Inquilab Logo

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نےممبئی ناگپور سمردھی ہائی وےکا معائنہ کیا

Updated: December 05, 2022, 9:04 AM IST | nagpure

ناگپور، وردھا، امراوتی، واشم، بلڈانہ اضلاع میں اس معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ  اور نائب وزیر ا علیٰ کا استقبال کیاگیا،آئندہ اتوار کو وزیر اعظم مودی افتتاح کرینگے

Chief Minister Eknath Shinde and Deputy Chief Minister Devendra Fadnavis during a trip to Samrudhi Highway.(PTI)
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس سمردھی ہائی وے پرسفر کے دوران ۔(پی ٹی آئی)

وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس ممبئی ناگپور سمردھی ہائی وے کا معائنہ کرنے اتوار کو ناگپور پہنچے ۔دونوں لیڈروں نے۱۲؍ بجکر ۴۵؍ منٹ پر ناگپور سے شرڈی کا سفر شروع کیا۔ ودربھ کے ناگپور، وردھا، امراوتی، واشم، بلڈانہ اضلاع میں اس معائنہ کے دوران وزیر اعلیٰ  اور نائب وزیر ا علیٰ کا استقبال کیاگیا ۔ واضح رہےکہ ۱۱؍ دسمبر یعنی آئندہ اتوار کواس  شاہراہ پرناگپور سے شرڈی تک پہلے مرحلے کے راستےکا افتتاح وز یر اعظم کے ہاتھوں ہونے وا لا ہے۔پہلے مرحلے کا یہ روٹ تقریباً۵۳۰؍ کلومیٹر طویل ہے۔ اس ہائی وے کو آنجہانی بال ٹھاکرے سے منسوب کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے صبح تقریباً ساڑھے۱۱؍ بجے ناگپور پہنچے۔ اس کے بعد وہ رام ٹیک کے ایم پی کرپال تومانے  سےملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ پر گئے ۔ پھر ٹھیک پونے ایک بجے انہوں نے سمردھی ہائی وے پر زیرو پوائنٹ سے اپنا سفر شروع کیا اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس  نےخود گاڑی چلا ئی۔ ان کے ساتھ مہاراشٹر روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر رادھے شیام موپلوار اور دیگر افسران بھی تھے۔بتا دیں کہ سمردھی ہائی وے کی کل  طوالت۷۰۱؍ کلومیٹر ہے۔ یہ شاہراہ مہاراشٹر کے۱۰؍ اضلاع کے۲۶؍ تعلقوں کے۳۹۲؍ گاؤں سے گزر رہی ہے۔ اس لیے دونوں   وزراء  ناگپور کے زیرو پوائنٹ سے سفر شروع کرنے کے بعد ہر ضلع کے مقام پر کچھ وقت ٹھہرے جہاں  ان کا استقبال کیا گیا۔ 
شاہراہ پر ۱۰؍ سے ۱۲؍ کلومیٹر کا کام نامکمل 
 ممبئی تا ناگپور سمردھی ہائی وے کا۵۲۰؍ کلومیٹر ناگپور تا شرڈی سیکشن۱۱؍ دسمبر سے ٹریفک سروس میں داخل ہو جائے گا۔ تاہم اس راستے کے پیکیج۵؍ میں ناگپور سے ممبئی تک ۱۰؍ سے۱۲؍کلومیٹر سڑک کا کام نامکمل ہے اور اسے مکمل ہونے میں۱۵؍ دن لگیں گے۔ ایسے میں مسافر براہ راست سفر طے نہیں کرسکیں گے بلکہ انہیں کہیں کہیں راستہ عبور کرنے کے لئے لمبا چکر لگانا پڑے گا۔ سمردھی روڈ پر ناگپور سے ممبئی جانے والی ایک سائیڈ تیار ہے جبکہ یہ روڈ دو طرفہ ٹریفک کے لئے بننا باقی ہے۔ جس سے سفر کے دوران حادثے کے اندیشوں کو خارک نہیں کیاجارہا ہے۔ ممبئی تا ناگپور سمردھی ہائی وے۷۰۱؍کلومیٹر طویل ہے اور۵۲۰؍ کلومیٹر ناگپور تا شرڈی ہائی وے کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی۱۱؍ دسمبر کو کریں گے۔ اس افتتاحی تقریب کی تیاریاں زوروں پر جاری ہیں۔ افتتاح کے بعد ناگپور تا شرڈی ٹریفک شروع کیا جائے گا۔ تاہم اس مرحلے میں ناگپور سے ممبئی کی سمت میں واشم میں۱۲؍کلومیٹر سڑک کا کام نامکمل ہے۔ اس نامکمل حصہ پردو پلوں کا کام افتتاح تک مکمل کرنا ممکن نہیں۔ لہٰذا مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن(ایم ایس آر ڈی سی)نے اس دوران تیار شدہ راستےکی دونوں سمتوں میں ٹریفک کو جاری کا فیصلہ کیا ہے۔ 
 سمردھی ہائی وے کی افتتاحی تقریب کہاں ہوگی؟
 وزیر اعظم نریندر مودی۱۱؍ دسمبر کو سمردھی ہائی وے کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ ریاستی روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی کوشش ہے کہ افتتاحی تقریب کو وزیر اعظم کے لئے شاندار بنایا جائے۔ اس کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔سمردھی ہائی وے کا نقطہ آغاز شہر سے باہر شیومڈکا میں ہے۔ یہ علاقہ ہنگنا تعلقہ میں آتا ہے۔ افتتاحی تقریب ہائی وے پر وائفل  نامی گاؤں کے قریب منعقد کی جائے گی۔ نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے سنیچر کو ہنگنا تعلقہ کے وائفل گاؤں کے قریب واقع افتتاحی مقام کا دورہ کیا۔ اس موقع پر کلکٹر ڈاکٹر ویپن ایٹنکر اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس جگہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد انہوں نے کچھ تجاویز پیش کی تھیں۔ سمردھی ہائی وے ناگپور ضلع کے شیومڈکا گاؤں کو تھانے ضلع کے آمنے گاؤں سے جوڑنے والی ایک شاہراہ ہے۔ یہ ۶؍ لین والی شاہراہ ہوگی جس کی کل چوڑائی۱۲۰؍ میٹر  ہے۔
ناگپور ممبئی شاہراہ کا خیال فرنویس نے پیش کیاتھا: شندے
 معائنہ کے دورہ سےقبل ناگپور ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعلیٰ  ایکناتھ شندے نے شیوسینا سربراہ  آنجہانی بال ٹھاکرے کو یاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس شاہراہ کا نام ہندو ہردئے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے کے نام پر رکھا گیا ہے۔ شندے نے کہا کہ میں اپنی خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ مجھے اس کے افتتاح میں شرکت کا موقع مل رہا ہے۔ ممبئی پونے ایکسپریس وے شیو سینا کے سربراہ بالا صاحب ٹھاکرے کا خواب تھا جسے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے حقیقت بنا دیا۔ ناگپور ممبئی ایکسپریس وے کا تصور اس وقت کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے دیا تھا۔ میں تب شہری ترقیات کا وزیر تھا۔ شندے نے کہا کہ وہ وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اس افتتاح میں شرکت کریں گے۔ شیواجی مہاراج کے موضوع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج پورے مہاراشٹر کے دیوتا ہیں۔ ان کا کسی سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ پرساد لاڈ کے حالیہ بیان پرشندے نے کہا کہ شیواجی مہاراج کی پیدائش پونے کے شیو نیری  میں ہی ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK