وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے اس کارروائی پر سیکوریٹی فورسیز کی ستائش کی اور کہاکہ ہم نکسل واد کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں
EPAPER
Updated: May 21, 2025, 10:39 PM IST | New Delhi
وزیراعظم مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ نے اس کارروائی پر سیکوریٹی فورسیز کی ستائش کی اور کہاکہ ہم نکسل واد کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں
چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ نارائن پور- بیجاپور ضلع کے سرحدی علاقے میں سیکوریٹی فورسیز اور نکسلیوں کے درمیان تصادم میں ۲۷؍نکسلی ہلاک کئے گئے ہیں۔ ان میں بسوراج نامی۷۰؍سالہ انعامی نکسلی بھی شامل ہے، جو نکسل تنظیم کے پولٹ بیورو کا رکن اور جنرل سیکریٹری تھا۔پولیس بسوراج کو برسوں سے پکڑنے کی کوشش کررہی تھی، اسی لئے اس کی موجودگی کی اطلاع دینے والے کو پولیس نے ڈیڑھ کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔ حالانکہ پولیس نے ابھی بسوراج کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے ، لیکن کہا ہے کہ ۲۷؍ نکسلیوں کو مڈبھیڑ میں مارگرایا ہے۔
معلوم ہوکہ چھتیس گڑھ کے چار مختلف اضلاع کے سیکورٹی فورسز نے بدھ کو ایک تصادم میں ایک بڑی کامیابی حاصل کی، جس میں۲۷؍ نکسلیوں کو ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔ مقابلے کے دوران ایک فوجی بھی شہید اور دوسرا زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق نکسلیوں کی سینٹرل کمیٹی اور پولٹ بیورو کے اراکین ماڑ ڈویژن کے بڑے کیڈر کے ہونے کی خفیہ اطلاع پر ڈی آر جی نارائن پور، دنتے واڑہ، بیجاپور اور کونڈا گاؤں کی ڈی آر جی ٹیمیں ابجھماڑ میں آپریشن کے لئے روانہ ہوئی ۔ سیکوریٹی فورسیز سے تصادم میں جہاں ۲۷؍ نکسلی مارے گئے ہیں وہیں متعدد زخمی ہیں۔
حکومت نکسل ازم کے خاتمے کے لئے پرعزم: وزیراعظم مودی
نکسل واد اور ماؤ نوازکی لعنت کو ختم کرنے اور لوگوں کے لئے امن اور ترقی کی زندگی کو یقینی بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے چھتیس گڑھ میں ایک انکاؤنٹر میں۲۷؍ نکسلیوں کو مارنے کے لئے سیکوریٹی فورسیز کی تعریف کی ہے۔ مودی نے بدھ کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی ایکس پوسٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس اہم کامیابی کے لیے ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے۔ ہماری حکومت ماؤ ازم کی لعنت کو ختم کرنے اور لوگوں کے لیے امن اور ترقی کی زندگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ نرائن پور، چھتیس گڑھ میں۲۷؍ دہشت گردوں کی ہلاکت کو نکسل ازم کے خاتمے کی لڑائی میں ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے شاہ نے کہا تھا کہ حکومت اگلے سال۳۱؍ مارچ سے پہلے نکسل ازم کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
نکسل ازم کے خلاف لڑائی میں یہ ایک تاریخی کامیابی: وزیرداخلہ
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں۲۷؍ خوفناک دہشت گردوں کی ہلاکت کو نکسل ازم کو ختم کرنے کی لڑائی میں ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اگلے سال۳۱؍ مارچ سے پہلے نکسل ازم کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک پوسٹ میں امیت شاہ نے کہاکہ ’’نکسل ازم کو ختم کرنے کی لڑائی میں ایک تاریخی کامیابی۔ آج، چھتیس گڑھ کے نارائن پور میں ایک آپریشن میں ہماری سیکورٹی فورسز نے۲۷؍ خوفناک ماؤنوازوں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے، جن میں سی پی آئی-ماؤسٹ جنرل سکریٹری، سرکردہ لیڈر اور نکسل تحریک کے ریڑھ کی ہڈی نمبالا کیشاوا راؤ عرف کیشاوا راؤ کا نام بھی شامل ہے۔ نکسل ازم کے خلاف ہندوستان کی لڑائی جس میں ایک جنرل سکریٹری سطح کے لیڈر کو ہماری افواج نے گولی مار دی ہے، میں اس بڑی کامیابی کے لئے ہماری بہادر سیکوریٹی فورسز اور ایجنسیوں کی تعریف کرتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ بتاتے ہوئے بھی خوشی ہو رہی ہے کہ آپریشن بلیک فاریسٹ کی تکمیل کے بعد چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور مہاراشٹر میں۵۴؍ نکسلیوں کو گرفتار کیا گیا ہے اور ۸۴؍ نکسلیوں نے ہتھیار ڈال دیے ہیں۔ مودی حکومت۳۱؍ مارچ۲۰۲۶ء سے پہلے نکسل ازم کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔‘‘ چھتیس گڑھ کے نائب وزیراعلیٰ وجئے شرما نے بھی سیکوریٹی فورسیز کے اس آپریشن کی پزیرائی کی ہے۔