• Thu, 12 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جے پی اور شیوسینا ( شندے) کا ودربھ میں اتحاد، این سی پی (اجیت) کہیں ساتھ کہیں مقابل

Updated: December 27, 2025, 9:54 AM IST | Nagpur

مہایوتی کی تینوں پارٹیوں کی میٹنگوں کے بعد فیصلہ، ناگپوراور امراوتی میں این سی پی (اجیت) اتحاد میں شامل نہیں ہوگی ، اکولہ اور چندر پور میں اسے ساتھ لیا جائے گا

Mahayoti: Together whenever they want, apart whenever they want (file photo)
مہایوتی: جب چاہیں ساتھ، جب چاہیں الگ( فائل فوٹو)

حال ہی میں ہوئے میونسپل کونسل اور نگر پنچایت الیکشن میں بی جے پی نے  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے آبائی ضلعناگپور میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری ریاست کی توجہ مرکوز تھی۔ اب سب کی نظریں آئندہ کارپوریشن الیکشن پر ہیں۔ اس سلسلے میں ناگپور میں مہایوتی کی  اتحاد کے تعلق سے ایک اہم میٹنگ ہوئی، جس میں آخرکار مہا یوتی کے  اتحاد خاکہ تیار کیا گیا۔ طے کیا گیا ہے کہ بی جے پی اور شیوسینا (شندے) ودربھ کے تمام اضلاع میں متحد ہو کر لڑیں گی جبکہ این سی پی (اجیت) کچھ مقامات پر ساتھ ہوگی تو کچھ مقامات پر مقابلہ کرے گی۔  
  اطلاع کے مطابق میٹنگ میں طے کیا گیا ہے کہ بی جے پی اور شیو سینا (شندے) ودربھ کے چار شہروں ناگپور، امراوتی، چندر پور اور اکولہ میں اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ جبکہ چندر پور اور اکولہ میں این سی پی کو بھی اتحاد میں شامل کیا جائے گا۔ تاہم، اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ناگپور اور امراوتی میں این سی پی اتحاد سے باہر رہ کر آزادانہ طور پر الیکشن لڑے گی۔ ناگپور میں بی جے پی اور شیوسینا کے سینئر لیڈروں کی جمعرات کی رات میٹنگ ہوئی اور ودربھ کے مذکورہ چار شہروں میں بی جے پی اور شیو سینا (شندے) کے درمیان اتحاد کا فیصلہ کیا گیا ۔
  شیوسینا لیڈر اُودے سامنت نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اطلاع دی کہ ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا گیا ہے کہ کونسی پارٹی کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑے گی۔ دونوں جماعتیں چاروں شہروں میں اپنے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کریں گی اور اس سے واضح ہو جائے گا کہ کون سی جماعت کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔ بتادیں کہ بی جے پی کے  ودربھ دفتر پر سینئر لیڈر چندر شیکھر باونکولے کی صدارت میں جمعرات کو ایک میٹنگ ہوئی جس میں اکولہ، امراوتی اور چندرپور سے بی جے پی کور کمیٹی کے اراکین نے حصہ لیا۔ جبکہ دوسری طرف ناگپور، امراوتی، اکولہ اور چندر پور شہروں سے شیو سینا کے اعلیٰ عہدیداروں کی میٹنگ ہوٹل سینٹر پوائنٹ پر اُودے سامنت اور سنجے راٹھور کی موجودگی میں ہوئی۔ اس کے بعد شیو سینا کے لیڈر بی جے پی کے دفتر پہنچے اور بی جے پی لیڈروں سے ملاقات کی، اور یہ طے پایا کہ دونوں پارٹیاں اتحاد بنائیں گی اور چاروں شہروں میں الیکشن لڑیں گی۔
  ناگپور اتحاد میں بی جے پی اور شیو سینا کے ساتھ ساتھ کچھ چھوٹی پارٹیاں بھی شامل ہوں گی۔ تاہم ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ این سی پی اتحاد سے باہر رہتے ہوئے آزادانہ طور پر الیکشن لڑے گی۔امراوتی میں بی جے پی، شیوسینا اور یووا سوابھیمان پارٹی کا اتحاد ہوگا، یہاں این سی پی آزادانہ طور پر الیکشن لڑے گی۔ جبکہ اکولہ اور چندرپور اتحاد میں تینوں پارٹیاں شامل ہوں گی۔یاد رہے کہ این سی پی نے مقامی انتخابات میں بیشتر جگہوں پر مہایوتی سے دوری بنائے رکھی ہے۔ اس  نے میونسپل کونسل اور  نگر پنچایت میں بھی علاحدہ الیکشن لڑا تھا۔ 
 مبصرین کا کہنا ہے کہ درحقیقت اجیت پوار کی پارٹی کو لگتا ہے جن علاقوں میں مسلم ووٹروں کے درمیان اس کی مقبولیت ہے وہاں اسے مہایوتی سے الگ ہو کر الیکشن لڑنا چاہئے جبکہ جہاں اسے ہندو ووٹوں کی ضرورت پیش آئے گی وہاں اسے اتحاد میں شامل ہو جانا چاہئے۔ اس نے کئی مقامات پر این سی پی (شرد) سے بھی گفتگو کی ہے۔ ممکن ہے کہ راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کی طرح دونوں پارٹیاں بھی متحد ہو کر الیکشن لڑیں۔ حالانکہ کارپوریشن الیکشن کے تعلق سے اجیت پوار نے اب تک کوئی واضح بیان نہیں دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK