Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہار: نتیش کمار وزارت اعلیٰ چھوڑیں گے، راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل

Updated: March 06, 2026, 8:40 AM IST | Javed Akhtar | Patna

ریاست میں بڑے سیاسی الٹ پھیر کے تحت جنتادل ( یونائیٹڈ) کے قومی صدر نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے کر نئی دہلی جانےکا فیصلہ کیاہے۔

Bihar Chief Minister Nitish Kumar
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار

ریاست میں بڑے سیاسی الٹ پھیر کے تحت جنتادل ( یونائیٹڈ) کے قومی صدر نتیش کمار نے وزیر اعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے کر نئی دہلی جانےکا فیصلہ کیاہے۔ اس کیلئے انہوںنے جمعرات کو وزیر داخلہ امیت شاہ کی موجودگی میں راجیہ سبھا کے انتخابات کے لیےکاغذات  نامزدگی داخل کردیاہے۔بہار سےراجیہ سبھا کی پانچ سیٹوں کیلئے ۱۶؍مارچ کو الیکشن ہوناہے ۔ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’ پارلیمانی سیاست شروع کرنے سے قبل میری  ایک خواہش تھی کہ میں بہار قانون سازیہ کے دونوں ایوانوں کے ساتھ پارلیمنٹ کے بھی دونوں ایوانوںکا رکن بنوں ۔ اسی کڑی میںاس بار ہونےوالے راجیہ سبھا انتخابات میں راجیہ سبھا کا رکن بننا چاہتاہوں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: ’’ججوں کو درست فیصلہ کرنے میں ہچکچانا نہیں چاہیے، چاہے انہیں ترقی نہ ملےیا ارباب اقتدار ناراض ہوں‘‘

 سوشل میڈیا پر اطلاع دینے کے بعد دوپہر بعدوزیر اعلیٰ نتیش کماراور بی جےپی کے قومی صدر نتن نبین سمیت این ڈی اے کےسبھی پانچ امیدواروں نے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کیا ۔ ان میںجے ڈی یو سے کرپوری ٹھاکر کےبیٹے رام ناتھ ٹھاکر، بی جےپی سے شیویش کماراورراشٹریہ لوک مورچہ کےقومی صدر اوپیندر کشواہا شامل ہیں ۔ واضح رہےکہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ خود این ڈی اے کے راجیہ سبھا امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے عمل  میں شامل ہونے کیلئے جمعرات کو پٹنہ پہنچے تھے۔ وہ تقریباً ایک بجے دن میں پٹنہ ایئر پورٹ پہنچے اور وہاں سے براہ راست وزیراعلیٰ کی سرکاری رہائش گاہ ۱؍انے مارگ گئے، جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے ملاقات کی ۔ آدھے گھنٹےکی میٹنگ کےبعد وہ نتیش کمار کے ساتھ بہار اسمبلی پہنچے جہاں تقریباً ۲؍بجے سبھی امیدواروںنے کاغذات نامزدگی داخل کیے۔نتیش کمار کے وزیر اعلیٰ کاعہدہ چھوڑ کر راجیہ سبھا جانے کے فیصلے سے بہار کی سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔پہلے اس سیٹ کیلئےنتیش کمار کے بیٹے نشانت کمار کے نام کی قیاس آرائیاں تھیںلیکن نتیش کمار نے خود راجیہ سبھا جانے کااعلان کردیا۔نتیش کمار کے اس فیصلےسے بہار کی سیاست کا ایک باب ختم ہونےوالاہے ،لیکن اس فیصلے سے یہ سوال اٹھنے لگا ہے کہ کیا بہارمیں بھی آپریشن لوٹس ہوگیاہے ۔ اس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جارہاہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر اور جےڈی یو کے سینئر لیڈر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کاغذات نامزدگی داخل ہونےکے بعد ایک ساتھ نئی دہلی روانہ ہوئے ۔ جلد ہی بی جےپی اپنے وزیر اعلیٰ کااعلان کرے گی۔ اس سے قبل جے ڈی یو لیڈر اور بہارحکومت میں وزیر وجےکمار چودھری نے بدھ کو میڈیا کےسوالوں کاجواب دیتے ہوئے اس بات کا اشارہ دے دیاتھا کہ نتیش کمار کےراجیہ سبھا جانےکی بات چیت ہورہی ہے ،حالانکہ حتمی فیصلہ نتیش کمار کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ جو کچھ ہورہاہے اور جو بھی ہوگاوہ نتیش کمار کی خواہش اور فیصلےکےمطابق ہی ہوگا۔ جے ڈی یو کے دوسرے لیڈروں نے بھی ایسے ہی بیانات دیے تھےجس سے اس بات کا اندازہ ہوگیا تھا کہ نتیش کمار اب بہار کی ذمہ داری سے دست بردار ہونے والے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ بہار اسمبلی انتخابات کے دوران جے ڈی یو اور بی جے پی سمیت این ڈی اے کی سبھی پارٹیوں نے’۲۵سے ۳۰؍پھر سے نتیش ‘ کا نعرہ دیا تھا اور کہا گیا تھا کہ نتیش کمار ۲۰۳۰ءتک وزیر اعلیٰ رہیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK