Inquilab Logo

طوفان ’تاؤکتے‘ سے نمٹنے کے لئے بی ایم سی پوری طرح تیار

Updated: May 17, 2021, 1:47 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نے مختلف ایجنسیوں کی میٹنگ طلب کی اور ضروری اقدامات کی ہدایت دی۔ ممبئی اور اطراف میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کی محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی

 Lifeguards can be seen on the shores of Mumbai busy preparing for the storm.Picture:INN
طوفان کے پیش نظر ممبئی کے ساحل پر لائف گارڈ کوتیاریوں میں مصروف دیکھا جاسکتا ہے۔تصویر: آشیش راجے

 محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہےکہ بحر عرب میں آنے والے طوفان’ تاؤکتے‘   کے سبب  پیر کو ممبئی ، تھانے اور پال گھر میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔ اسی کے  پیش نظر ممبئی کے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے اس طوفان سے بچاؤ کےکام کیلئے مختلف ایجنسیوں کی میٹنگ طلب  کرکے تمام ضروری اقدام کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گزشتہ روز بھی محکمہ موسمیات نے پیر کو تیز بارش  اور طوفانی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی تھی جس کے سبب سنیچر اور اتوار کی شب میں ممبئی  اور تھانے کے کئی مقامات پر تیز بارش ہوئی  اور کچھ دیر کیلئے طوفانی ہوائیں بھی چلیں۔
اکیس۲۱؍ درخت گرے
 میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق طوفانی ہواؤں سے ممبئی اور تھانے میں ۲۱؍ درخت اور شاخیں گریں۔ بی ایم سی کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق سنیچر کی رات ۱۱؍ بجے سے اتوار کی دوپہر ایک بجے تک ممبئی میں مختلف مقامات پر ۱۲؍ درخت گرے۔ ان میں مغربی مضافات میں ۱۰؍ اور شہر میں ۲؍  درخت شامل ہیں ۔ ان حادثات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ اسی  طرح کے حادثات سے بچنے کیلئے شہری انتظامیہ نے کووڈ سینٹر کے آس  پاس کمزور درختوں کی چھٹائی کی تھی۔
 تھانے  میں اتوار کو مختلف مقامات پر ۳؍ درخت اور ۶؍ شاخیں گری ہیں۔ ان حادثات میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تھانے میں مجموعی طور پر ۱ء۷۷؍  ملی میٹر بارش درج کی گئی ۔ شہر ی علاقوں میں اتوار کو معمولی بارش ہوئی لیکن شدید گرمی سے شہریوںکا  حال براتھا۔ 
ممبئی اور تھانے کیلئے اورینج الرٹ
 محکمہ موسمیات نے  پیر(آج) کو رائے گڑھ کیلئے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے جبکہ ممبئی ، تھانے، پال گھراور رتناگیر ی کیلئے  اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔ رائے گڑھ میں انتہائی تیز بارش جبکہ ممبئی ، تھانے ، پال گھر اورر تنا گیری میں موسلادھار بارش ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
 ممبئی کے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر کے ایس ہوسلیکر کے مطابق محکمہ موسمیات نے  پیشگوئی کی ہے کہ پیرکو طوفان کے باعث ممبئی میں۶۰؍ تا ۸۰ ؍کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے  تیز ہوائیں  چلیں گی۔  اگرچہ  اس  طوفان سے ممبئی شہر کو براہ راست خطرہ نہیں  ہے کیونکہ یہ ممبئی کے ساحل کے قریب سے گزرے گا۔ طوفان اور تیز بارش کے امکان کے پیش نظر تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔  
میئر نے ڈیزاسٹرمینجمنٹ کنٹرول روم سے حالات کا جائزہ لیا 
   ممبئی کی میئر کشوری پیڈنیکر   بی ایم سی ڈیزاسٹر کنٹرول روم گئی اور وہاں سےحالات کا جائزہ لیا۔انہوںنے  متعلقہ افسران کو طوفان سے بچاؤ کے اقدام کرنے کی بھی ہدایت دی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی افسر رشمی لوکھنڈے نے میئر کوطوفان کے تعلق سے بتایا ۔  میئر کشوری پیڈنیکر نے شہریو ںسے درخواست کی ہے کہ  بی ایم سی کی جانب سے شہریوں سے ساحلوں پر نہ جانےاور گھرو ںمیں محفوظ رہنے کی جو ہدایات دی ہیں، ان پر عمل کریں۔
بیسٹ کی جانب سے مختلف مقامات پر ٹریفک انسپکٹر تعینات
 طوفان کے پیش نظر برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ (بیسٹ)  کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے مختلف مقامات پر ٹریفک انسپکٹر تعینات  کئے گئے ہیں نیزکنٹرول روم میں زیادہ افسرن کو محکمہ بجلی سپلائی نے طلب کیا ہے۔ اسی طرح محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ پاور سپلائی نے بھی بی ایم سی کے ایمرجنسی روم میں افسران کا تقرر کیاہے۔
طوفان کے سبب تھانے میں تمام ہورڈنگز کا معائنہ 
 طوفان کے سبب شہر میں لگی ہوئی بڑی بڑی ہورڈنگز سے کوئی حادثہ نہ ہو اس کیلئے تھانے کے میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما نے سبھی میونسپل وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ  ان ہورڈنگز کی جانچ کر لیں کہ طوفانی ہواؤں سے گر تو نہیں جائیں گی۔ اس ہدایت کے مطابق  سبھی اسسٹنٹ میونسپل کمشنر اپنے اپنے علاقوں میں لگی ہوئی ہورڈنگز کی جانچ کرنے میں مصرو ف ہو گئے ۔
 محکمہ موسمیات نے اندیشہ  ظاہر کیا ہےکہ پیر کو ممبئی ، تھانے اور پال گھر علاقے میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی اسی کے سبب  احتیاطی اقدام کئے جارہے ہیں۔  تھانے میونسپل کمشنر نے طوفان سے نمٹنے کیلئے ضروری تیاریوں کی بھی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK