Inquilab Logo

انصاف کیلئے پہلوانوں کا انڈیا گیٹ تک کینڈل مارچ، ہزاروں کی شرکت

Updated: May 24, 2023, 9:56 AM IST | New Delhi

پہلوانوں کے حوصلے بلند، کہا کہ یہ ثابت کرتاہےکہ عوام ساتھ ہیں، برج بھوشن کی گرفتاری تک ڈٹے رہنے کا اعلان ، ستیہ پال ملک نے بھی شرکت کی

A large number of youth participated in the candle march.
کینڈل مارچ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 دست درازی اور جنسی ہراسانی کے خلاف گزشتہ ایک ماہ سے جنتر  منتر پر رات دن  دھرنا دینے پر مجبور خاتون پہلوانوں  نے بدھ کو دھرنے کا ایک ماہ مکمل ہونے پر انڈیا گیٹ تک کینڈل مارچ نکالا جس میں ہزاروں  افراد نے شرکت کی۔ برج بھوشن کی گرفتاری تک ڈٹے رہنے کا اعلان کرتے ہوئے  پہلوانوں  نے احتجاج میں امڈنے والی بھیڑ کا حوالہ دیااور کہا کہ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام اس تحریک کے ساتھ ہیں۔ سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی کینڈل مارچ میں شریک ہوئے۔ 
  بجرنگ پونیا،ساکشی ملک ،ونیشن پھوگاٹ  اور سنگیتا پھوگاٹ  نے کہاکہ’’ آج ہماری تحریک کو ایک ماہ مکمل ہوگیا ہے، ہم انڈیا گیٹ پر کینڈل مارچ کے ذریعہ موم بتیاں جلاکر برج بھوشن شرن سنگھ کے ذریعہ پھیلا ئی گئی تاریکی کو دور کررہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہاکہ’’ ہم گزشتہ ایک ماہ سے برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری کے لئے مظاہرہ کر رہے ہیں لیکن ابھی تک ہماری فریاد کو نہیں سنا گیا۔‘‘
 انہوں نے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر ملنے والی عوامی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ ہم ملک کے عوام  کاتہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں جو ہماری تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،آج انڈیا گیٹ پر ہزاروں لوگوں کی تعداد اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ ملک کے عوام پہلوانوں  کے ساتھ ہیں۔ 
 ونیش پھوگاٹ نے پھر دہرایا کہ ’’ہم سبھی نارکو ٹیسٹ کے لئے تیار ہیں،برج بھوشن شرن سنگھ بھی نارکو ٹیسٹ کے لیے تیار ہوں۔‘‘ انہوں نے کہاکہ’’ ہماری دھرم اور سچ کی لڑائی ہے، جس کی جیت  یقینی ہے،ہم ہار نہیں مانیں گے اور برج بھوشن شرن سنگھ کی گرفتاری تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ ‘‘       اس موقع پر سابق گورنر ستیہ پال ملک بھی وہیل چیئر پر اپنے حامیوں کےساتھ موجود تھے۔ 

 

wrestlers Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK