ناسک کی منڈیوں میں ٹماٹر کے دام میں کمی آئی ہے۔ مرکزی حکومت بھی نیپال سے ٹماٹر درآمد کرنے والی ہے جس سے قیمت پر اثر پڑے گا
EPAPER
Updated: August 12, 2023, 12:10 PM IST | Agency | Mumbai
ناسک کی منڈیوں میں ٹماٹر کے دام میں کمی آئی ہے۔ مرکزی حکومت بھی نیپال سے ٹماٹر درآمد کرنے والی ہے جس سے قیمت پر اثر پڑے گا
ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا تھا اورٹماٹر کی قیمت اتنی زیادہ ہو گئی تھی کہ عوام نے کھانا بھی چھوڑ دیا تھا۔ ہر کوئی اس کے سستے ہونے کا انتظار کر رہا تھا، ایسے میں معاشی راجدھانی ممبئی سے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے۔ جلد ہی ممبئی والوں کو سستے ٹماٹر ملنے کی امید ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی میں بھی ٹماٹر کے دام کم ہونے کا قوی امکان ہے۔
صرف ایک دن میں ناسک ضلع کی۳؍ منڈیوں میں ٹماٹر کی ہول سیل قیمتوں میں ۶۵۰؍ روپے فی کریٹ تک کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے یعنی ایک کریٹ میں ۲۰؍ کلو ٹماٹر ہوتے ہیں اور ہر ایک کی قیمت بدھ کو۱۷۵۰؍ روپے سے گر کر جمعرات کو ۱۱۰۰؍ روپے پر آ گئی۔ فی الحال ممبئی کے خردہ بازاروں میں ٹماٹر کا ریٹ۲۰۰۔۱۶۰؍روپے فی کلو گرام پر برقرار ہے۔
دریں اثنا، ۳؍ اے پی ایم سی میں جن میں پمپل گاؤں ، ناسک اور لاسلگاؤں شامل ہیں ، ٹماٹر کی کل یومیہ آمد ایک ہفتہ قبل۶۸۰۰؍ کریٹس سے بڑھ کر جمعرات کو۲۵۰۰۰؍ کریٹس تک پہنچ گئی ہے۔ ریاست کی بڑی ٹماٹر منڈی پمپل گاؤں میں روزانہ کی آمد۱۵۰۰؍ کریٹس سے بڑھ کر ۱۵۰۰۰؍ کریٹس ہو گئی ہے جبکہ ناسک میں یہ ۵۰۰۰؍ کریٹس سے بڑھ کر۱۰۰۰۰؍ کریٹس ہو گئی ہے۔ لاسلگاؤں میں ، آمد ہفتے میں ایک دن میں ۳۵۰؍ کریٹس سے بڑھ کر اب۱۵۰۰؍کریٹ ہو گئی ہے۔
قومی راجدھانی دہلی میں ٹماٹر کی قیمتیں جو ماضی میں آسمان کو چھو رہی تھیں ، اب نیچے آ رہی ہیں ۔ ٹماٹر اتنا مہنگا ہو گیا تھا کہ لوگوں کیلئے ۲۵۰؍ گرام تک خریدنا مشکل ہو گیا ہے۔ دہلی-این سی آر، بنگلور اور ممبئی جیسے شہروں میں ٹماٹر کی قیمت ۲۸۰؍ روپے فی کلو تک پہنچ گئی تھی۔ حالانکہ اب اس میں کمی آرہی ہے۔صرف ایک دن میں اس کے دام ۳۷؍ فیصد تک گر گئے ہیں ۔
حکومت نے کمر کس لی
حکومت نے بھی ٹماٹر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کی تیاریاں کر لی ہے۔ این سی سی ایف دہلی-این سی آر میں سستی قیمتوں پر ٹماٹر فروخت کرے گا۔ حکومت کی کوششیں کامیاب ہوئیں تو اگلے ہفتے تک ٹماٹر کی قیمت۷۰؍ روپے فی کلو تک آ سکتی ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے مطابق حکومت ٹماٹر کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے نیپال سے ٹماٹر درآمد کر رہی ہے۔ ٹماٹر کی آمد اب بڑھ گئی ہے۔
تمام شہروں میں قیمتیں کم کی جائیں گی
تمام شہروں میں ٹماٹر کی قیمتوں میں جلد ہی کمی آسکتی ہے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے تحریک عدم اعتماد پر بحث کے دوران لوک سبھا میں بتایا کہ حکومت نے ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے نیپال سے ٹماٹر درآمد کرنا شروع کر دیا ہے۔ نیپال سے درآمد شدہ ٹماٹروں کی پہلی کھیپ جمعہ تک وارانسی اور کانپور پہنچنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کوآپریٹیو کنزیومر فیڈریشن آف انڈیا(نافیڈ) اس ہفتے کے آخر میں دہلی-این سی آر میں ۷۰؍ روپے فی کلو کی سبسیڈی والے نرخ پر ٹماٹروں کی بڑی فروخت کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن نے کہا کہ این سی سی ایف نے اب تک راجستھان، دہلی-این سی آر اور اتر پردیش میں تقریباً ۸۸۴۶۱۲؍کلو ٹماٹر فروخت کئے ہیں ۔ یہ سلسلہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا اور اس میں توسیع بھی کی جائے گی۔اس سے دام میں کمی آنے کا امکان ہے۔