Inquilab Logo

یوپی کے بلدیاتی الیکشن میں بی جے پی کامیاب

Updated: May 14, 2023, 10:10 AM IST | abdullan rashid | Lucknow

میئر کی سبھی سیٹوں پر قبضہ ، نگرمہا پالیکا چیئرمین کی ۸۵ ؍اور نگر پنچایت چیئرمین کی ۱۹۹ ؍سیٹوں پرقابض۔نگر پالیکا کی ۵۶؍ اور نگرپنچایت کی ۲۱۹ ؍ سیٹوں پر آزاد امیدوارکامیاب، ایس پی نگرپالیکا کی ۳۸ ؍اور نگرپنچایت کی۸۰؍ سیٹیوں پر فاتح

Newly elected mayor of Gorakhpur, Dr. Mangalesh, with Chief Minister Yogi Adityanath at the Gorakhnath Temple.
گورکھناتھ مندر میںگورکھپور کے نو منتخب میئر ڈاکٹر منگلیش، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ۔

اتر پردیش کے بلدیاتی  الیکشن میں میئر کی سبھی ۱۷ ؍سیٹوںپر بی جے پی کے امیدواروںنے اپنے قریبی حریف کو شکست دے کر میئر کی سبھی سیٹوں پر قبضہ کرلیا ہے ۔  اس دوران نگر پالیکا  اورنگرپنچایت کے انتخابات میں بھی   بی  جے پی سب سے آگے  رہی ۔ 
   اتر پردیش کے بلدیاتی الیکشن میں سبھی ۱۷؍ نگر نگموں میں ای وی ایم سے الیکشن کرائے گئے تھے   جس کی وجہ سے گنتی شروع ہونے کے ساتھ سبھی میئر کے عہدوںکی رجحان آنے لگے۔  ابتدائی دور ہی میں  ان  تمام سیٹوں پر بی جے پی کے امیدوار سبقت حاصل کئے ہوئے تھے ۔ مرادآباد اور آگرہ کی سیٹوں پر بی ایس پی کے امیدوار شروعاتی دور میں بی جے پی کے امیدوارں سے  آگےتھے لیکن دوپہر کے بعد ان  مقامات پر بھی بی جے پی کے امیدوار آگے ہو  گئے ۔
  دارالحکومت  لکھنؤ میں بی جے پی کی امیدوار سشما کھرکوال نےسماجوادی پارٹی کی وندنا مشرا کو تقریباً ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔   ایودھیا سے گریش پتی ترپاٹھی نےسماجوادی پارٹی کے آشیش پانڈے کو ۳۵ ؍ہزار ووٹوں سے شکست دے کر سیٹ پر قبضہ کیا ۔ مہنت گریش کو ۷۷۴۵۶ ؍ ووٹ  ملے جبکہ آشیش کو ۴۱۸۳۱؍ ووٹ ملے ۔  علی گڑھ سے بی جے پی کے پرشانت سنگھل نے سماجوادی پارٹی کے ضمیر اللہ کو تقریبا ً ۵۴؍ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔ پرشانت کو مجموعی طور پر ایک لاکھ ۸۷ ؍ہزار سے زائد ووٹ ملے جبکہ سماجوادی پارٹی کے ضمیر اللہ کو ۱۳۲۷۵۵ ؍ ووٹ اور بی ایس پی کو ۴۹۰۶۵ ؍ووٹ  ملے۔ آگرہ سے بی جے پی کی ہیم لتا دیواکر نے بی ایس پی کی امیدوار لتا بالمیکی کو ایک لاکھ ۱۳؍ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ کانپو رمیں  بی جے پی کی پریملا پانڈے  نے سماجوادی پارٹی کی وندنا باجپئی کو ایک لاکھ ۷۷؍ ہزار ووٹوں سے شکست دے کر میئر کی کرسی پر قبضہ کیا ۔  غازی آباد سے بی جے پی کی امیدوار سنیتا دیال نے بی ایس پی کی نصیرہ خان کو شکست دے کر دوبارہ کرسی پر قبضہ  برقرار رکھا ۔ جھانسی سے بی جے پی کے بہاری لال آریہ نے  کانگریس کے امیدوار ارویند کمار عرف ببلو کو ۴۵؍ ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پریاگ راج کی سابق میئر اور ریاستی وزیر نندی کی بیوی ابھیلاشا گپتا کے مقام پر امیش چند گنیش کیسروانی کو امیدوار بنایا تھا ، کیسروانی نے سماجوادی پارٹی کے اجے شریواستو کوتقریباً ۹۰ ؍ہزار ووٹوں سے شکست دی۔ بریلی سےبی جے پی نے ڈاکٹر امیش گوتم کو امیدوار بنایا تھا۔ ڈاکٹر گوتم کا مقابلہ سماجوادی پارٹی کے حامی امیدوار ڈاکٹر آئی ایس تومر سے تھا ، گوتم  نے ایک لاکھ ۳۰؍ ہزار ووٹ حاصل کئے جبکہ تومر کو ۸۰ ؍ہزار ووٹ ملے۔ اس طرح سے بی جے پی کے امیدوارنے۵۰؍ ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔   متھر ا سے ونود کمار اگروال نےبی ایس پی کے امیدوار کو ایک لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دی ۔ 
 مرادآباد سے بی جے پی کے ونود اگروال کو ایک لاکھ ۲۱ ؍ہزارسے زائد ووٹ ملے۔ انہوں نے کانگریس کے محمد رضوان کو۳۵ ؍ہزارسے زائد ووٹوں سے شکست دی۔ کانگریس کے محمد رضوان کو ایک لاکھ ۱۷ ؍ہزار ووٹ ملے  ۔ شاہجہان پور سے بی جے پی کی امیدوار ارچنا سنگھ  ورما نے کانگریس کی نکہت اقبال کو ۵۰؍ ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ۔سہارنپور سے بی جے پی کے امیدوار اجے کمار نے بی ایس پی کی خدیجہ مسعود کو ۸؍ ہزار ووٹوں سے شکست دی ۔ وارانسی سے بی جے پی کے امیدوار اشوک تیواری نے سماجوادی پارٹی کے اوم پرکاش سنگھ کو ۶۲ ؍ہزار سے زائد ووٹوںسے شکست دے کر میئر کی سیٹ پر قبضہ کیا ۔ گورکھپور سے بی جے پی کے امیدوار منگلیش شریواستو نے سماجوادی پارٹی کی کاجل نشاد کو شکست دے کر سیٹ پر قبضہ کیا ۔ فیروزآباد سے بی جے پی کی امیدوار کامنی راٹھور نے سماجوادی پارٹی کی امیدوار مشرف فاطمہ کو ۲۶ ؍ہزار ووٹوں سے شکست دے کرسیٹ پر قبضہ کیا ۔  اس کے ساتھ ہی بی جےپی نگر مہا پالیکا کی ۸۵  اور نگرپنچایت کی ۱۹۹؍ سیٹوں پر جیت یا خبر لکھے جانے تک  سبقت حاصل کئے ہوئے ہے۔  اس دوران سماجوادی پارٹی نگر پالیکا کی ۳۸ ؍ اور نگر پنچایت کی ۸۰؍ سیٹوں  ہی پر کامیاب ہو سکی   جبکہ بی ایس پی کو ایک بار پھر مایوسی ہوئی  ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK