Inquilab Logo

ء ۲۰۲۷ء تک ملک میں ۵؍جی صارفین کی تعداد ۵۰؍ کروڑ ہوجائے گی

Updated: June 22, 2022, 1:08 PM IST | Agency | New Delhi

ایرکسن موبلٹی کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آئندہ ۵؍ سال میں ہندوستان بھر میں۴۰؍ فیصد صارفین ۵؍ جی سروس استعمال کریں گے

5G: The fastest smartphone technology ever.Picture:INN
؍ ۵؍جی : اسمارٹ فون کی اب تک کی سب سے تیز رفتار ٹیکنالوجی۔ تصویر: آئی این این

 اگرچہ ملک  میں ۵؍ جی  سروس کی تیاریاں جاری ہیں اور حکومت اگلے ماہ اس کیلئے اسپیکٹرم کی نیلامی کرنے والی ہے۔ لیکن ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ۲۰۲۷ء تک ملک میں ٹیلی کام کے کل صارفین میں سے ہندوستان میں ۴۰؍فیصد یعنی ۵۰؍کروڑ ۵؍ جی صارفین ہوں گے۔ یاد رہے کہ ۵؍ جی ٹیکنالوجی اسمارٹ فون میں استعمال ہونے والی اب تک کی سب سے تیز رفتار ٹیکنالوجی ہے۔ اس کا استعمال فی الحال چنندہ ممالک ہی میں ہو رہا ہے۔   ایرکسن موبلٹی کی منگل کو جاری کردہ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ۵۰؍جی سروس ابھی ہندوستان میں شروع نہیں ہوئی ہے لیکن اندازہ ہے کہ ۲۰۲۷ء تک اس کے صارفین کی تعداد ۴۰؍ فیصد ہو جائے گی۔ واضح  رہے کہ حکومت اس سروس کو شروع کرنے کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہی ہے اور اس کیلئے دیسی آلات وغیرہ بھی بنائے گئے ہیں۔ اس میں اسٹارٹ ایپس کی شراکت بھی لی گئی ہے اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی نے بھی اپنی سطح پر ٹیسٹ وغیرہ کروائے ہیں۔   واضح رہے کہ۵؍جی کے حوالے سے ٹیسٹنگ جاری ہے اور اس کیلئے حکومت نے اسپیکٹرم کی نیلامی کا اعلان بھی کیا ہے۔ حکومت اس سال اس سروس کو شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے اور اسپیکٹرم کی نیلا می ۲۶؍ جولائی سے ہونے والی ہے۔ اس  کیلئے دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں سے درخواستیں بھی طلب کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ہندوستان میں ۴؍جی سروس  کے صارفین کا حصہ ۶۸؍ فیصد ہے جو ۲۰۲۷ء تک کم ہو کر ۵۵؍ فیصد فیصد تک آسکتا ہے۔ سال ۲۰۲۷ءتک ملک میں ۴؍جی صارفین کی تعداد کم ہو کر ۷۰۰؍ ملین (۷۰؍کروڑ)تک آ سکتی ہے اور اس سروس کو چھوڑنے والے ۵؍جی  کو اپنا سکتے ہیں اور اس کے صارفین کی تعداد ۵۰۰؍ ملین (۵۰؍ کروڑ) تک ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ملک کی تقریباً ۵۲؍ فیصد صنعتوں میں سے نصف سے زیادہ ۵؍جی سروس اپنے آغاز کے ۱۲؍ ماہ کے اندر استعمال کرنے کیلئے تیار ہیں اور ۳۱؍ فیصد ۲۰۲۴ء  تک اس سروس کو اپنانا چاہتے ہیں۔ یہ دعویٰ ۵؍ جی  سروس کے ممکنہ صارفین میں سے ۳۲۶؍ کمپنیوں پر کئے گئے سروے کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ فی الحال دنیا بھر میں عام طور پر موبائل فون کیلئے ۴؍جی (فورتھ جنریشن )  ٹیکنالوجی استعمال کی جاتی ہے ۔ جو اپنے آپ میں اب تک کی سب سے تیز رفتار ٹیکنالوجی سمجھی جاتی ہے۔  اس سے پہلے ۳؍جی اور اس سے پہلے ۲؍ جی ٹیکنالوجی استعمال میں تھی۔ اس ٹیکنالوجی کا تعلق زیادہ تر اسپیڈ (رفتار )سے ہوتا ہے۔ ۴؍ جی موبائل اب تک کے سب سے تیز رفتار موبائل کہلاتے ہیں لیکن اب ۵؍ جی متعارف ہونے جا رہا ہے جس کی رفتار ( ماہرین کے مطابق) صارفین کیلئے ناقابل یقین ہوگی۔  نوجوان طبقے میں اس کا بے چینی سے انتظار ہو رہا ہے۔  واضح رہے کہ ہندوستان میں اسمارٹ فون کے سب سے زیادہ صارفین نوجوان طبقے میں ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK