Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانز فلم فیسٹیول: افتتاحی تقریب میں، شہید فلسطینی فوٹوجرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا

Updated: May 15, 2025, 4:19 PM IST | Inquilab News Network | Paris

غزہ کے حالات پر مبنی دستاویزی فلم، پُٹ یُور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک، جمعرات کو کانز میں پریمیئر کی جائے گی۔ اس فلم میں فاطمہ حسونہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ یہ فلم حسونہ کے کام اور ان کی آواز کو پیش کرتی ہے اور غزہ جنگ کے دوران ان کی زندگی اور نقطہ نظر کو اجاگر کرتی ہے۔

Juliette Binoche, head of the Cannes jury. Photo: INN
کانز جیوری کی سربراہ جولیٹ بنوش. تصویر: آئی این این

کانز فلم فیسٹیول کے ۷۷ ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب میں غزہ کی فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو جذباتی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مشہور فرانسیسی اداکارہ جولیٹ بنوش، جو امسال کانز جیوری کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دیں گی، نے منگل کو منعقدہ افتتاحی تقریب میں فلسطینی فوٹوجرنلسٹ کو یاد کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ بنوش کے خراج تحسین نے فلم کمیونٹی میں غزہ میں جاری تشدد کے حوالے سے بڑھتی ہوئی بے چینی کو اجاگر کیا ہے۔ ان کے تبصرے، ۳۸۰ سے زائد فلم پروفیشنلز کے دستخط کردہ ایک کھلے خط کے بعد سامنے آئے ہیں، جنہوں نے غزہ کی جنگ کے حوالے سے فلمی صنعت کی "خاموشی" پر شرمندگی کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ پر اسرائیل کی بدترین بمباری، ۸۰؍ افراد جاں بحق، شمالی غزہ میں۲۲؍ بچوں سمیت ۵۹؍ اموات ہوئیں

افتتاحی تقریب میں ناظرین سے خطاب کرتے ہوئے بنوش نے کہا کہ فوٹو جرنلسٹ فاطمہ حسونہ کو آج رات ہمارے درمیان ہونا چاہئے تھا۔ لیکن ۱۶ اپریل کو علی الصبح غزہ میں فاطمہ کے گھر کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے میں وہ اور ان کے ۱۰ رشتہ دار ہلاک ہوگئے۔ بنوش کے ذریعے حسونہ کو خراج عقیدت کئے جانے پر ناظرین شدید جذباتی ہوگئے۔ واضح رہے کہ حسونہ گزشتہ ماہ غزہ میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئی تھیں۔ ۲۵ سالہ حسونہ کی ہلاکت سے ایک دن قبل ہی انہیں بتایا گیا تھا کہ غزہ پر بنی دستاویزی فلم، جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، کو کانز جیسے باوقار فیسٹیول کیلئے منتخب کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: "نسل کشی کیلئے تالیاں نہیں":عالمی موسیقی مقابلہ یورو ویژن ۲۰۲۵ء میں اسرائیل کوشامل کرنے پرشدید تنقید

واضح رہے کہ جلاوطن ایرانی فلم ساز سپیدہ فارسی کی ہدایت کاری میں بنی اور غزہ کے حالات پر مبنی دستاویزی فلم، پُٹ یُور سول آن یور ہینڈ اینڈ واک Put Your Soul on Your Hand and Walk جمعرات کو کانز میں پریمیئر کی جائے گی۔ یہ فلم حسونہ کے کام اور ان کی آواز کو پیش کرتی ہے اور غزہ جنگ کے دوران ان کی زندگی اور نقطہ نظر کو اجاگر کرتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK