مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرنے والے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے فیکٹ چیک یونٹ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ہندوستان میں ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 6:08 PM IST | Mumbai
مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرنے والے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے فیکٹ چیک یونٹ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ہندوستان میں ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کیا گیا ہے۔
مرکزی حکومت کے ماتحت کام کرنے والے پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے فیکٹ چیک یونٹ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے کہ ہندوستان میں ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ وضاحت اس وقت سامنے آئی جب انسٹاگرام، ایکس اور ٹیلی گرام جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایسی کئی پوسٹس سامنے آئیں، جن میں لوگوں کو پیلے رنگ کے ایک ہزار روپے کے نوٹ جیسی کوئی چیز پکڑے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا کے بعض صارفین اور مواد تخلیق کرنے والوں نے دعویٰ کیا کہ یہ ایک نیا نوٹ ہے یا اسے کسی مخصوص تاریخ کو جاری کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے:’’جیلر ۲‘‘: رجنی کانت نے اپنی ہی فلم کو پیچھے چھوڑدیا
ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے پی آئی بی فیکٹ چیک نے کہا کہ ہندوستانی ریزرو بینک (آر بی آئی) نے ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کرنے کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں سرکاری ادارے نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ معلومات کی تصدیق صرف سرکاری ذرائع سے کریں اور انٹرنیٹ پر موجود غیر مصدقہ مواد کو آگے شیئر کرنے سے گریز کریں۔ ادارے نے کہا، ’’سوشل میڈیا پر کئی پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کیا گیا ہے۔ یہ دعویٰ جعلی ہے۔‘‘ پی آئی بی فیکٹ چیک نے مزید کہا، ’’آر بی آئی نے ایک ہزار روپے کا نیا نوٹ جاری کرنے کے سلسلے میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے۔‘‘
یہ وضاحت مبینہ نئے نوٹ کی وائرل تصاویر سے متعلق پھیلنے والی غلط معلومات کو روکنے کے لیے جاری کی گئی ہے، جن کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کے درمیان قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔ حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اس طرح کے مواد کو دیکھتے یا شیئر کرتے وقت احتیاط برتیں اور کسی بھی مشتبہ دعوے کی اطلاع پی آئی بی فیکٹ چیک کو دیں۔ فی الحال ہندوستان میں آر بی آئی کی ’مہاتما گاندھی نئی سیریز‘ کے تحت۱۰، ۲۰، ۵۰، ۱۰۰،۲۰۰؍ اور ۵۰۰؍ روپے کے کرنسی نوٹ زیرِ گردش ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:تھیری ہنری پر الامین جمال کی بے عزتی کا الزام
۸؍نومبر ۲۰۱۶ء کو ایک ہزار روپے کے پرانے نوٹ کی قانونی حیثیت ختم کر دی گئی تھی۔ اس وقت حکومت نے کالے دھن، جعلی کرنسی اور بدعنوانی پر قابو پانے کی کوششوں کے تحت زیرِ گردش ۵۰۰؍ اور ایک ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے، یعنی نوٹ بندی، کا اعلان کیا تھا۔ بعد میں ۵۰۰؍ روپے کے نئے ڈیزائن والے نوٹ کو جاری کیا گیا، لیکن ایک ہزار روپے کے نوٹ کو دوبارہ چلن میں نہیں لایا گیا۔ اس کے بجائے آر بی آئی نے ۲۰۰۰؍ روپے کا نوٹ جاری کیا تھا، جسے بعد ازاں مئی ۲۰۲۳ء میں چلن سے واپس لینے کا اعلان کیا گیا۔