کی ٹوپی اور مفلر ڈالا ہے۔ شیواجی مہاراج کے گلے میں بی جے پی کا مفلر ڈالنے کی بی جے پی لیڈر جرات کیسے ہوئی؟ بی جے پی کارکنوں کی بے شرمی کی حد ختم ہوچکی ہے۔ ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کا نام لے کر سیاست کرنے والے لیڈر یہ بھول گئے ہیں کہ مہاراشٹرمیں پوجے جانے والے شیواجی مہاراج آپ کی پارٹی کے نہیں ہیں۔
کانگریس کے ضلع صدر موہن پنچ بھائی نے اس معاملے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی مسلسل چھترپتی شیواجی مہاراج کی توہین کر رہی ہے۔ سابق گورنر نے بھی مہاراج کے بارے میں متنازع بیان دیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی پگڑی پہن کر مہاراج کی توہین کی تھی۔ بی جے پی بارہا ایسی حرکتیں کرتی رہی ہے لیکن ایسے بزدلانہ رجحانات کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ان کا حوصلہ بڑھا ہے۔ او بی سی کرانتی مورچہ نے بھی اس معاملے میں الیکشن کمیشن سے مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ مہاراشٹر کے سابق گورنر بھگت سنگھ کوشیاری بھی ماضی میں چھترپتی کے تعلق سے متنازع بیان دے چکے ہیں۔