• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناٹک میں ’وندے ماترم‘ کے صرف دو بندگائے جائیں گے

Updated: September 11, 2026, 3:31 PM IST | Agency | Bengaluru

سرکاری تقریبات کے تعلق سے ریاستی حکومت کا فیصلہ،جن تقریبات میں صدر،نائب صدر، وزیراعظم یا گورنر شریک ہونگے محض ان تقریبات میں مکمل۶؍بند گائے جائیں گے،وزیراعلیٰ شیو کمار نے ہدایات جاری کیں۔

Karnataka Deputy Chief Minister D.K. Shivakumar at the event marking the completion of the government`s 100 days. Photo: PTI
کرناٹک کے وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمارحکومت کے ۱۰۰؍دن مکمل ہونے کی تقریب میں۔ تصویر: پی ٹی آئی

کرناٹک حکومت نے جمعرات کو ایک حکم نامہ جاری کیا ہے جس میں سرکاری تقریبات میں ’وندے ماترم ‘کے صرف پہلےدو ’بند‘گانے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔یہ حکم ریاست میں منعقد ہونے والی سرکاری تقریبات پرنافذہوگا، لیکن صدرجمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم، یا گورنر کے شامل ہونے والے پروگراموں کو اس حکم سے باہر رکھا گیاہے۔کرناٹک میں کانگریس حکومت کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہےجب وزیر اعظم مودی کی قیادت والی بی جے پی کی مرکزی حکومت نے سبھی سرکاری تقریبات میں قومی ترانے’ وندے ماترم‘ کے سبھی ۶؍ ’بند‘ گانے کو لازمی قرار دیا ہے۔حالانکہ کرناٹک میں ڈی کے شیوکمار حکومت کا اس حکم میں قومی ترانہ ’وندے ماترم‘ کے سبھی چھ’ بند‘گانے پر مکمل پابندی نہیںلگائی گئی ہے۔ اس حکم میں یہ شرط بھی شامل ہےکہ قومی ترانہ’وندے ماترم‘ کے تمام چھ بند صرف انہی سرکاری تقریبات میں گائے جائیں گے جہاں صدر جمہوریہ، نائب صدر، وزیر اعظم، یا گورنرموجود ہوں گے۔اس کے علاوہ ریاستی حکومت کے کسی بھی پروگرام میں قومی ترانہ’ وندے ماترم‘ کے صرف پہلے دو ’بند ‘ ہی گائے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی حکومت نے اس سلسلے میں سرکاری ہدایات جاری کی ہیں۔اس سال پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں وندے ماترم کےتعلق سے ایک قانون پاس کیاگیا۔اس قانون کے تحت ’وندے ماترم‘گانے کو جان بوجھ کر روکنے،اس میں خلل ڈالنے یا اس کی عوامی سطح پر توہین کرنے کو قابل سزا جرم سمجھا جائے گا۔ اس طرح کے اقدامات پر۳؍سال تک قید، جرمانہ یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔واضح رہے کہ اس سال۱۵؍ اگست کو یوم آزادی کی تقریبات کے دوران پہلی بار لال قلعہ کی فصیل سے ’وندے ماترم‘کے پورے چھ ’بند‘ گائے گئے۔

یہ بھی پڑھئے:انسٹاگرام پر۸۰؍ کی دہائی کے لُک کا نیا ٹرینڈ، اے آئی سے بنائی گئیں تصاویر وائرل

فیصلہ اہم کیوں ہے؟
یہ فیصلہ اس لئے ہم ہے کہ اس سال۹؍ جولائی کو مرکزی وزارت داخلہ نے ہدایت جاری کی تھی کہ سبھی سرکاری پروگراموں میں ’قومی ترانہ‘جن گن من گن کے سا تھ ’وندے ماترم‘کے سبھی ۶؍ بند گائے جائیں ۔اس کے بعد ۱۹؍اگست کو کانگریس ورکنگ کمیٹی نے وندے ماترم کے تعلق سے ۱۹۳۷ء کی اپنی تجویز پر عمل کرنے فیصلہ کیا۔اس تجویزکے تحت پارٹی کے پروگرام میںوندے ماترم کے صرف دو بندگائے جاتے ہیں۔کانگریس ورکنگ کمیٹی نے اعلان کیا کہ پارٹی اپنے تمام پروگراموںمیں وندے ماترم کے ۶؍میں سے صرف پہلے دو ہی بند گائے جائیں گے۔ یہ فیصلہ۱۵؍ اگست کو کانگریس ہیڈکوارٹر میں وندے ماترم کے تعلق سےپیدا ہونے والے تنازعہ کے بعدآیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK