Inquilab Logo

چاندوڑ: ایس ٹی بس بھیانک حادثہ کاشکار،۴؍مسافر ہلاک

Updated: May 01, 2024, 8:23 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

راہوڈگھاٹ سےاترتے ہوئے بس کا ٹائرپنکچرہوا اور ٹرک سے ٹکراگئی، بائیں جانب کے حصے کے پرخچے اڑگئے۔ ۹؍مسافروں کی حالت انتہائی نازک ہے۔ بقیہ۲۰؍ مسافروں کوعلاج ومعالجے کیلئے چاندوڑ کے سرکاری اسپتال میںرکھاگیا ہے۔

The left side of the bus was severely damaged due to collision with the truck. Photo: INN
ٹرک سے ٹکرانے سے بس کی بائیں جانب کو شدید نقصان پہنچا۔ تصویر : آئی این این

ناسک سے مالیگائوںکی سمت  آرہی مہاراشٹر اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بس کا ٹائر پھٹنے سے پیش آئے حادثے میں۴؍مسافروںکی موت واقع ہوئی۔ مرنے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ خبرلکھے جانے تک ۴؍مسافروںکی موت واقع ہونے کی تصدیق چاندوڑ پولیس اسٹیشن سے بھی کی گئی ہے۔ ۹؍مسافروںکی حالت انتہائی نازک ہے۔بقیہ۲۰؍ مسافروں کوعلاج ومعالجے کیلئے چاندوڑکے سرکاری اسپتال میں رکھاگیا ہے۔ 
 یہ حادثہ ۳۰؍ اپریل کی صبح ۹؍سے ساڑھے ۹؍بجے دوران اُس وقت پیش آیا جب اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بس راہوڈ گھاٹ سے اُتررہی تھی۔شدید گرمی سے کولتار کی سڑک آگ اُگل رہی تھی۔ اس دوران مسافر بس کا پچھلا ٹائر پھٹ گیا۔ڈرائیور کے ہاتھ سے بس کاتوازن کھوگیا اور ڈیوائڈرسے لڑھکنے کے بعدسامنے سے آرہی ٹرک سے ٹکرا گئی۔

یہ بھی پڑھئے: وزیراعظم مودی نے لاتور،ماڈھا اور عثمان آباد میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا

حادثے کی آواز سُن کر قومی شاہراہ سے گزرنے والی نجی سواریوں کے مسافروں نے رُک کر متاثرین کی مدد کی۔ چاندوڑ پولیس اسٹیشن اور نیشنل ہائی وے ٹریفک پولیس اتھاریٹی کواطلاع کرنے کے بعد بذریعہ ایمبولینس زخمیوںکواسپتال لیجایاگیا۔عینی شاہدین نے ویب پورٹلس اور نیوزچینلزکو دئے گئے بیان میں کہا کہ ٹائر پھٹنے کی آواز انہوں نے سُنی اُس کے بعدایس ٹی بس پوری طرح بے قابوہوگئی ۔حتیٰ کہ بس کی چھت اور سائیڈکے پترے پوری طرح ٹوٹ پھوٹ گئے۔کئی مسافرکھڑکیوں سے اچھل کر سڑک پر گرپڑے۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وِکرم دیش مانے اور ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی نے حادثے کی جانچ کے احکامات جاری کئے ہیں۔’نیوز۱۸؍مراٹھی‘ کی رپورٹ میں مہلوکین کی تعداد ۵؍بتائی گئی ہے ۔ جن میں سے۲؍مہلوکین کی شناخت ہوگئی ہے۔ ان کے نام درج ذیل ہیں: سنجے دیورے(۱۴)، بلی رام سونو اہیرے(۶۴،کالج روڈ، ناسک)، سریکھا سالونکھے(۵۸)، سریش ساونت (۲۸، ڈونگرگاؤں)۔
ریاستی  وزیرگریش مہاجن نے زخمیوں کی عیادت کی 
 اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریاستی وزیرگریش مہاجن نے چاندوڑ کے سرکاری اسپتال کا دورہ کیا اور یہاں زیرعلاج مسافروں کی عیادت کی۔انہوں نے اس دوران تیقن دیا کہ اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ کو۱۰؍لاکھ روپے  اور زخمی ہونے والے مسافروں کو۵؍لاکھ روپے کی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔

malegaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK