سونو سود کو غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں نوٹس جاری کرنے والے شہری انتظامیہ نے اداکار کی داخل کردہ عرضداشت پر حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کورٹ کو بتایا کہ ’’ اداکارغیر قانونی تعمیرات کرنے کا عادی ہے اور اب وہ رہائشی بلڈنگ کو غیر قانونی طریقہ سے تجارتی بلڈنگ میں تبدیل کرکے مالی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔
سونو سود ۔ تصویر : آئی این این
سونو سود کو غیر قانونی تعمیرات کے معاملے میں نوٹس جاری کرنے والے شہری انتظامیہ نے اداکار کی داخل کردہ عرضداشت پر حلف نامہ داخل کرتے ہوئے کورٹ کو بتایا کہ ’’ اداکارغیر قانونی تعمیرات کرنے کا عادی ہے اور اب وہ رہائشی بلڈنگ کو غیر قانونی طریقہ سے تجارتی بلڈنگ میں تبدیل کرکے مالی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے ۔‘‘ بی ایم سی نے حلف نامہ میں سونو سود کے لئے غیر قانونی تعمیرات کے’ عادی مجرم ‘ہونے کی اصطلاح کا استعمال کیا ہے ۔ حلف نامہ میں سونو سود پر جوہو میں واقع ۶؍ منزلہ رہائشی بلڈنگ کو تجارتی کمپلکس میں تبدیل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے شہری انتظامیہ نےیہ بھی بتایا کہ بی ایم سی اس سے قبل ماضی دو مرتبہ اداکار کی بلڈنگ میں غیر قانونی تعمیرات پر انہدامی کارروائی کر چکی ہے ۔بی ایم سی نے جوہو میں واقع شکتی ساگر نامی ۶؍ منزلہ رہائشی عمارت میں اسٹرکچرل تبدیلی کرنے اور رہائشی بلڈنگ کو ہوٹل میں تبدیل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ عرضداشت گزار نے گزشتہ سال اکتوبر ۲۰۲۰ء کو دیئے گئے نوٹس کے بعد سٹی سول کورٹ میں سوٹ فائل کیا تھا جسے کورٹ نے خارج کردیا تھا ۔
بی ایم سی نے بامبے ہائی کورٹ کی ۲؍ رکنی بینچ کے جسٹس ایس ایس شندےاور ایم ایس کارنک کو یہ بھی بتایا کہ ’’ اداکار نے انہدامی کارروائی کے بعد دوبارہ نہ صرف غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا ہے بلکہ اسے تجارتی عمارت میں تبدیل کرکے مالی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہا ہے ۔حلف نامہ کے بقول بلڈنگ میں تعمیراتی تبدیلی کے لئے لائسنس ڈپارٹمنٹ سے اجازت نہیں لی ہےا ور غیر قانونی تعمیرات کرکے اسے ہوٹل میں تبدیل کر دیاہے۔بی ایم سی نے دو رکنی بینچ سے کہا کہ اداکار نے منظور شدہ پلان کا حوالہ دے کر عرضداشت داخل کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات کو قانونی بتاکر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی ہےجبکہ تبدیلی کے سلسلہ میں اداکار نےکوئی پلان پیش نہیں کیا ہے اور نہ اجازت ہی حاصل کی ہے ۔
بی ایم سی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اداکار نے اب باقاعدہ رہائشی عمارت کو ہوٹل میں تبدیل کر دیا ہے اور ہوٹل چلانے کالائسنس بھی حاصل نہیں کیا ہے ۔ حلف نامہ کے مطابق سونو سود کی بلڈنگ میں غیر قانونی تعمیرات پر بی ایم سی نے فروری اور نومبر میں دو مرتبہ انہدامی کارروائی کی تھی ۔