Inquilab Logo

بی آر ایس قومی سطح پر اپنا مقام بنانا چاہتی ہے،مہاراشٹر سے اس کا آغاز ہو رہاہے

Updated: May 20, 2023, 8:40 AM IST | nanded

بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس)کے قومی صدر اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے راج شیکھر ریڈی ۲؍ روزہ دورے پر جمعہ کو ناندیڑ پہنچے۔صبح ۱۱؍ بجے وہ حیدرآباد سے بذریعہ ہوائی جہاز ناندیڑ ایئر پورٹ پہنچے ۔

Addressing the CR meeting of BRS National President and Telangana Chief Minister.
بی آرایس کے قومی صدر اور تلنگانہ کے وزیراعلیٰ کے سی آر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

 بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس)کے قومی صدر اور تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے راج شیکھر ریڈی   ۲؍ روزہ  دورے پر جمعہ کو ناندیڑ پہنچے۔صبح ۱۱؍ بجے وہ حیدرآباد سے بذریعہ ہوائی جہاز  ناندیڑ ایئر پورٹ پہنچے ۔یہاں سے ان کا قافلہ ناندیڑ میں بی آر ایس کے سینئر لیڈر شنکر اننا دھونڈگے کے گھر پہنچا ۔اسکے بعد وہ دیڑھ  بجے پارٹی کارکنان کے ریاستی اجلاس سے خطاب کرنے کیلئے اننتا لانس آئے ۔یہاں انہوں نے ریاست کے مختلف مقامات سے سیکڑوں کی تعدادمیں آنے والے  اپنی پارٹی کے کارکنان سے خطاب کیا۔جس میں انہوںنے کہا کہ ’’بی آر ایس پارٹی تلنگانہ سے نکل کر قومی سطح پر اپنا ایک مقام بنانے منصوبہ رکھتی ہے ۔مہاراشٹر سے بی آر ایس پارٹی کی قومی سیاست کا آغازہورہاہے ۔ْمہاراشٹر میں تلنگانہ کے ترقیاتی ماڈل کو لیکر اور’’ اب کی بار کسان سرکار ‘‘اس نعرے کے ساتھ عوام کے درمیان  جانا ہے ۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پارٹی کو مہاراشٹر کے کونے کونے میں تک لے جانا ہے ہر گاؤں دیہات میں جاکر لوگوں کو پارٹی کا تعارف کروانا ہے اور انہیں بی آر ایس پارٹی کے عزائم کے بارے میں معلومات دینا ہے ۔‘‘بی آر ایس کا تعارف کروانے کیلئے پرنٹیڈ میٹریل کے علاوہ ویڈیوز بھی بنائے گئے ہیں جنہیں سوشل  میڈیا پلیٹ فارمس کے ذریعے لوگوں تک پہنچایا جائےگا ۔کے سی آر نے اپنی تقریر میں یہ بھی کہا کہ’’ ہم نے مہاراشٹر کے لئے باضابطہ ایک سوشل میڈیا کا انچارج بنایا ہے ۔دہلی سے روزانہ عوام تک پہنچانے کیلئے پیغامات بھیجے جائیں گے انہیں پارٹی کارکنان کو اپنے موبائل کے ذریعہ لاکھوں لوگوں تک پہنچانے کا ہدف دیا جارہا ہے ۔‘‘
 کے سی آر نے اپنی تقریر میں کرناٹک کے انتخابی نتائج کا تذکرہ کرتے ہوئے بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کی ، انہوں  نے کہا کہ’’ کرٹانک میں بی جے پی کی حکومت گئی  اوراب کانگریس کی حکومت بننے جارہی ہے لیکن وہاں کے لوگوں کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔یہ صرف ایک پارٹی کی جیت اور ایک پارٹی کی شکست ہے اس سے زیادہ کچھ نہیں کیونکہ کانگریس پارٹی کو ملک کے حالات بدلنے کیلئے پچاس سال سے زائد کا وقت ملا تھا لیکن ملک کے حالات نہیں بدلے اسی طرح بی جے پی کو بھی اقتدار میں آئے۱۶؍ سال کا وقت ملا ہے لیکن بی جے پی نے بھی کوئی تبدیلی نہیں کی ۔‘‘ کے سی آر نے بجلی پانی اور کسانوں کے مسائل کا بھی ذکر کیا ۔پانی کی قلت کے مسئلہ کے لئے موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کو ذمہ دار ٹھہرایا ۔وافر مقدار میں بارش ہونے کے باوجود لوگوں کو پینے کے لئے اور کاشتکاری کے لئے مطلوبہ مقدار میں پانی نہیں مل پارہاہے ۔ بارش کے پانی کا صحیح منصوبہ بند ی کے ساتھ استعمال کیا جائے اور اس کی  ذخیرہ اندوزی کیلئے بڑے بڑے آبی پروجیکٹ بنانے کی ضرورت ہے ۔بی آر ایس پارٹی اقتدار میں آکر لوگوں کو تمام بنیادی سہولیات پہنچانے کی کوشش کرے گی ۔
 کے سی آر نے پارٹی کارکنان کے اجلاس میں کہا کہ ایک مہینہ کے دوران ریاست کے تمام شہروں میں اور دیہاتوں میں پارٹی کا مکمل تعارف پہنچانا ہے ۔اسی طرح چھوٹے بڑے سبھی مقامات پر پارٹی کی ورکنگ کمیٹیاں تشکیل دینی ہے ۔بی آر ایس پارٹی نے ناگپور ،اورنگ آباد ،پونے اور ممبئی میں پارٹی کے دفتر قائم کرنے کی کارروائی شروع کی ہے ۔جلد ہی سبھی مقامات پر پارٹی کے اپنے دفتر ہونگے وہاں آنے والے کارکنان کو قیام و طعام کی سہولت پہنچائے جائے گی ۔انہوں نے کہ بھی کہا کہ بی آر ایس پارٹی جب سے مہاراشٹر کی سیاست میں اپنے قدم بڑھارہی ہے مہاراشٹر حکومت کوبھی اب کسانوں کی فکر ستانے لگی ہے اور کسانوں کے لئے امداد دینے کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔بی آر ایس  تلنگانہ میں سارے کسانوں کا جیون بیمہ کرواتی ہے اسکے پریمیم کی رقم حکومت تلنگانہ کی جانب سے دیا جاتاہے  ۔تلنگانہ میں تلاٹھی سسٹم بند کردیا گیا ہے لوگوں کو امدادی رقم ان کے بینک اکاؤنٹ میں راست بھیج دی جاتی ہے ۔اجلاس میںشنکر اننا دھونڈگے ،یشپال بھنگے ،پروین جیٹھیے واڑ ،ذاکر چاؤش ، ریاض احمد ،معین تماننا سمیت متعددشخصیا ت بھی موجود تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK