ریاستی کانگریس کی میٹنگ میں بی ایم سی انتخابات تنہا لڑنے کے اعلان پرشیوسینا سربراہ ادھوٹھاکرے کا ردعمل مگر مہاوکاس اگھاڑی میں پھوٹ سے انکارکیا۔
ادھوٹھاکرے۔ تصویر:آئی این این
بہارالیکشن کے مایوس کن نتائج کے باوجود کانگریس کےبی ایم سی الیکشن کیلئے حوصلے بلند ہیں اسی لئے گزشتہ روز ریاستی کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا اور ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ نے اعلان کیاہےکہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی) کا چناؤ کانگریس اپنے بل پر علاحدہ لڑے گی اور کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی۔ اس تعلق سے جب ادھو ٹھاکرے سے سوال کیا گیا توانہوںنے ایک جملے میں جواب کہ ’’کانگریس اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہے اور ہم (شیو سینا) اپنا فیصلہ کرنے کیلئے خود مختار ہیں۔‘‘
ووٹر لسٹ اور الیکشن میں گڑبڑی کے تعلق سے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ’’ہم انتخابات کی مخالفت نہیں کرتے کیونکہ یہ سیاست کی لائف لائن ہے لیکن انتخابی عمل میں اگر شفافیت نہ ہو تو کیا اسے جمہوریت کہا جائے گا؟‘‘انہوں نے بی جے پی پر علاقائی پارٹیوں کو ختم کرنے کی سازش کا الزام بھی لگاتے ہوئے کہا کہ علاقائی پارٹیوں کو کچلنے والی کوئی بھی پارٹی ملک میں زندہ نہیں رہے گی۔
یادر ہےکہ شیو سینا ( ادھو) اور مہاراشٹر نونرمان سینا ( ایم این ایس) کے متحد ہوکر بی ایم سی الیکشن لڑنے کے اعلان کےبعد شیو سینا ( ادھو ) کے ترجمان سنجے راؤت نے صاف طور پر کہا تھا کہ ٹھاکرے برادران بی ایم سی الیکشن متحد ہو کر لڑیں گے جنہیں ہمارے ساتھ آنا ہے، وہ آسکتے ہیں۔ راج ٹھاکرے کو ساتھ لینے سے کانگریس میں ناراضگی پائی جارہی تھی اسی لئے یہ فیصلہ کیاگیا ہے۔
یہ پوچھنے پر کہ بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے قائم کی گئی مہا وکاس اگھاڑی میں کیا پھوٹ پڑ گئی ہے؟توشیو سینا سربراہ ادھو بالا صاحب ٹھاکرے نے کہاکہ’’ پھوٹ کہنا درست نہیں ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ دونوں پارٹیاں اپنا اپنا فیصلہ کرنے میںآزاد ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ بلدیاتی انتخابات میں مہا وکاس اگھاڑی کے رول کے تعلق سے شیوسینا ( ادھوٹھاکرے) کے ترجمان سنجے راؤت پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ایم وی اے اسمبلی انتخابات کیلئے تشکیل دی گئی ہے اور انڈیا اگھاڑی پارلیمانی انتخابات کیلئے بنائی گئی ہے ، ان دونوں ایم وی اے یا انڈیا اگھاڑی کی تشکیل کے وقت بلدیاتی انتخابات کیلئے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاگیاہے اور ان اتحاد کی سبھی پارٹیاں اپنے اپنے طور پر انتخابات لڑنے کا فیصلہ لے سکتی ہیں۔
بی ایم سی انتخابات کے سلسلے میں گزشتہ روز مہاراشٹرکانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا کی قیادت میں اہم میٹنگ منعقد کی گئی تھی جس میں رمیش چنیتھلا نے پارٹی عہدیداروں سے پوچھا تھا کہ بی ایم سی الیکشن کیسے لڑنا چاہئے ؟ اتحاد میں یا الگ ؟اس پر عہدیداروں کی اکثریت نےبہ آواز بلند اپنے بل پر چناؤلڑنے کی رائے دی تھی۔
بعدازیںمیڈیا کے نمائندوں سےگفتگو کرتے ہوئے رمیش چنیتھلا نے کہا تھا کہ ضلع کانگریس کمیٹی، بلاک کانگریس کمیٹی اور پارٹی کے تمام عہدیداروں کی یہی خواہش ہے کہ ہم اپنے بل پر الیکشن لڑیں اس لئے ہم بی ایم سی کے سبھی ۲۲۷؍ وارڈوں پر اپنے بل بوتے پر میونسپل کارپوریشن کا الیکشن لڑیں گے۔