Updated: September 12, 2026, 11:43 AM IST
| Mumbai
بامبے ہائی کورٹ نے مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرنگے کے مجوزہ ممبئی مارچ پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ محض اندیشے کی بنیاد پر کسی شخص کو احتجاج کے قانونی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو امن و امان برقرار رکھنے اور ضرورت پڑنے پر جرنگے کو طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔
منوج جرنگے۔ تصویر: آئی این این
بامبے ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنما منوج جرنگے کے ممبئی میں مجوزہ احتجاجی مارچ پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ محض کسی اندیشے کی بنیاد پر کسی فرد کو احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا، کیونکہ احتجاج کرنا اس کا قانونی حق ہے۔ عدالت نے کہا کہ مہاراشٹر حکومت امن و امان کی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
چیف جسٹس ایم سی ترپاٹھی اور جسٹس ادویت سیٹھنا پر مشتمل بنچ نے کہا کہ صرف اس اندیشے کی بنیاد پر امتناعی حکم جاری نہیں کیا جاسکتا کہ گزشتہ سال جیسے حالات دوبارہ پیدا ہو سکتے ہیں، جب جرنگے کی بھوک ہڑتال کے باعث جنوبی ممبئی کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی تھی۔ عدالت نے واضح کیا کہ ’’ہم ایک جمہوری ملک میں رہ رہے ہیں‘‘ اور محض کسی خدشے کی بنیاد پر کسی شخص کو اس کے قانونی حق، یعنی احتجاج کرنے سے نہیں روکا جاسکتا۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی میں سربراہان مملکت اکٹھا، آج سےسربراہی اجلاس
عدالت نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ جالنہ ضلع کے انتروالی ساراتی گاؤں میں تازہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے منوج جرنگے کو ضرورت پڑنے پر تمام ضروری طبی امداد فراہم کی جائے۔ عدالت نے کہا کہ ریاستی حکومت کو آگے بڑھ کر جرنگے سے بات چیت کرنی چاہیے۔ بنچ نے کہا، ’’اس مرحلے پر ہم کوئی مداخلت نہیں کر سکتے، اگر آگے چل کر ضرورت پڑی تو دیکھا جائے گا۔‘‘
سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل ملند ساٹھے نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کو ممبئی میں احتجاج کے لیے جرنگے کی جانب سے فی الحال کوئی باقاعدہ درخواست موصول نہیں ہوئی ہے۔ ہائی کورٹ ممبئی کے شہریوں نلیش داہانوکر اور راجیش دالوے کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کر رہی تھی، جس میں جرنگے اور ان کے ہزاروں حامیوں کے ممبئی مارچ کو روکنے کے لیے عدالتی مداخلت کی درخواست کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے:کرناٹک میں ’وندے ماترم‘ کے صرف دو بندگائے جائیں گے
درخواست گزاروں کی تشویش پر عدالت نے حکومت اور جرنگے کو نوٹس جاری کرکے ان کا جواب طلب کیا۔ بنچ نے کہا کہ اگر کوئی شخص قانون اپنے ہاتھ میں لیتا ہے یا قانون کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ریاستی مشینری اس سے نمٹنے کے لیے پوری طرح اہل ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ اگر گزشتہ سال جیسے حالات دوبارہ پیدا ہوتے ہیں تو عدالت بھی اس صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
واضح رہے کہ ملازمتوں اور تعلیم میں مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کا مطالبہ کرنے والے منوج جرنگے نے جمعرات کو کہا تھا کہ ان کا ممبئی مارچ طے ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ ۱۲؍ ستمبر کو احتجاجی مقام پر حامیوں کے جمع ہونے کے بعد مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔