• Mon, 08 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کمبوڈیا کی تھائی لینڈ کے فضائی حملوں کی شدید مذمت؛ کشیدگی میں اضافہ

Updated: December 08, 2025, 5:00 PM IST | Bangkok

کمبوڈیا نے ۸؍ دسمبر کو تھائی لینڈ کے تازہ فضائی حملوں کو ’’وحشیانہ‘‘ اور ’’غیر انسانی‘‘ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ کمبوڈیا کے مطابق حملوں میں کم از کم چار شہری ہلاک ہوئے اور علاقے میں بڑے پیمانے پر انخلا کرنا پڑا۔ وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ کمبوڈیا نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئی جوابی اقدام نہیں کیا اور جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے۔ دوسری جانب تھائی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان کی افوج پر حملہ کیا گیا، جس میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔ دونوں ممالک کے درمیان رواں سال پہلے بھی جھڑپیں ہو چکی ہیں جن میں ۴۳؍ افراد ہلاک اور ہزاروں بے گھر ہوئے تھے۔

Picture: INN
تصویر:آئی این این

کمبوڈیا نے پیر ۸؍ دسمبر کو تھائی لینڈ کے فضائی حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’غیر انسانی، وحشیانہ اور جنگی کارروائیاں‘‘ قرار دیا۔ کمبوڈیا کی وزارتِ دفاع کے مطابق تازہ جھڑپوں میں کم از کم چار شہری ہلاک ہوئے، جبکہ سرحدی علاقوں میں لوگوں کا بڑے پیمانے پر انخلا ہوا۔ وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ تھائی لینڈ نے حالیہ حملوں کے ذریعے جنگ بندی معاہدے اور دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے مشترکہ اعلامیے کی خلاف ورزی کی ہے۔
بیان کے مطابق: ’’کنگڈم آف کمبوڈیا کی وزارتِ دفاع تھائی لینڈ کی طرف سے کمبوڈیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف کی جانے والی وحشیانہ کارروائیوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:دھرمیندر کی۹۰؍ ویں سالگرہ: اہل خانہ اور فلمی دنیا کا اداکار کو جذباتی خراجِ عقیدت

کمبوڈیا کا تحمل اور امن پر زور
کمبوڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس کی فوج نے پورے واقعے کے دوران انتہائی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا اور کوئی جوابی کارروائی نہیں کی۔
وزارت کے مطابق: ’’کمبوڈیا جنگ بندی، مشترکہ اعلامیے اور تمام سابقہ معاہدوں کے احترام اور ان پر عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے، اور تنازع کے پرامن حل کو ترجیح دیتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:مغربی بنگال : پلاسٹک کا کچرا جمع کرانے پر ’ماں کینٹین‘ سے مفت کھانے کی سہولت

غلط معلومات پھیلانے کا الزام
کمبوڈیا نے تھائی لینڈ پر الزام لگایا کہ وہ غلط معلومات کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ کر رہا ہے۔
 بیان میں کہا گیا: ’’تھائی فوج کے حالیہ حملے کئی روز کی اشتعال انگیزی کے بعد ہوئے ہیں، جن کے دوران تھائی لینڈ نے مختلف ذرائع سے کمبوڈیا کے خلاف الزام تراشی اور غلط معلومات پھیلانے کی مہم چلائی۔‘‘
تاریخی تناظر اور حالیہ کشیدگی
سال کے آغاز میں دونوں ممالک کے درمیان پانچ روز تک جاری رہنے والی جھڑپوں میں ۴۳؍ افراد ہلاک اور تقریباً ۳؍ لاکھ افراد بے گھر ہوئے تھے۔اکتوبر میں آسیان سربراہی اجلاس کے دوران تھائی لینڈ، کمبوڈیا، چین اور ملائیشیا نے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کیے تھے، تاہم گزشتہ ماہ بارودی سرنگ کے دھماکے نے جنگ بندی کو دوبارہ کمزور کر دیا، جس میں متعدد تھائی فوجی زخمی ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK