• Fri, 18 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دھاراوی دھوبی گھاٹ بریج بند کرنےکی سفارش بی ایم سی نے کی تھی: سینٹرل ریلوے

Updated: September 18, 2026, 2:24 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Dharavi

بتایا کہ گنیش اتسو کے پیش نظر مسجداسٹیشن سے ماٹونگا اسٹیشن کے درمیان ۴؍ فٹ اوور بریج کو کمزور قرار دے کرازسرنوتعمیر اور انہیں بند کرنے کو کہا گیاتھا۔

It has been recommended to demolish the foot-over bridge in question after declaring it structurally unsound. Photo: Inquilab
زیرنظرفٹ اوور بریج کو کمزورقرار دے کر منہدم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ تصویر: انقلاب

دھاراوی کے دھوبی گھاٹ فٹ اوور بریج کو توڑنے کےخلاف جہاں بدھ کو مقامی افراد کی زبردست مخالفت کا  ریلوے اور بی ایم سی عملہ کو سامناکرناپڑا تھا اور وہ لوٹنے پر مجبور ہوئے تھے وہیں سینٹرل ریلوےنے اس بریج کے تعلق سے بی ایم سی کی سفارش کا حوالہ دیا ہے ۔سینٹرل ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہےکہ گنیش اتسو کے پیش نظر حفاظتی اقدام کے طور پر مسجداسٹیشن اور ماٹونگا ریلوے اسٹیشن کے درمیان ۴؍ فٹ اوور بریج کو کمزور قرار دیتے ہوئے ان کی تعمیر نو اور انہیںبند کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاکہ گنپتی کے دوران بھیڑبھاڑ کے سبب کوئی حادثہ نہ ہو۔ 

   ریلوے کی جانب سے کی گئی وضاحت میں یہ بھی کہا گیا ہےکہ یہ فیصلہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (آئی آئی ٹی)،  ممبئی  کے ذریعہ کئے گئے اسٹرکچرل آڈٹ کی بنیاد پر کیاگیا ہے۔اتنا ہی نہیں بی ایم سی اور ریلوے حکام کی موجودگی میں ۲۷؍اگست کو ان ایف او بی کا مشترکہ معائنہ بھی کیا گیاتھا۔ اس کے بعدآئی آئی ٹی ممبئی نے ۳۱؍اگست کو ۴؍ ایف او بی کے لئے الگ الگ  اسٹرکچرل آڈٹ رپورٹس پیش کی تھیں۔ اس آڈٹ کے تحت ۴؍ ایف او بی میں ماٹونگا  دھاراوی ایف او بی(گرو نانک ہائی اسکول کے قریب ) کلومیٹر ۱۱/۱۴-۱۵بھی شامل ہے اور اسے کمزور قرار دیا گیاہے۔ آڈٹ رپورٹ میں پیدل چلنے والوں کی آمدورفت کیلئےان پلوںکو فوری طور پر بند کرنے ، مسمار کرنے اور دوبارہ تعمیر کرنے پر غور کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کیلئے استعفیٰ دینا جمہوریت کا مذاق اڑانے کے مترادف: ہائی کورٹ

بی ایم سی نے ریلوے حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ پیدل چلنے والوں کے استعمال کے لئےمذکورہ چاروں  فٹ اوور بریج کو فوری طور پر بند کر دیں اور مزید ہدایات تک ان پلوںپر پیدل چلنے والوں کو روکنے کے لئے ضروری کارروائی کریں۔

ریلوے کی اس وضاحت کے برعکس مظاہرہ کرنے والوں اور دھاراوی بچاؤ آندولن کے ذمہ داران کا کہناہےکہ غیر ضروری طور پراس بریج کوکمزور قرار دیا جارہا ہے ۔دوسرے یہ کہ اگراس بریج کوبند یا توڑ دیا گیا تو سائن بریج کی تعمیر مکمل ہونے سےقبل متبادل نظم کیا جائے ورنہ ہزاروں لوگ آخر کس طرح سےمشرق سے مغرب آمد و رفت کرسکیں گے؟ اس کے علاوہ دھاراوی بچاؤآندولن کے ذمہ داران کایہ بھی کہنا ہے کہ آخر اچانک یہ بریج کس طرح سے کمزور اور خستہ حال فٹ اوور بریج میں شامل کردیا گیا جبکہ پہلے ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی تھی۔ اس لئے اسے بند کرنے یا توڑنے کی مخالفت جاری رہے گی ۔تاوقتیکہ متبادل نظم نہ کردیا جائے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK