Inquilab Logo

مالیگاؤں میں جشن جمہوریت، خواتین کی ریکارڈ شرکت

Updated: January 28, 2020, 3:58 PM IST | Correspondent | Malegaon

یوم جمہوریہ کے موقع پر صنعتی شہر میں عدیم المثال انداز میں جمہوریت کا جشن منایا گیا۔ شہریت ترمیمی قانون، نیشنل رجسٹر فار سٹی زن، نیشنل رجسٹر فار پاپولیشن سے متعلق منفرد انداز میں احتجاج درج کروایا گیا ۔

جشن جمہوریت کیلئے جمع خواتین ۔ تصویر : انقلاب
جشن جمہوریت کیلئے جمع خواتین ۔ تصویر : انقلاب

 مالیگاؤں : یوم جمہوریہ کے موقع پر صنعتی شہر میں عدیم المثال انداز میں جمہوریت کا جشن منایا گیا ۔شہریت ترمیمی قانون ، نیشنل رجسٹر فار سٹی زن ،نیشنل رجسٹر فار پاپولیشن سے متعلق منفرد انداز میں احتجاج درج کروایا گیا ۔دینی وعصری درسگاہوں کے علاوہ شہر میں ہزاروں مقامات پر ترنگے پرچم لہرائے گئے ۔نو جو ا نو ں کی ’بائیک ریلی ‘تعریف وتنقید کی زد میں رہی ۔پولیس پریڈ گرائونڈ پر سرکاری تقریب میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور خواتین نے شرکت کرکے ریکارڈ قائم کیا ۔
ترنگے پرچم کی قلّت ہوگئی 
 دستور بچائو کمیٹی کے اعلان ،جمعیۃ علماء کی گزارش پر مالیگائوں میں امسال گھروں ، دکانوں ، گلیوں ،مکانوں اور نجی مقامات پر ترنگے پرچم لہرائے گئے۔ اس سے پہلے ایسا منظر دیکھنے کونہیں ملا تھا ۔دستور بچائو کمیٹی نے ۷۰؍مقامات پر قومی جھنڈے لہرانے کا اعلان ہوا تھا ۔جمعیۃ علماء نے رسم پرچم کشائی ، قومی ترانہ اور حب الوطنی کے گیت پڑھنے کے ساتھ شہیدان ومجاہدین وطن کی قربانیوں کا تذکرہ کرنے کی گزارش کی تھی ۔ اس کے واضح اثرات ۲۶؍جنوری کو دِکھائی دیئے۔ بتایا گیا کہ اس مرتبہ جھنڈوں کی قلت ہوگئی۔ 
۷۰؍مقامات پر آئین ہند کی تمہید کی خواندگی 
 دستور بچائو کمیٹی کے طے شدہ پروگرام کے مطابق ۷۰؍مقامات پر دستور  ہند کے آئین کی تمہید کی خواندگی کی گئی ۔شہیدوں کی یادگار قدوائی روڈ پر سب سے پہلے حلف نامہ پڑھا گیا ۔دستور بچائو کمیٹی کے سرپرست مفتی محمد اسماعیل ،محمد مستقیم ڈگنیٹی اور ڈاکٹر خالد پرویز کے ساتھ سیکڑوں کارکنان شہیدوں کی یادگار پہنچے ۔انگریزو ں سے معافی مانگنے والوں  اور دستور کی بنیادوں  سے چھیڑ خانی کرنے والوں کی مذمت کی گئی ۔وطن کی آزادی کیلئے جان دینے اور جدوجہد کرنے والوں کو تذکرہ کیا گیا ۔ملک کے دستور کی تمہید اور جن گن من کی اجتماعی طور سے خواندگی کی گئی۔اس کے بعد پورے شہر میں جگہ جگہ آئین کی تمہید اور قومی ترانہ اجتماعی طور سے پڑھنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شام چار بجے گاندھی مجسمہ کے پاس ہندو مسلم سکھ عیسائی کی شبیہ اختیار کئے ہوئے دستور بچائو کمیٹی کے اراکین پہنچے ۔باپو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
فتح میدان میں خواتین کا تاریخی مجمع 
 نیاپورہ فتح میدان میں دستور بچائو کمیٹی کی جانب سے خواتین کیلئے آئین کی تمہید خواندگی کا اہتمام کیاگیا تھا ۔اس سے قبل ساجدہ نہال احمد(سابق صدر بلدیہ)  اورشان ِ ہند (کنوینردستور بچائو کمیٹی )نے  خطاب کیا۔
شیخ ناظم کی بارات سی اے اے کیخلاف جلوس میں تبدیل 
 مالیگائوں کے حکیم نگر میں شیخ بشیر خان خانوادہ کے بیٹے شیخ ناظم کا نکاح ۲۶؍جنوری کو ہونا طے پایا تھا ۔اِن دنوں مالیگائوں میں سی اے اے کیخلاف ریلی یا جلوس نکالنے کیلئے سرکاری انتظامیہ کی جانب سے عدم تعاون کے معاملات سامنے آئے ہیں ۔دستور بچائو کمیٹی کے کارکنان محمد مستقیم ڈگنیٹی اور اعجاز بیگ اپنے سیکڑوں ساتھیوں کے ساتھ حکیم نگر پہنچے ۔شیخ ناظم کی بارات شہریت قانون مخالف جلوس میں تبدیل ہوگئی ۔نکاح سے قبل نوشہ شیخ ناظم نے دستور ہند کی آئین کی تمہید پڑھی اور محمد مستقیم نے دولہے کو دستور کی حفاظت کا حلف دلایا۔اس سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تو سرکاری انتظامیہ کو اپنے سلوک پر ندامت محسوس ہوئی ۔شیخ ناظم کی بارات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز رہی ۔
خواتین کا گشتی دھرنا آندولن 
 سنویدھان سرکھشا سمیتی کی جانب سے ۲۷؍جنوری سے خواتین کا گشتی دھرنا آندولن شروع کیا گیا ہے ۔پروگرام کے مطابق مختلف علاقوں میں روزانہ خواتین جمع ہوکر احتجاج درج کروائیں گی ۔مالیگائوں کے گول باغ میں ’شاہین باغ ‘جیسا منظر تھا ۔میئر طاہرہ شیخ رشید کی قیادت میں ہونےوالے مظاہرے میں ہزاروں کی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔اس موقع پر شہریت ترمیمی ایکٹ ، این پی آر اور این آر سی کے خلاف زوردار نعرے لگائے گئے ۔طاہرہ شیخ رشید نے دلّی کے شاہین باغ کا آنکھوں دیکھا منظر بیان کیا ۔سنویدھان سرکشا سمیتی کے سربراہ شیخ رشید (سابق ایم ایل اے )نے بتایا کہ کالے قانون کو منسوخ کروانے کیلئے احتجاجی سلسلہ جاری رکھیں گے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK