Inquilab Logo

میونسپل الیکشن کیلئے بی ایم سی اور ٹی ایم سی نے وارڈوں کی مجوزہ ووٹر لسٹ جاری کردی

Updated: June 28, 2022, 12:27 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ یا وارڈ دفاتر میں اسے دیکھا جاسکتا ہے۔ یکم جولائی تک اعتراضات اورتجاویز پیش کرنے کی مہلت

The proposed ward voter list is provided on the Municipal Corporation`s website or in the ward offices.
وارڈوں کی مجوزہ ووٹرلسٹ میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ یا وارڈ دفاتر میں مہیا کرائی گئی ہے۔

: ریاستی الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) نے سبھی ۲۳۶؍ وارڈوںکی مجوزہ ووٹر لسٹ وارڈ کی سطح پر جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن(ٹی ایم سی) نے ۴۷؍ پینل کی مجوزہ ووٹر لسٹ پینل کی سطح پر جاری کر دی ہے۔ شہریوں کی اطلاع کیلئے   ووٹرلسٹ کو شہری انتظامیہ کی ویب سائٹ اور وارڈ دفاتر میں بھی مہیا کرایاگیا ہے جہاں لوگ انہیں دیکھ سکتے ہیں۔   ووٹر لسٹ کے تعلق سے یکم جولائی تک  اعتراضات متعلقہ بلدیہ  میں پیش کئے جاسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ  اسمبلی حلقہ کیلئے جو ووٹر لسٹ تیار ہو چکی ہے، اسی فہرست کو میونسپل انتخابات کیلئے استعمال کیا جارہا ہے اور اس کےبعد اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میںجو نام شامل ہوں گے، وہ میونسپل ووٹر لسٹ میں شامل نہیں  کئے جاسکیں گے۔یاد رہے کہ ممبئی ( بی ایم سی) میں ’ایک وارڈ، ایک کارپوریٹر  ‘کے تحت انتخابات ہونے والے ہیں جبکہ تھانے میونسپل کارپوریشن میں ۳؍ تا ۴؍  وارڈوں کو ضم کر کے ایک پینل تشکیل دیا گیا ہے۔اسی اعتبار سے ممبئی میں وارڈوں کی سطح پر ووٹر لسٹ جاری کی گئی ہے اور تھانے میں پینل کے اعتبار سے یہ لسٹ تیار کی گئی ہے۔ 
بی ایم سی کے بارے میں 
 ممبئی کے شہری  اپنے وارڈ کی مجوزہ ووٹر لسٹ بی ایم سی کی ویب سائٹ: https://portal.mcgm.gov.in
کے ساتھ ساتھ بی ایم سی کے متعلقہ وارڈ آفس کے ٹیکس اسیسمنٹ اینڈ کلیکشن ڈپارٹمنٹ کے الیکشن ڈپارٹمنٹ میں مہیا کرائی گئی ہے ۔ اعتراضات اور تجاویز یکم جولائی ۲۰۲۲ء تک اسی محکمہ میں جمع کرائی جا سکتی ہیں۔
۳۱؍ مئی کی ووٹر لسٹ کااستعمال کیا جارہا ہے 
 الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ذریعہ تیار کردہ اور ۳۱؍ مئی ۲۰۲۲ءکوتشکیل دیئے جانے والے اسمبلی حلقوں کی ووٹرلسٹ کو میونسپل کارپوریشن الیکشن کیلئے استعمال کیاجارہاہے ۔ اسی لسٹ کو وارڈ اور پینل کے اعتبار سے تقسیم کیا گیاہے۔
نئے نام شامل کرنے کیلئے میونسپل کارپوریشن کو درخواست نہ دیں
 بی ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر ( مغربی مضافات) ڈاکٹر سنجیو کمار  نے یہ واضح کیا  ہے کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی طرف سے وارڈ کی  ووٹرلسٹ کی تیاری کے دوران نئے ناموں کو شامل کرنے یا ناموں کو منسوخ کرنے کی کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کا اختیار  میونسپل کارپوریشن کو حاصل نہیں  اسلئے رائے دہندگان ا س تعلق سے بی ایم سی کو درخواست نہ دیں ۔ البتہ وہ متعلقہ اسمبلی حلقہ کے الیکشن آفس  سے درخواست کر سکتے ہیں ۔ بی ایم سی کی جانب سے وارڈوں کی تقسیم کرتے وقت جو غلطی ہوئی ہے، ان  پر اعتراضات اور تجاویز کی تصحیح کی جائے گی، اگر ووٹر کا نام غلطی سے دوسرے وارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے یا ان کے اسمبلی حلقہ کی ووٹر لسٹ میں نام موجود ہونے کے باوجود میونسپل وارڈ کی لسٹ میں نام شامل نہ ہو تو مناسب وارڈ میں نام شامل کیا جاسکتا ہے۔
  واضح رہے کہ وارڈ کی لسٹ ضخیم ہے مثلاً وارڈ نمبر ۲۳۴؍ کی ووٹر لسٹ ۳؍ ہزار ۵۰۴؍ وارڈوں پر مشتمل ہے ۔ اسی طرح دیگر وارڈوںکی بھی لسٹ تقریباً اتنے ہی صفحات کی ہے۔وارڈ کی لسٹ میںابتدائی ۱۲؍ تا ۱۳؍ صفحات پر وارڈ میں شامل بلڈنگ، چالیوں اور قیام گاہ کا نام دیا گیاہے ۔
 بی ایم سی کے ایڈیشنل کمشنر ( مغربی مضافات)ڈاکٹر سنجیو کمار اور  ڈپٹی کمشنر (خصوصی) سنجوگ کبرے کی جانب سے درخواست کی گئی ہے کہ شہریوں کو یہ ترامیم کرنے کے لئے بی ایم سی کے متعلقہ وارڈ آفس کے الیکشن ڈپارٹمنٹ، ٹیکس  اور کلکٹر کے دفتر سے رابطہ کرنا چاہئے۔ 
۵؍ برس میں بی ایم سی میں ۷؍ لاکھ ۱۲؍ ہزار ووٹروں کا اضافہ
 بی ایم سی کے محکمہ الیکشن کے مطابق گزشتہ ۵؍ برس میںممبئی میں ۷؍لاکھ ۱۲؍ہزار۹۲۵؍ ووٹروں کا اضافہ ہوا ہے۔ ۲۰۱۷ ء میں منعقدہ میونسپل الیکشن میں بی ایم سی میں ووٹروں کی تعداد ۹۱؍  لاکھ ۶۴؍ ہزار ۱۲۵؍ تھی جبکہ اب میونسپل انتخابات ۲۰۲۲ء کے وقت یہ تعداد بڑھ کر ۹۸؍ لاکھ ۷۷؍ ہزار ۵۰؍ ہو گئی ہے ۔
 ٹی ایم سی کے بارے میں
 بی ایم سی کی طرح تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) نے بھی پینل کے اعتبار سے ووٹر لسٹ بلدیہ کی ویب سائٹ : 
www.thanecity.gov.in
 پر ’ الیکشن ۲۰۲۲ء‘ کے عنوان کے تحت مہیا کرائی  ہے۔ چونکہ پی ڈی ایف فارمیٹ میں اپ لوڈ کی گئی یہ فائل کافی بڑی ہے اسلئے  آن لائن اوپن نہیں ہور ہی ہے اسی لئے سبھی میونسپل وارڈ آفس میں اسے مہیا کرایاگیاہے جہاں شہری انہیں دیکھ سکتے ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK