Inquilab Logo

ربادا کے ’پنچ‘ کے سامنےراہل دیوار بن کر کھڑے رہے

Updated: December 27, 2023, 11:27 AM IST | Abhishek Tripathi | Mumbai

جنوبی افریقہ کے خلاف بارش سے متاثرہ پہلے دن ہندوستان نے ۸؍وکٹوں کے نقصان پر۲۰۸؍رن بنائے،کے ایل راہل کی ہاف سنچری،کگیسو ربادا نے ۵؍وکٹیں حاصل کیں۔

Kl Rahul. Photo: INN
کے ایل راہل۔ تصویر : آئی این این

۱۹۹۲ءسے جو کہانی چلی آ رہی ہے وہ ۲۰۲۳ءکے آخر تک جاری ہے۔ اب تک جنوبی افریقہ میں ایک بھی ٹیسٹ سیریز نہ جیت پانے والی ہندوستانی ٹیم منگل کو باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے پہلے دن۸؍ وکٹوں پر ۲۰۸؍رن ہی بنا سکی ہے۔سنچورین کے بادشاہ کگیسو ربادا کے سامنے ہندوستانی ٹیم کے کے ایل راہل اکیلے ڈٹے ہوئے ہیں ۔ہندوستان اگر اپنا اسکور ۲۰۰؍ رنوں کے پار پہنچانے میں کامیاب ہوا ہے تو وہ راہل کی وجہ سے ہی ہوا ہے۔ تاہم پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف ۵۹؍اوور ہی کھیلے جا سکے۔ واضح رہے کہ کے ایل راہل پہلی بار وکٹ کیپر بلے باز کے طور پر ٹیسٹ میں اترے ہیں ۔ گیلے میدان کی وجہ سے آدھے گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہونے والے اس میچ میں ٹیمبا باوما نے پچ پر گھاس اور بادلوں کو دیکھتے ہوئے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ تاہم ہیمسٹرنگ انجری کے باعث انہیں کچھ دیر بعد میدان چھوڑنا پڑا۔ ایسا لگا تھا کہ وہ صرف ہندوستان کے خلاف ٹاس کیلئے آئے ہیں۔ تاہم ٹاس جیتنے کے بعد بعد ان کے فیصلے نے ہندوستانی بلے بازوں کے ۲۰؍ڈگری سینٹی گریڈ میں بھی پسینہ چھڑا دئیے۔ 
  کپتان روہت شرما (۵)اچھی طرح سے سیٹ دکھائی دے رہے تھے لیکن ربادا نے شارٹ گیند کر کے انہیں ہک کرنے کا لالچ دیا اور روہت انکے جال میں پھنس گئے۔ برجر، پہلے ہی فائن لیگ پر کھڑے تھے جنہوں نے آسانی سے پکڑ لیا۔ ایک خراب شاٹ کا نتیجہ برا ہی ہونا تھا۔ ربادا نے ٹیسٹ میں چھٹی بار روہت کو اپنا شکار بنایا۔ جنوبی افریقہ میں پہلی بار ٹیسٹ میچ کھیلنے والے شبھمن گل(۲) اور یشسوی جیسوال(۱۷) بھی خراب شاٹس کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ جیسے ہی برجر کی گیند آگے گری، یشسوی ڈرائیو کرنے گئے اور گیند ان کے بلے کا کنارہ لے گئی۔ برجر نے اپنے کریئر کی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کی۔ ۱۲؍ویں اوور تک ۳؍بلے باز پویلین پہنچ چکے تھے۔
وراٹ اور ایر نے کچھ مزاحمت کی
اس کے بعد وراٹ کوہلی(۳۸) اور شریاس ایر(۳۱) نے ٹیم کو بحران سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔ تاہم دونوں کی مختصر وقت میں کیچ چھوٹ گئے۔ تاہم اس کے بعد دونوں نے لنچ تک وکٹ نہ گرنے دی۔ شریاس نے ایک شاندار چھکا لگایا۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کیلئے۶۸؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ لنچ کے بعد جیسے ہی وہ آئے، ربادا نے ایر کو بولڈ کردیا۔ ۱۵؍رن کے وقفے کے بعد وراٹ کوہلی بھی ربادا کا شکار بن گئے۔
کے ایل راہل کی شاندار بلے بازی
 ہندوستان نے محض ۱۰۷؍ رنوں پر ۵؍ وکٹیں گنوا دی تھیں اور ایسے میں ان کے ۲۰۰؍تک پہنچنے کا کوئی امکان نہیں تھا۔ کے ایل راہل، جنہوں نے گزشتہ ٹور میں یہاں سنچری بنائی تھی، نے روی چندرن اشون، شاردل ٹھاکر، جسپریت بمراہ اور محمد سراج کے ساتھ چھوٹی چھوٹی شراکتیں کرکے ہندوستان کو باعزت اسکور تک پہنچایا۔ ۲۶؍دسمبر ۲۰۲۱ءکو راہل نے اسی میدان پر ۱۲۲؍ رنوں کی اننگز کھیلی تھی اور ہندوستان نے وہ میچ ۱۱۳؍رنوں سے جیتا تھا۔ اسی اننگز کی یاد تازہ کرتے ہوئے راہل نے یہاں اپنے ۴۸؍ویں ٹیسٹ میچ میں ۱۰؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے اپنی ۱۴؍ویں نصف سنچری مکمل کی۔ وہ اپنی آٹھویں سنچری کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ اگر وہ بدھ کو سنچری بنا لیتے ہیں تو یہ ہندوستانی ٹیم کے لئے بہت اچھا ہوگا۔ شاردول نے بھی ان کا خوب ساتھ دیا۔ انہوں نے کچھ اچھے شاٹس کھیلے، کچھ گیندیں ان کے اسم پر بھی لگیں۔
 سنچورین کے کنگ کاگیسو ربادا 
جوہانسبرگ میں پیدا ہونے والے جنوبی افریقہ کے تیز گیندباز کگیسو ربادا ہندوستان کے خلاف ہمیشہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ اگر ہندوستانی ٹیم سنچورین میں ہوتی ہے تو وہ زیادہ حاوی ہوجاتے ہیں۔ ہندوستان میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ کپ سیمی فائنل میں چوٹ کی وجہ سے صرف ۶؍اوور کرنے والے ربادا اس سیریز کے لئے فٹ ہوگئے اور پہلے ہی دن ۵؍ وکٹیں حاصل کیں۔ وہ سینچورین میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہیں ۔ ڈیل اسٹین نے یہاں ۲۰؍اننگز میں ۵۹؍ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ربادا نے اپنے صرف ۱۵؍ویں میچ میں ۵۵؍ٹیسٹ وکٹیں حاصل کی ہیں ۔ وہ اس سیریز میں ہندوستان کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں ۔ انہوں نے پہلی اننگز میں روہت، وراٹ، ایر، روی چندرن اشون اور شاردول کی وکٹیں لیں۔ زیادہ تر ہندوستانی بلے بازوں کے پاس ان کی اچھال لیتی ہوئی گیندوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔ ہندوستانی ٹیم دوسرے سیشن میں ۴؍ وکٹیں گنوائیں اور چاروں وکٹیں ربادا نے حاصل کیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK