• Mon, 20 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

محفوظ سفر اورمواصلاتی نیٹ ورک بہترکرنےکیلئے سینٹرل ریلوے کا اقدام

Updated: October 01, 2025, 12:26 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آسن گاؤں ریلوے اسٹیشن پر پائلٹ پروجیکٹ کےطور پرجنرل منیجر نے آپٹیکل گراؤنڈ وائر سسٹم کا افتتاح کیا ۔مستقبل میں یہ ریلوے کی آمدنی کا بڑاذریعہ بھی ہوگا

General Manager Dharamveer Meena inaugurates Optigal Virus System in Asan village.
آسن گاؤں میں جنرل منیجر دھرم ویر مینا آپٹیگل وائرسسٹم کا افتتاح کرتے ہوئے۔

محفوظ سفر اورمواصلاتی نیٹ ورک بہترکرنےکےلئے سینٹرل ریلوے  کی جانب قدم اٹھایا گیا ہے اوریہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اس سے حفاظتی انتظامات مزید بہتر ہوں گے، حادثات کو روکا جاسکے گا اور لوکل ٹرینوں اور طویل مسافتی ٹرینوں کےلاکھوں مسافروں کو تیزانٹرنیٹ کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اِس وقت بار بار یہ شکایت کی جاتی ہے کہ نیٹ ورک بہتر نہ ہونے سے ٹکٹ دستیاب ہونے میں بھی وقت لگتا ہے اوردورانِ سفر بات چیت کرتے وقت بھی نیٹ ورک کا مسئلہ پیش آ تا ہے۔اس تعلق سے آسن گاؤں ریلوے اسٹیشن پر پائلٹ پروجیکٹ کےطور پرجنرل منیجر دھرم ویر مینا نے گزشتہ روز آپٹیکل وائر سسٹم کا افتتاح کیا اور اسے کافی امیدافزاء جدیدٹیکنالوجی اپنانے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ۔
آپٹیکل وائر سسٹم کیا ہے ؟
 جنرل منیجر دھرم ویر مینانے افتتاح کرتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے کیلئے مسلسل اقدامات کئے جارہے ہیں۔ آپٹیکل گراؤنڈ وائر سسٹم اسی کا ایک اہم حصہ ہے۔اس سے ٹرینوں کی آمدورفت کو یقینی بنانے اورمواصلاتی نظام کو اَپ گریڈ کیا جاسکے گا۔تجربے کے طور پریہ سسٹم آسن گاؤں ریلوے اسٹیشن کے قریب شمال مشرقی ٹرانسمیشن لائن پر کیا گیا ہے۔ آپٹیکل گراؤنڈ وائر ایک نئی ٹکنالوجی ہے۔ ریلوے پٹریوں کے ہر طرف۲؍ آپٹیکل فائبر کیبلز (او ایف سی) بچھانے کے لئے ریلوے بورڈ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے۹۶؍ایف آپٹیکل گراؤنڈ وائر موجودہ زمینی کنڈکٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس ٹیکنالوجی سے آراستہ کئے جانے کافائدہ یہ ہوگا کہ ٹرینوں کو چلانے،سگنل، اوور ہیڈ وائر نظام، آٹو میٹک بلاک سگنلنگ اور ریل آپریشنز کےلئے تیزر فتار وائر لیس نیٹ ورک وغیرہ کو کافی بہتر اورتیز کیا جاسکے گا۔
اسےکیسے نصب کیا جائے گا؟
(۱) ریلوے کی پٹریوں کے دونوں طرف۹۶؍ فائبر کیبل لگائی جائیں گی(۲) فائبرس کو پاور لائنوں کے اندر بند کر دیا جائے گا تاکہ اسے زیادہ محفوظ اورمفید بنایا جا سکے اورکوئی خطرہ نہ رہے(۳) یہ راستے (ریل نیٹ ورک) کے تنوع کو مزید بہتر بنائے گا اور لاگت کو کم کرتے ہوئےزیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنائے گا(۴)اس کی دیکھ بھال زیادہ آسان ہوگی(۵) اس کے ذریعے ریلوے کی بڑی کمائی کے امکانات ہیں کیونکہ ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کے علاوہ دیگر ایجنسیوں کو بھی لیز پر دیا جا سکتا ہے جس سے اضافی آمدنی میں مددملے گی۔
 اس نئے سسٹم کے افتتاح کے موقع پر پرنسپل چیف الیکٹریکل انجینئر انوپ کمار اگروال، ممبئی ڈویژن کے ڈویژنل ریلوے منیجر ہریش مینا، پرنسپل ہیڈ آف ڈپارٹمنٹس اور سینٹرل ریلوے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔
موجودہ نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کی کوشش
 سینٹرل ریلو ے کے چیف پی آر اوڈاکٹرسوپنل نیلاکے مطابق ’’ سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے یہ کوشش کی جارہی ہے کہ موجودہ نظام میںانقلابی تبدیلی لائی جائے ۔آج جس طرح ہر شعبے میںجدیدٹیکنالوجی لائی جارہی ہیں، نئے نئے تجربات کئے جارہے ہیں، ریلوے کو مزیدمنظم کیاجائے گاتاکہ مسافروں کا وقت بچے، بیٹھے بٹھائے ان کومعلومات حاصل ہو اور وہ بحفاظت اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK