سی ا یس ایم ٹی پرپٹریوں پر بھی اتر گئے۔ مین اور ہاربر لائن پر ٹرینوں میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ کی تاخیرہوئی
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 11:28 PM IST | Mumbai
سی ا یس ایم ٹی پرپٹریوں پر بھی اتر گئے۔ مین اور ہاربر لائن پر ٹرینوں میں ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ کی تاخیرہوئی
سینٹرل ریلوے کے ذریعہ مظاہرین کے اسٹیشن سے باہر چلے جانے کی درخواست کے باوجود پیر کو مراٹھا مورچہ میں شامل افراد بڑی تعداد میں ’چھتر پتی شیواجی مہاراج ٹرمنس (سی ایس ایم ٹی)‘ کے اندر نہ صرف موجود رہے بلکہ ناچ گانا، کشتی اور کبڈی کھیلنے کے علاوہ پٹریوں پر اترکر ٹرین بھی روکی جس کی وجہ سے مین اور ہاربر لائن کی ٹرینوں میں تاخیر ہوئی۔
سی ایس ایم ٹی پر مظاہرین کا قبضہ جیسے حالات پیدا ہونے کے سوشل میڈیا پر کئی ویڈیو وائرل ہوئے ہیں اور کئی مسافروں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ سینٹرل ریلوے کی لوکل ٹرینوں سے جنوبی ممبئی طرف آنے کے بارے میں سوچیں بھی نہیں کیونکہ یہاں آکر شدید بھیڑ بھاڑ میں پھنس سکتے ہیں اور سڑکوں پر بھی بے حدبھیڑ کے سبب کہیں آمدورفت بھی مشکل ہے۔ مزید یہ کہ بڑی تعداد میں مظاہرین رات کو سی ایس ایم ٹی پر ہی سو جاتے ہیں لیکن دن کے اوقات میں یہ لوگ اسٹیشن پر ناچ گانا، کشتی، کھوکھواور کبڈی کھیل کر وقت گزاری کرتے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ یہی نہیں کئی افراد ’بفر زون(ریلوے ٹریک کے اخیر کے حصہ) پر پٹری پر اتر گئے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمدورفت میں رکاوٹ پیداہوئی اور ٹرینیں معمول سے تقریباً ۲۰؍ سے ۲۵؍ منٹ تاخیر سے چل رہی تھیں۔
ریلوے نے ’گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی)‘ اور ’ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف)‘ کی زائد نفری اسٹیشن پر تعینات کرنے کا دعویٰ کیا تھا لیکن مظاہرین کو قابو میںکرنے کی کوئی کوشش نہیں کی جارہی تھی جس کی وجہ سے پولیس کی موجودگی سے عام مسافروںکو کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچا۔
سی ایس ایم ٹی کے کئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں جن میں سے ایک میں یہ بھی دیکھا گیا کہ ایک دوسرے کے کندھے پر چڑھ کر اسٹیشن پر اونچائی پر نصب ’الیکٹرک ساکٹ‘کو مظاہرین اپنے موبائل فون کی بیٹری چارج کرنے کیلئے استعمال کررہے ہیں۔