Updated: August 11, 2026, 7:03 PM IST
| New Delhi
ہندوستان میں کاغذی کرنسی کے متبادل کے طور پر پولیمر یا ’پلاسٹک‘ بینک نوٹ متعارف کرانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ۱۰؍ اور۲۰؍کے ایک ایک ارب، یعنی مجموعی طور پر ۲؍ ارب پولیمر نوٹ فیلڈ ٹرائل کے لیے تیار کیے جائیں گے۔
پلاسٹک کرنسی۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان میں کاغذی کرنسی کے متبادل کے طور پر پولیمر یا ’پلاسٹک‘ بینک نوٹ متعارف کرانے کی سمت ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ریزرو بینک آف انڈیا(آر بی آئی) کی تجویز کو منظوری دے دی ہے، جس کے تحت ۱۰؍ اور۲۰؍کے ایک ایک ارب، یعنی مجموعی طور پر ۲؍ ارب پولیمر نوٹ فیلڈ ٹرائل کے لیے تیار کیے جائیں گے۔
۲؍ ارب نوٹوں کا ٹرائل
وزارتِ خزانہ کے وزیرِ مملکت پنکج چودھری نے لوک سبھا میں تحریری جواب میں بتایا کہ آر بی آئی نے اپنے مرکزی بورڈ کی سفارش پر حکومت کو۱۰؍ اور ۲۰؍ مالیت کے ایک ایک ارب پولیمر بینک نوٹ متعارف کرانے کی تجویز بھیجی تھی۔ حکومت نے اس تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ فیلڈ ٹرائل کامیاب رہنے کی صورت میںآر بی آئی ان دونوں مالیتوں کے پولیمر نوٹوں کی باقاعدہ گردش شروع کرنے پر غور کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے:فلم ’پارٹنر‘ کے دوران سلمان خان جذباتی مشکلات سے گزر رہے تھے:گووندا
پولیمر نوٹ کیا ہوتا ہے؟
پولیمر نوٹ روایتی کاغذ کے بجائے ایک خاص قسم کے پلاسٹک نما پولیمر مواد سے تیار کیے جاتے ہیں۔ دنیا کے متعدد ممالک پہلے ہی ایسی کرنسی استعمال کر رہے ہیں۔ اس طرح کے نوٹوں کا ایک بڑا فائدہ یہ ہے کہ وہ عام کاغذی نوٹوں کے مقابلے میں زیادہ پائیدار، پانی سے زیادہ مزاحمت رکھنے والے اور پھٹنے یا جلد خراب ہونے کے خلاف مضبوط ہوتے ہیں۔ ان میں جدیدسیکوریٹی خصوصیات شامل کرنا بھی نسبتاً آسان ہوسکتا ہے۔
ہندوستان پولیمر نوٹ کیوں آزما رہا ہے؟
ہندوستان میں چھوٹی مالیت کے۱۰؍ اور۲۰؍کے نوٹ بڑی تعداد میں روزمرہ لین دین میں استعمال ہوتے ہیں۔ اس لیے یہ نوٹ بار بار ہاتھوں سے گزرتے ہیں اور نسبتاً جلد خراب بھی ہوسکتے ہیں۔ پولیمر نوٹوں کے فیلڈ ٹرائل کے ذریعےآر بی آئی یہ جانچنا چاہتا ہے کہ’’ نوٹ کتنے عرصے تک بہتر حالت میں رہتے ہیں؟، عوام انہیں کس حد تک قبول کرتے ہیں؟، ان کی سیکوریٹی خصوصیات کتنی مؤثر ہیں؟، نقدی کی گنتی، چھٹنی اور مشینوں میں ان کی کارکردگی کیسی رہتی ہے؟ ان کی تیاری اور انتظامی لاگت کتنی ہوگی؟۔ حتمی فیصلہ ان عملی تجربات کے نتائج کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:کولمبیا میں تباہ کن زلزلہ، CONMEBOL نے کوپا کے دو میچ ملتوی کر دیے
کیا کاغذی۱۰؍ اور ۲۰؍ کے نوٹ بند ہوجائیں گے؟
فی الحال ایسا نہیں ہے۔یہ فیصلہ موجودہ کاغذی کرنسی کو فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان نہیں ہے۔ ابتدا میں پولیمر نوٹ فیلڈ ٹرائل کے طور پر گردش میں لائے جائیں گے۔ اگر تجربہ کامیاب رہا تو ان کی باقاعدہ اشاعت اور گردش شروع کی جاسکتی ہے۔ یعنی عوام کو اچانک اپنے موجودہ ۱۰؍ اور ۲۰؍ کے کاغذی نوٹ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔