Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی شہر میں غیر قانونی اسٹالوں پر کارروائی کرے گی

Updated: July 30, 2025, 11:58 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد جن علاقوں کی سڑکوں اور فٹ پاتھوںپر سلسلہ وارکارروائی کی جانے والی ہے، ان میں سی ایس ایم ٹی، محمد علی روڈ، دادر، کرلا، باندرہ اور دیگر علاقے شامل ہیں

The civic administration is going to take a series of actions against illegal hawkers and encroachments. (File photo)
شہری انتظامیہ غیرقانونی ہاکرس اور قبضوں کے خلاف سلسلہ وارکاررروائی کرنے والا ہے۔(فائل فوٹو)

 فٹ پاتھوں اور سڑکو ںپر غیر اسٹالوں اور قبضوںپر بامبے ہائی کورٹ کی سرزنش اور  بارہا دیئے گئے احکامات کا اثر شہر میں واضح طو رپر دکھائی دینے لگا ہے ۔ بی ایم سی نے شہر کی فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر خصوصی طو رپر ریلوے اسٹیشنوں سے متصل فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں کے خلاف انہدامی کارروائی پر سختی سے عمل کرنا شروع کر دیا ہے ۔یہی نہیں بی ایم سی اس کارروائی کو سلسلہ وار انجام دے گی اور شہر کے ۲۰؍ مقامات پر انہدامی کارروائیوں کو انجام دیا جائے گا۔
  منگل کو بی ایم سی کے انہدامی دستہ نے  قلابہ کازوے کی فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر لگنے والی مشہور مارکیٹ میں ۱۷۰؍ اسٹالوں اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہدامی مہم کا آغاز کیا تھا ۔ مذکورہ  مارکیٹ میں ۲۵۳؍ اسٹال لگتے ہیں جن میں سے ۸۳؍ اسٹالوں   ہی  کے پاس لائسنس ہے ۔ بی ایم سی انہدامی دستہ کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق ہائی کورٹ کے حکم پر نہ صرف قلابہ کازوے میں غیر قانونی قبضوں  کے خلاف کارروائی شروع کی گئی ہے بلکہ شہر اور مضافات کی فٹ پاتھوں خصوصی طور پر مختلف ریلوے اسٹیشنوں سے متصل سڑکوں او رفٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضہ کرنے اور اسٹال لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ۔اس کا یہ بھی کہنا ہے کہ شہرو مضافات کے۲۰؍ مقامات پر غیر قانونی قبضہ کرنے اور اسٹال لگانے والے ہاکروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ اس سلسلہ میںان علاقوں کی فہرست بھی تیار کی گئی ہے ۔کارروائی کے لئے کوئی دن یا تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے لیکن ہائی کورٹ کی ہدایت پر جلد سے جلد اس کارروائی کو مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گا ۔ قلابہ کازوے مارکیٹ کے علاوہ جن علاقوں میں غیر قانونی اسٹال اور قبضہ کرنے والے ہاکروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی، ان میں چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی )سے متصل سڑک ، بامبے ہائی کورٹ کے قریب کی سڑکوں کے علاوہ محمد علی روڈ ، بھنڈی بازار ، دادر ، باندرہ لنکنگ روڈ ، ہل روڈ ، اندھیری، ملاڈ ، گھاٹکوپر ، کرلا اور دیگر علاقے شامل ہیں ۔
 شہر اور مضافات میں ہر چند کہ اس سے قبل بھی شہری انتظامیہ نے الگ الگ علاقوں میں لگنے والے بازار اور پھیری والوں کے غیر قانونی قبضوں  کے خلاف کارروائی کی ہے لیکن اس کے چند گھنٹے یا چند دن بعد ہی دوبارہ قبضہ کر لیا جاتا ہے ۔بی ایم سی کو اپنی اس ناکامی کا بھی اعتراف ہے اس لئے اس نے اب بامبے ہائی کورٹ کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شہر کی فٹ پاتھوں سے مستقل طو رپر غیر قانونی اسٹالوں اور پھیری والوں کا قبضہ ختم کرنے کا ارادہ ظاہر کیا ہے ۔بی ایم سی کا اس کارروائی سے متعلق یہ بھی کہنا ہے کہ فٹ پاتھوں پر غیر قانونی اسٹال لگاکر یا سڑکوں پر قبضہ کرکے کاروبار کرنے والوں کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کا مسئلہ ہوتا ہے بلکہ راہگیروں کو بھی  پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ بعض اواقات خصوصی طور  پر ریلوے اسٹیشنوں کے قریب کئے جانے والے قبضوں  کے سبب مسافروں اور پھیری والوں میں نہ صرف لفظی تکرار ہوتی ہے بلکہ مار پیٹ بھی ہوجاتی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK