• Sat, 06 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بڑا قبرستان میں تدفین کے نام پر۹۷۰۰؍ روپے چارج

Updated: June 25, 2021, 8:49 AM IST | saeed ahmed khan | Mumbai

۵؍ہزار روپے ڈونیشن لئے جانے کو عوام نے حیران کن قرار دیا،ٹرسٹ کی جانب سے صفائی دی گئی

Bada Qabrastan.Picture:Inquilab
بڑا قبرستان تصویر انقلاب

شہر اور مضافات کے قبرستانوں میں تدفین کےتعلق سے ٹرسٹیان کی جانب سے مختلف زاویے سے بوجھ ڈالنے اور خاص طور پر تدفین کے نام پر زیادہ چارج وصول کر‌نے کی خبریں عام ہوتی رہی ہیں۔ایک مرتبہ پھر ممبئی جامع مسجد ٹرسٹ کے زیر انتظام مرین لائنس بڑا قبرستان کے حوالے سے ایسی خبریں گشت کررہی ہیں جہاں منگل کی شب میں دفن کی گئی سلمی شیخ نام کی خاتون کے اعزہ سے۹۷۰۰؍ روپے لئے گئے اور ڈونیشن کے نام پر۵؍ہزارروپے وصول کئے گئے جسے رسید میں جنازہ رسانی حلقہ کے کالم میں درج کیا گیا ہے۔
عوام میں برہمی
 متوفیہ کے اعزہ اس سے پریشان ہیں کہ آخر تدفین کے عمل میں ڈونیشن کہاں سے داخل ہوگیا ؟ اور ڈونیشن کا کیا جواز ہے؟اس کے علاوہ  ۴۷۰۰؍  روپے میں ایمبولینس اور میت کے دیگر اخراجات شامل کئے گئے ہیں۔یہ شکایات مسلم کونسل ٹرسٹ کے صدر ابراہیم طائی نے سلمی شیخ نام کی خاتون کی تدفین کے سلسلے میں کیں۔انہوں نے نمائندہ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے اس تعلق سے برہمی کا اظہار کیا اور پیغام لکھ کر بھی اسے عام کیا تاکہ لوگوں کو یہ معلوم ہوجائے کہ کیا ہورہا ہے۔واضح ہوکہ اس مسئلے میں اور خاص طور پر کووڈ باڈی دفنانے کے نام پر بڑا قبرستان کا نام پہلے بھی متعدد مرتبہ نمایاں کیا جاچکا ہے اور ٹرسٹ نے اس پر صفائی دی تھی۔
ڈونیشن پر ٹرسٹ کی صفائی 
 ممبئی جامع مسجد ٹرسٹ کے چیئرمین شعیب خطیب نے نمائندہ انقلاب کےاستفسار کرنے پراس پر صفائی دی اور کہا کہ کووڈ کے علاوہ عام میت کی تدفین کے لئے۳۷۰۰؍روپے لئے جاتے ہیں، اس میں کفن اور غسل میت شامل نہیں ہے۔ اگر اعزہ کو غسل بھی کروانا ہوتا ہے تو مرد کے لئے ۱۵۰۰؍روپے اور عورت کے لئے ۲؍ ہزار روپے مزید ادا کرنے پڑتے ہیں۔ مذکورہ بالا میت کی تدفین میں بھی اعزہ سے یہی طے شدہ چارج لیا گیا ۔جہاں تک۵؍ہزار روپے ڈونیشن لینے کا معاملہ ہے تو یہ صحیح ہے کہ ڈونیشن لیا گیا لیکن اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑا قبرستان میں قبریں ڈھائی سال بعد کھولی جاتی ہیں ۔ ایک قطار سے ترتیب کے ساتھ دفنایا جاتا ہے ۔ قطاروں کے باقاعدہ نام دیئے گئے ہیں جیسے اس وقت جس لائن میں دفن کیا جارہا ہے اسے جدید ہرواڑ کہا جاتا ہے۔یہاں قبر کھودی ہوئی تھی لیکن سلمی شیخ کے اعزہ نے یہ درخواست کی وہ قبرستان کے دوسرے حصہ طبیلہ میں‌ دفنانا‌ چاہتے ہیں جہاں مرحومہ کے اعزہ دفن کئے گئے ہیں،اسی لیےان سے ڈونیشن لیا گیا۔ چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ جو بھی شخص تدفین کے لیے جاری قطار سے ہٹ کر میت کی تدفین کی درخواست کرتا ہے، اسے یہ ڈونیشن دینا پڑتا ہے۔ پہلے ڈونیشن  کم تھا اب کچھ عرصے سے بڑھادیا گیا ہے اور ڈونیشن بڑھانے کا مقصد یہی ہے کہ لوگ اس طرح کا مطالبہ کرنا ترک کردیں اور ترتیب کو اپنائیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK