Inquilab Logo

’’پارٹی توڑو، حکومت کرو پالیسی جمہوریت کیلئے خطرہ ‘‘

Updated: August 30, 2022, 10:29 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

وزیراعلیٰ شندے کے گڑھ میں شرد پوار کا بی جےپی پر حملہ، زعفرانی پارٹی پر ایک بھی وعدہ وفانہ کرنے کا الزام لگایا، وعدہ خلافیوں کی پوری فہرست پیش کردی

Addressing a press conference at Sharad Pawar police station, he slammed the Modi government. (Photo: PTI)
شرد پوار تھانے میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے مودی سرکار کے بخئے ادھیڑ دیئے۔(تصویر: پی ٹی آئی)

  این سی پی صدر شرد پوار نے بی  جےپی پر غیر بی جےپی ریاستوں میں ’’پارٹی توڑو ، حکومت کرو‘‘کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے  پیر کو متنبہ کیا کہ یہ ملک کی جمہوریت کیلئے خطرناک ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے  الزام لگایا کہ ۲۰۱۴ء میں اقتدار میں آنے کے بعد سے آج تک بی جےپی نے اپنا ایک بھی وعدہ پورا نہیں  کیا  ہے۔   وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے گڑھ تھانے میں  بی جےپی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے زعفرانی پارٹی کی وعدہ خلافیوںکی پوری فہرست بھی  عوام کے سامنے پیش کردی۔ 
  بی جے پی کی وعدہ خلافی اور   اپوزیشن کی حکومتیں گراکرغیر جمہوری طریقے سے بی جےپی  کی  حکومت  بنانے کی سازشوں کو بے نقاب کرنے کیلئے  شرد پوار نے پیر کو ریاست گیر سطح پر عوام کو بیدار کرنے کیلئے مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع  پر انہوںنے بلقیس بانو کے مجرمین کورہا کرنے کی  بھی مذمت  کی اوراسے مودی حکومت کا خواتین کےتحفظ کے تئیں اصل چہرہ قرار دیا۔
 تھانے میں این سی پی کے عہدیداروں  کے ساتھ میٹنگ کے بعد  شرد پوار نے سابق وزیر جتیندر اوہاڑ کے دفترمیں میڈیا سے خطاب کیا۔اس موقع پر اوہاڑ  کے علاوہ رکن اسمبلی ششی کانت شندے  اور دیگرموجود تھے۔ 
 شرد پوار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے اب  تک  جو وعدے کئےہیں ان  میں سے ایک بھی  پورا نہیں کیا ۔ اتنا ہی نہیں جن ریاستوں میں انہیں اقتدار نہیں ملا تو وہاں لوگوں کو توڑنے،  ای ڈی  اور سی بی آئی جیسی مرکزی  ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے ان کے ذریعے لوگوں کو دباؤ بنانے اور اقتدار پر قبضہ کرنے کی سنگین تصویر آج ملک کے سامنے ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ جمہوری حکومتوں کے خلاف رائے عامہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ 
 شرد پوار نے کہا کہ۲۰۱۴ء میں حکمراں  جماعت نے ’اچھے دن ‘کا وعدہ  کیا تھا مگر اگلے الیکشن میں وہ  اچھے دن کے وعدے کو بھول گئی۔ ’نیو انڈیا۲۰۲۲ء‘کا نعرہ دیا گیا  اور ۲۰۲۴ء  تک  ملک  کو  ۵؍ ارب کی معیشت کا خواب دکھایا مگر وہ خواب بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوا۔ 
 شرد پوار نےیاد دلایا کہ وعدہ کیاگیا تھا کہ کوئی بھی گرام پنچایت۲۰۲۲ء کے بعد انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر نہیں  ہوگی مگر زمینی سطح پر کیا صورتحال ہے سب جانتے ہیں۔ جب پارلیمنٹ میں اس سلسلے میں ایک سوال پوچھا گیا تو اس محکمہ کے وزیر منوہر سنہا نے  اعتراف کیا ہے کہ ۲۰۱۹ء تک  ڈھائی لاکھ گرام پنچایتوں میں  انٹر خدمات میسر نہیں ہو سکی ہیں  ۔ 
 شرد پوار نے کہا کہ ’’ ہر شہری کو گھر اسکیم کے تعلق سے پارلیمنٹ میں سوال پوچھا گیا تو پتہ چلا کہ یہ بھی چناؤی وعدہ ہی ثابت ہوا۔ اب  تک سب کو گھر نہیں ملا۔ ملک بھر میں۵۸؍ لاکھ گھر تعمیر کئے گئے ہیں اور ملک کی۳۰؍ فیصد آبادی کو بھی گھر نہیں ملے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ’ہر گھر جل ‘ کا وعدہ  یا ۲۰۲۲ء تک ہر شہری کو۲۴؍ گھنٹے اور ہفتے میں ساتوں دن بجلی فراہم کرنے کا وعدہ ، کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا ہے تاہم حکومت نئے وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK